• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جب یش چوپڑا نے کہا کہ ’’اب بہت ہوگیا‘‘ اور پھر چند ہفتوں بعد چل بسے

Updated: September 27, 2024, 9:09 PM IST | Mumbai

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ۲۰۱۲ء کے ایک انٹرویو میں یش چوپڑا، شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔اسی دوران انہوں نے کہا کہ ’’اب بہت ہوگیا۔ مَیں فلموں سے دُور ہونا چاہتا ہوں۔‘‘ پھر چند ہفتوں بعد ان کا انتقال ہوگیا۔

Yash Chopra and Shah Rukh Khan. Photo: INN
یش چوپڑا اور شاہ رخ خان۔ تصویر: آئی این این

یش چوپڑا کا شمار ہندوستان کے عظیم فلمسازوں میں ہوتا ہے۔ ’’چاندنی‘‘، ’’سلسلہ‘‘ اور ’’ویر زارا‘‘ جیسی مشہور فلموں کے ساتھ ہندوستانی سنیما کو نئی شکل دینے والے یش چوپڑہ کئی دہائیوں تک انڈسٹری پر حاوی رہے تھے مگر پھر ایک ایسا لمحہ بھی آیا جب انہوں نے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ ۲۰۱۲ء میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک انٹرویو میں، لیجنڈ ڈائریکٹر نے انکشاف کیا کہ ’’جب تک ہے جان‘‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد، ان کے دل نے انہیں کہا کہ ’’بہت ہو گیا۔‘‘

ان کی سالگرہ پر بات چیت کے دوران جب شاہ رخ خان نے یش چوپڑا سے پوچھا کہ ’’جب تک ہے جان‘‘ کے بعد ان کی کون سی فلمیں آئیں گی تو انہوں نے کہا کہ ’’مَیں نے اپنی زندگی کبھی بھی منصوبہ بندی کے ساتھ نہیں گزاری۔ مَیں اپنے دل کی سنتا ہوں۔ اب دل نے محسوس کیا ہے کہ اب فلموں سے دُور ہونے کا وقت آگیا ہے، یہ ایک شاندار کریئر کے خاتمے کا اشارہ ہے۔ جب میرا دل کچھ کہتا ہے تو پھر میں لوگوں کی پروا نہیں کرتا۔ اور اب میرا دل کہتا ہے کہ بہت ہوگیا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ہیری پورٹر کی اداکارہ ڈیم میگی اسمتھ کا ۸۹؍ سال کی عمر میں انتقال

انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے ان برسوں میں بہت پیار ملا ہے۔ مَیں اب اُن ہدایتکاروں، اداکاروں اور تکنیکی ماہرین کی مدد کرنا چاہتا ہوں جن کی میں ان تمام برسوں میں مدد نہیں کر سکا۔ ‘‘ خیال رہے کہ فلم انڈسٹری میں یش چوپڑا نے کافی جدوجہد کی۔ وہ فلمساز بننے کا خواب لے کر صرف ۲۰۰؍ روپے کے ساتھ ممبئی آئے تھے۔ یش چوپڑا ۲۱؍ اکتوبر ۲۰۱۲ء کو ڈینگی کی وجہ سے ممبئی میں ۸۰؍ سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK