’’جوان‘‘ کے ہدایتکار ایٹلی کمار، سلمان خان کے ساتھ فلم بنانے کی تیاری کررہے ہیں جس میں ان کے متوازی کمل ہاسن یا رجنی کانت ہوں گے۔
EPAPER
Updated: November 23, 2024, 9:23 PM IST | Mumbai
’’جوان‘‘ کے ہدایتکار ایٹلی کمار، سلمان خان کے ساتھ فلم بنانے کی تیاری کررہے ہیں جس میں ان کے متوازی کمل ہاسن یا رجنی کانت ہوں گے۔
۱۹۹۵ء میں سلمان خان نے راکیش روشن کے دوبارہ جنم لینے والے ایکشن ڈرامہ ’’کرن ارجن‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کی تھی جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثاب ہوئی تھی۔ ۳۰؍ سال بعد یہ فلم ری ریلیز ہوئی ہے اور اب بھی سنیما گھروں میں ہے۔ اس دوران ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان ایک پیریڈ ایکشن ڈراما کے ساتھ ’’دوبارہ جنم‘‘ لینے کیلئے تیار ہیں جس کی ہدایتکاری کے فرائض ’’جوان‘‘ کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار انجام دیں گے۔ اس فلم میں دو ہیرو ہوں گے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ تمل فلم ساز دو تمل سپر اسٹارز؛ رجنی کانت یا کمل ہاسن میں سے کسی ایک کو سلمان کے مقابل متوازی لیڈ کے طور پر کاسٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’کرن ارجن‘‘ کی ری ریلیز، پہلے دن ۲۵؍ لاکھ روپے کا کاروبار
اس درمیان ذرائع نے پنک ولا کو بتایا کہ ’’ایٹلی پچھلے ایک سال سے ایک میگابجٹ ڈرامہ پر کام کر رہے ہیں، جو دو الگ الگ دور، ماضی اور حال میں سیٹ کیا گیا ہے۔ فلمساز ایک مضبوط، پہلے کبھی نہ دیکھے جانے والے دور کو افسانوی دنیا کے ساتھ ترتیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سلمان خان اس میں جنگجو کے اوتار میں ہوں گے۔ ‘‘
توقع کی جارہی ہے اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز ۲۰۲۵ء کے موسم گرما میں ہوگا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ’’یہ ایک پرجوش فلم ہے جس میں ایٹلی سینما ناظرین کیلئے ایک نئی دنیا تخلیق کرنا چاہتے ہیں، جس میں ایکشن، ڈرامہ، اور جذبات شامل ہیں۔ وہ اس سال کے آخر تک فلم کی پوری کاسٹ مکمل کرلیں گے اور فلمساز کو یقین ہے کہ وہ دو لیجنڈز؛ کمل ہاسن یا رجنی کانت میں سے ایک کو متوازی مرکزی کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرلیں گے۔ ‘‘ یہ فلم ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہوگی مگر فلم کے تعلق سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔