Updated: August 06, 2024, 6:17 PM IST
| Mumbai
ڈبلیو ڈبلیو ای سپر اسٹار اور ہالی ووڈ اداکار جان سینا نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی پر بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان سے ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کے ٹیڈ ٹاک نے میری زندگی تبدیل کردی۔ واضح رہے کہ جان سینا اپنی فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں۔
اننت امبانی کی شادی کی ایک تقریب میں جان سینا اور شاہ رخ خان ۔ تصویر: ایکس
گزشہ ماہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر اور ہالی ووڈ کے معروف اداکار جان سینا، اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کیلئے ممبئی، ہندوستان میں تھے۔ شادی کی ایک تقریب سے جان سینا نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی زندگی پر پڑنے والے مثبت اثرات کا ذکر کیا تھا۔ جان نے لکھا تھا کہ ’’ایک غیر حقیقی ۲۴؍ گھنٹے۔ بے مثال گرمجوشی اور مہمان نوازی کیلئے امبانی خاندان کا مشکور ہوں۔ میرا دن ناقابل فراموش لمحات سے بھرا ہوا تھا جن میں مَیں نے لاتعداد نئے دوستوں سے رابطہ قائم کیا۔ ان میں شاہ رخ خان سے ملاقات اہم ہے جس میں مَیں نے انہیں بتایا کہ انہوں نے میری زندگی پر مثبت اثر کیسے ڈالا ہے۔‘‘
اب، تقریباً ایک ماہ بعد، جان سینا اپنی آنے والی فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ ایک انٹرویو میں ان سے شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا اور انہوں نے انکشاف کیا کہ ’’شاہ رخ خان کا ایک ٹیڈ ٹاک مَیں نے اس وقت دیکھا جب مجھے ایک ترغیبی تقریر کی ضرورت تھے۔ ان کے الفاظ میرے لئے تیر بہ ہدف ثابت ہوئے۔ ان کے سبب میری زندگی میں تبدیلی آئی۔ اس تبدیلی کے بعد سے میں ان تمام ’’جیک پاٹس‘‘ کو پہچاننے میں کامیاب رہا ہوں جو مجھے دیئے گئے ہیں اور میں شکر گزار ہوں اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں کہ میں انہیں ضائع نہ کروں۔ شاہ رخ خان سے ملنا ایک ایسا جذباتی لمحہ تھا جسے میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ سب سے اہم یہ کہ اس شخص سے ملنا ناقابل یقین لمحہ تھا جن کے الفاظ نے بذریعہ ویڈیو میری زندگی تبدیل کردی۔ مَیں بس ان سے مصافحہ کا خواہشمند تھا۔ وہ ایک غیر معمولی شخصیت کے حامل ہیں۔ ایسا مہربان اور ہمدرد شخص مَیں نے آج تک نہیں دیکھا۔ ان سے مل کر مَیں حیران رہ گیا تھا۔‘‘
اسی انٹرویو کے دوران جان سے ان کے ہندوستان آنے اور اننت امبانی کی شادی میں شرکت کے تجربے کے بارے میں بھی پوچھا گیا، جس پر انہوں نے کہا کہ ’’امبانی شادی کا تجربہ شاندار رہا۔ مجھے ہندوستانی پکوان پسند آئے۔ مَیں ہندوستان دوبارہ جانا چاہوں گا تاکہ مزید کچھ پکوان کھا سکوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کیا ایلناز نوروزی ریحانہ کے میوزک پروڈیوسر کے ساتھ اشتراک کررہی ہیں؟
خیال رہے کہ جان سینا اپنی آنے والی ایکشن کامیڈی فلم ’’جیک پاٹ‘‘ کا پروموشن کررہے ہیں جس میں شریک اداکار اوکوافینا ہیں۔ پال فیگ کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم ۱۵؍ گست ۲۰۲۴ء کو پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوگی۔