Updated: January 13, 2025, 6:32 PM IST
| Mumbai
ٹام ہالینڈ کے والد ڈومینک ہالینڈ نے اپنےایک پوسٹ میں اپنے بیٹے اور زینڈایا کی منگنی کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کے مطابق ’’زینڈایا اور ٹام کی شادی کی تقریب میں صرف اہل خانہ اور دوستوں نے ہی شرکت کی تھی۔ ٹام ہالینڈ نے پہلے سے تمام چیزوں کی منصوبہ بندی کر لی تھی۔‘‘
ٹام ہالینڈ اور زینڈایا۔ تصویر: آئی این این
جہاں ہالی ووڈ اسٹار ٹام ہالینڈ اور زینڈایا کی منگنی کی چہہ میگوئیاں جاری تھیں وہیں ان کی منگنی کی تصدیق ہوچکی ہے۔ یاد رہے کہ گولڈن گلوب ایوارڈ ریڈ کارپیٹ کی ۸۲؍ ویں تقریب میں زینڈیا کی بائیں ہاتھ کی ’’رنگ فنگر‘‘میں انگوٹھی دیکھنے کے بعد مداحوں کے درمیان چہ میگوئیاں جاری تھیں کہ زینڈایا اور ٹام ہالینڈ کی منگنی ہوچکی ہے۔ تاہم، ٹام ہالینڈ کے والد ڈومینک ہالینڈ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے کس طرح ہر چیز کی منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔ ڈومینک ہالینڈ نے ۱۰؍ جنوری کو پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ ’’ٹام ہالینڈ نے پہلے سے منصوبہ بندی کی ہوئی تھی۔ انہوں نے انگوٹھی بھی خرید لی تھی۔‘‘ انگریزی کامیڈین اور مصنف نے مزید لکھا کہ ’’انہوں نے زینڈایا کے والد سے بات کی تھی اور ان سے اجازت بھی لی تھی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: زینڈایا اور ٹام ہالینڈ نے منگنی سے قبل ایک دوسرے کے نام کا ٹیٹو بنوایا تھا
ڈومینک ہالینڈ نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ ’’ٹام ہالینڈ نے ہر چیز کی منصوبہ بندی کی تھی۔ منگنی کہاں ہوگی، کب ہوگی، کس طرح ہوگی اور وہ کیا زیب تن کریں گے۔ منگنی کی تقریب نجی طور پر منعقد کی گئی تھی اور اس میں صرف قریبی دوستوں اور اہل خانہ کو مدعو کیا گیا تھا۔ زینڈایا کو شادی کی پیشکش کرنے کے طریقے پر مجھے اپنے بیٹے پر فخر ہے۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ ’’بہت سے لوگوں کیلئے منگنی کی انگوٹھی خریدنا اہم مسئلہ ہوتا ہے لیکن ٹام پر انگوٹھی خریدنے کا دباؤ کم تھا۔ وہ اس لئے پریشان تھے کہ انگوٹھی کس چیز کی ہوگی، انگوٹھی کا ناپ کیا ہوگا اور اسے کس سنار سے بنایا جائے گا؟‘‘ ڈومینک ہالینڈ نے کہا کہ ’’فلم انڈسٹری ایک خراب جگہ ہے پھر بھی وہ پراعتماد ہیں کہ ٹام ہالینڈ اور زینڈایا کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔‘‘ یاد رہے کہ زینڈایا اور ٹام ہالینڈ ۲۰۱۷ء کی فلم ’’اسپائیڈر مین: ہام کمنگ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران پہلی مرتبہ ملے تھے۔ ٹام ہالینڈ اور زینڈایا نے اس فلم میں ہیرو اور ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا۔