شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند نے ’’کنگ‘‘ میں دپیکا پڈوکون کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ’’کنگ‘‘ کی موسیقی سچن جگر ترتیب دیں گے۔ یاد رہے کہ ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ ۱۸؍ مئی ۲۰۲۵ء کو شروع ہوگی۔
EPAPER
Updated: April 29, 2025, 9:11 PM IST | Mumbai
شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند نے ’’کنگ‘‘ میں دپیکا پڈوکون کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ’’کنگ‘‘ کی موسیقی سچن جگر ترتیب دیں گے۔ یاد رہے کہ ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ ۱۸؍ مئی ۲۰۲۵ء کو شروع ہوگی۔
۲۰۲۳ءمیں’’پٹھان‘‘، ’’جوان‘‘ اور ’’ڈنکی‘‘ کی تاریخی کامیابی کے بعد شاہ رخ خان سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’کنگ‘‘ کیلئے تیار ہیں۔ فلم پری پروڈکشن کے مرحلے میں ہے۔ یاد رہے کہ اس فلم میں ایس آر کے کے ساتھ سہانا خان، ابھیشیک بچن، ابھے ورما، جے دیپ اہلوات اور ارشد وارثی بھی نظر آئیں گے۔ ’’کنگ‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز ۱۸؍مئی سے ممبئی میں ہوگا۔ تاہم، پنک ویلا کے ذرائع کے مطابق ’’شاہ رخ خان اورسدھارتھ آنند نے ’’کنگ‘‘ کیلئے دپیکا پڈوکون کا انتخاب کرلیا ہے جو فلم میں اہم کردار نبھائیں گی۔
ایک ذرائع کے مطابق ’’شاہ رخ خان ہمیشہ اس معاملے میں واضح تھے کہ ’’کنگ‘‘ میں دپیکا پڈوکون کو کاسٹ کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر دپیکا پڈوکون مصروف تھیں کیونکہ وہ اپنی نوزائیدہ بچی کی وجہ سے وقت نہیں نکال پارہی تھیں۔ شیڈول میں تاخیر ہوئی اور بالآخر دپیکا پڈوکون کو فلم میں شامل کر لیا گیا ہے۔‘‘ ذرائع کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’شیڈول میںخرابی ہونے کے سبب ایس آر کے نے دو مختلف ناموں کرینہ کپور خان اور کترینہ کیف کا انتخاب کیا تھا جو فلم میں مختلف کردار نبھانے والی تھیں۔ تاہم، بات چیت اور شوٹنگ کی ٹائم لائن کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ فلم میں دپیکا پڈوکون کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔ یہ ایک طویل فلم ہوگی اور اس میں دپیکا کا کام مہمان اداکار سے زیادہ کا ہوگا۔ سدھارتھ آنند اور اسکرین رائٹرز کی ان کی ٹیم نے دپیکا پڈوکون کیلئے ایک پرفیکٹ کردار تعمیر کیا ہے۔‘‘
’’کنگ‘‘ کب ریلیزہوگی؟
شاہ رخ خان کے مطابق ’’کنگ‘‘ ۲۰۲۶ء کے اواخر میں ریلیز ہوگی۔ یہ فلم یکم اکتوبر تا ۳۱؍ دسمبر کے درمیان ریلیز کی جاسکتی ہے۔ شوٹنگ کا آغا ز ہونے کے بعد فلمساز فلم کی ریلیز کیلئے حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ’’کنگ‘‘ کی موسیقی سچن جگر ترتیب دیں گے اور انیرودھ بیگ گراؤنڈ موسیقی دیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ’’فلمسازوں نے عالمی شہرت یافتہ ایکشن ڈائریکٹرز کو بھی بلایا ہے اور فلم کی شوٹنگ ہندوستان اور یورپ دونوں مقامات پر ہوگی۔
شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون نے ساتھ میں کئی فلموں میں کام کیا ہے جن میں ’’اوم شانتی اوم‘‘، ’’ہیپی نیو ایئر‘‘ ، ’’ پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ سدھارتھ آنند اور دپیکا پڈوکون نے بھی کئی فلموں میں مشترکہ طور پر کام کیا ہے جن میں ’’بچنا اے حسینوں!‘‘، ’’پٹھان‘‘ اور ’’فائٹر‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔