Updated: January 03, 2025, 1:16 PM IST
| Mumbai
ایس ایس راجامولی کی اگلی فلم کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔حالیہ رپورٹس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کی اگلی فلم کا بجٹ ایک ہزار کروڑ روپے ہوگا۔ یاد رہے کہ یہ نتیش تیواری اور رنبیر کپور کی فلم ’’رامائن‘‘ کے بعد سب سے زیادہ بجٹ والی بالی ووڈفلم ہوگی۔
مہیش بابو اورایس ایس راجا مولی۔ تصویر:آئی این این
فلم ’’آر آر آر‘‘ کی کامیابی کے بعد ایس ایس راجا مولی عالمی سطح پر مشہور ہوئے ہیں اور مداح ان کی اگلی فلم کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ ایس ایس راجا مولی کی اگلی فلم جنگل ایڈوینچر فلم ہوگی لیکن حال ہی میں یہ رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں کہ یہ فلم دو حصوں میں ریلیز ہوگی جبکہ اسے ایک ہزارکروڑ روپے کے بجٹ سے بنایا جارہا ہے۔ نتیش تیواری اور رنبیر کپور کی فلم ’’رامائن‘‘ کے بعد یہ بالی ووڈ کی مہنگی فلم ہوگی۔ نتیش تیواری نے بھی اپنی فلم کیلئے ایک ہزار کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔
حالیہ رپورٹ میں انکشاف
حالیہ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’راجا مولی کی فلم میں پرینکا چوپڑہ کلیدی ہیروئن جبکہ پرتھوی راج سوکمارن کلیدی ویلن کا کردار ادا کریں گے۔‘‘پنک ویلا کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ’’ایس ایس راجا مولی اس فلم میں جنگل ایڈوینچر کے ساتھ تھریلر اور جاسوسی بھی شامل کریں گے۔ فلم کی اسکرپٹ تقریباً مکمل ہوچکی ہے جبکہ فلم کی شوٹنگ اپریل ۲۰۲۵ء میں شروع ہوگی۔ فلم ساز اس فلم کو دو حصوں میں بنائیں گے اور اسے ۲۰۲۷ء یا ۲۰۲۹ء میں ریلیز کیا جاسکتا ہے۔‘‘ ذرائع میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’’ایس ایس راجا مولی کو اپنی فلمسازی پر بھروسہ ہے اور مہیش بابوکو ان کی شہرت پر یقین ہے۔ ان دونوں نے یہ طے کیا ہے کہ فلم کے پروجیکٹ پر فیس کا بوجھ نہیں بڑھایا جائے گا۔ان فلم کے ذریعے فلم ساز اور اداکار ایک ایسے سنیما کی تخلیق کا ارادہ رکھتے ہیں جو لیگسی قائم کرے۔ مہیش بابو اور ایس ایس راجا مولی نے فلم کے پروڈیوسرز کے ساتھ ۴۰؍ فیصد کا منافع شیئر کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: راجا مولی، پرینکا چوپڑہ اور مہیش بابو کی فلم کا اعلان ۲؍ جنوری کو متوقع
ذرائع میں کہا گیا ہے کہ ’’ایس ایس راجا مولی نے پروڈیوسر ڈی وی دنیا اور نارائن کے ایل کیلئے فلمیں بناتے وقت اپنے وعدے پر قائم رہےتھے جو انہوں نے باہوبلی کی ریلیز سے پہلے فلم سائن کرتے ہوئے کیا تھا۔ وہ اپنے وعدے پر قائم رہے تھے اور پیسے واپس نہیں کئے تھے جو ان کیلئے آسان راستہ تھا۔ ایس ایس ایم بی ۲۹؍ کے بعد وہ اپنی تمام فلموں کیلئے واحد پروڈیوسر رہ جائیں گے اور براہ راست ’’اسٹوڈیوز‘‘ کے ساتھ شراکت داری کر لیں گے۔‘‘