• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شاہ رخ ’پٹھان‘ ہیں، انہوں نے زبان دی اور اس پر قائم رہے: مدثر عزیز

Updated: August 18, 2024, 6:22 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

فلمساز مدثر عزیز کی ’’کھیل کھیل میں‘‘ سنیما گھروں میں ہے۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران مدثر عزیز نے اپنی پہلی فلم ’’دلہا مل گیا‘‘ کے فلاپ ہونے پر روشنی ڈالی اور شاہ رخ خان کے محدود اسکرین ٹائم کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’شاہ رخ خان پٹھان ہیں، اور وہ جانتے ہیں کہ ایک پٹھان کی زبان کی کیا قیمت ہوتی ہے۔ انہیں معلوم تھا فلم فلاپ ہوگی، اس کے باوجود وہ مہمان اداکار کے طور پر اس میں شامل ہوئے۔‘‘

Mudassar Aziz. Photo: INN
مدثر عزیز۔ تصویر: آئی این این

فلمساز مدثر عزیز جن کی ہدایتکاری میں بنی فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘ اس وقت سنیما گھروں میں ہے اور خوب پسند کی جارہی ہے، نے اپنی پہلی فلم ’’دُلہا مل گیا‘‘ کے فلاپ ہونے کے متعلق بات چیت کی۔ اس فلم میں فردین خان مرکزی کردار میں تھے۔ مگر فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی تھی۔ اسے بنانے کے دوران ہونے والے بہت سے واقعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے شاہ رخ خان کی شخصیت پر روشنی ڈالی کہ وہ آخر تک اپنی بات پر قائم رہے تھے۔ مدثر نے شاہ رخ خان کی اس خوبی کو خوب سراہا۔ 
سدھارتھ کنن کے ساتھ ایک انٹرویو میں مدثر نے کہا کہ ’’دلہا مل گیا میں جو خامیاں تھیں، ان سے انکار نہیں۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران کئی حادثات پیش آئے تھے۔ ہمارا بجٹ تنگ تھا۔ ایک سیٹ گر گیا، وقت کے ساتھ ساتھ اس فلم سے جڑے افراد کے ساتھ مشکلات پیش آتی رہیں۔ میرے، فردین خان اور پروڈیوسر وویک واسوانی کے والد کا انتقال ہوگیا۔ لیکن یہ شاہ رخ کے ساتھ وویک کی قریبی دوستی تھی جس نے بالآخر توسیع شدہ کیمیو کو سہولت فراہم کی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:’’پاکستانی وزیر اعظم کا کردار نبھانا میرے لئے بہت بڑا چیلنج تھا ‘‘

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا شاہ رخ نے کام نہ کرنے سے انکار کیا؟ مدثر نے کہا کہ انہوں نے ایسا نہیں کیا، کیوں کہ اسپیشل اپیئرنس ہمیشہ منصوبہ بندی کے بعد ہی نافذ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ فلم میں مہمان اداکار کے طور پر نظر آئیں گے اور پھر وہ آخر تک اپنی بات پر قائم رہے۔ وہ پٹھان ہے، میں پٹھان ہوں، اور میں جانتا ہوں کہ ہماری زبان اور الفاظ کی قیمت ہے۔‘‘
مدثر نے آگے کہا کہ ’’لیکن فلم کے ساتھ بہت کچھ غلط ہوا، کوئی بھی اسے بچا نہیں سکتا تھا۔ بطور ڈائریکٹر یا پروڈیوسر، آپ سیٹ بنا سکتے ہیں۔ لیکن اگر سیٹ گر جائے تو آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ اگر سیٹ کے گرنے سے آپ کی اسٹار کاسٹ کی تاریخوں پر اثر پڑتا ہے تو آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ ان سانحات کا الزام آپ کسی پر نہیں لگا سکتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اتنا سب کچھ ہونے کے بعد بھی شاہ رخ خان نے ہمیں نہ نہیں کہا۔ سبھی جانتے ہیں کہ وہ ایک اچھے دوست ہیں، ہمیشہ ساتھ کھڑے رہنے والا، بڑے دل والا۔‘‘
مدثر نے کہا کہ ۲۰۱۰ء میں فلم کی ریلیز کے بعد وہ مالی طور پر کمزور ہوگئے تھے۔ انہوں نے اگلے ۵؍ سال تک کوئی کام نہیں کیا۔ خیال رہے کہ وویک واسوانی نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ’’دلہا مل گیا‘‘ کیلئے شاہ رخ نے ایک روپیہ بھی نہیں لیا تھا۔ انہوں نے نہ اسکرپٹ سنی اور نہ اپنے کردار کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ انہوں نے دوستی اور زبان کی خاطر بلامعاوضہ فلم میں کام کیا۔ فلم میں ان کا کردار ۴۲؍ منٹ تھا۔ انہوں نے ہمیں ۵؍ دن دیئے، اور ۵؍ دن میں اپنے حصے کی شوٹنگ مکمل کرلی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK