• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وہ فلاپ فلم جو شاہ رخ خان کیلئے ممبئی میں پہلا مکان خریدنے میں مددگار ثابت ہوئی

Updated: August 29, 2024, 10:20 PM IST | Mumbai

شاہ رخ خان کی فلم ’’گڈو‘‘ باکس آفس پر بھلے ہی فلاپ ہوگئی تھی لیکن اسی فلم کی فیس کی بدولت وہ ممبئی میں اپنا پہلا مکان خریدنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

A scene from the movie Guddu. Image: X
’’گڈو‘‘ فلم کا ایک منظر۔ تصویر: ایکس

کنگ خان شاہ رخ خان نے بالی ووڈ کو کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔ لیکن ان کی کچھ فلمیں فلاپ بھی ہوئی ہیں جن کے بارے زیادہ باتیں نہیں کی جاتیں۔ ۱۹۹۵ء میں ریلیز ہوئی ’’گڈو‘‘ شاہ رخ خان کی ایک ایسی ہی غیر معروف فلم ہے جس کے بارے میں زیادہ لوگوں کو علم نہیں ہے۔ یہ فلم پریم لالوانی کی ہدایتکاری میں بنی تھی۔ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ مکیش کھنہ، دپتی نول اور منیشا کوئرالا بھی اسٹار کاسٹ میں شامل تھے۔ ’’گڈو‘‘ باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی تھی جس نے ہندوستان میں ۵۴ء۲؍ کروڑ روپے جبکہ عالمی سطح پر ۴۸ء۴؍ کروڑ روپے کمائے تھے۔ اس فلم کا بجٹ ۲؍ کروڑ تھا۔ 

شاہ رخ خان کا پہلا مکان۔ خبروں کے مطابق اس میں رہنے والا خاندان، شاہ رخ خان کو ماہانہ ۳؍ لاکھ روپے کرایہ ادا کرتا ہے۔ تصویر: سیمی گریوال یوٹیوب

۲۹؍ سال بعد مکیش کھنہ نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم شوٹنگ کے لمحات کو یاد کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کس طرح ’’گڈو‘‘ کی وجہ سے شاہ رخ خان نے ممبئی میں پہلا گھر خریدا تھا۔ یہ، کنگ خان کی حالیہ رہائش گاہ ’’منت‘‘ خریدنے سے برسوں پہلے کی بات ہے۔ مکیش نے شاہ رخ خان کو ایک بہترین اداکار کے طور پر سراہا اور کہا کہ شاہ رخ فلم کے سیٹ پر ان کا بہت احترام کرتے تھے۔ شاہ رخ خان اس وقت فلم انڈسٹری میں نئے تھے جبکہ مکیش کھنہ ٹی وی شو ’’مہابھارت‘‘ اور ’’تہلکہ‘‘ اور ’’سوداگر‘‘ جیسی فلموں میں کامیابی کی وجہ سے ایک بڑے اسٹار بن چکے تھے۔ مکیش نے کہا کہ شاہ رخ اس وقت میری بہت عزت کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: جونیئر این ٹی آر اپنے ایک مداح کے خاندان کا خیال ۱۱؍ سال سے رکھ رہے ہیں

مکیش کھنہ نے مزید ایک واقعہ کو یاد کیا، جب شاہ رخ نے پروڈیوسر سے درخواست کی تھی کہ وہ انہیں تمام رقم پیشگی دےدیں تاکہ وہ ایک مکان خرید سکیں۔ مکیش نے بتایا کہ مجھے معلوم ہوا تھا کہ شاہ رخ اس وقت مکان خریدنے والے تھے۔ انہوں نے پریم لالوانی (ڈائریکٹر اور پروڈیوسر) سے درخواست کی کہ آپ مجھے پیشگی ادائیگی کریں، میں ایک مکان خریدنا چاہتا ہوں۔ ان دنوں تقریباً ۳۴؍ سے ۳۵؍ لاکھ روپے میں مکان خریدا سکتا تھا۔ شاہ رخ نے اپنا پہلا مکان ’’گڈو‘‘ سے ملی رقم سے خریدا تھا۔ لالوانی نے شاہ رخ کو پوری فیس کی ادائیگی پیشگی کر دی۔ شاہ رخ بھی کہتے تھے کہ اس فلم کی وجہ سے ہی میں مکان خرید پایا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK