• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی سنیما کی عظیم اداکارہ اُما داس گپتا کا انتقال

Updated: November 18, 2024, 10:23 PM IST | Kolkata

ستیہ جیت رے کی کلاسک فلم ’پاتھر پانچالی‘ میں درگا کا کردار ادا کرنے والی اما داس نے ۸۳؍سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہا۔

Uma Dasgupta. Photo: INN
اما داس گپتا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی سنیما کی عظیم اداکارہ اما داس گپتاجنہوں نے ستیہ جیت رےکی کلاسک فلم ’ پاتھر پانچالی‘ میں ’دُرگا‘ کا کردار ادا کیا تھا، طویل علالت کے بعد ۸۳؍سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ذرائع کے مطابق اما داس گپتا نے پیر کی صبح ۸؍بج کر ۱۵؍منٹ پر کولکاتا کے ایک نجی اسپتال میں آخری سانس لی۔ پیرکو ہی ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ خبروں کے مطابق اداکار چیرنجیت چکرورتی نے سب سے پہلے اما داس گپتاکی بیٹی سے خبر حاصل کرنے کے بعد ان کے انتقال کی اطلاع دی۔ستیہ جیت رے کی فلم ’پاتھر پانچالی‘ میں اما داس گپتا نے ’دُرگا‘ کا کردار ادا کیا تھا جس نے ناظرین اور ہندوستانی سنیما کی تاریخ پر گہرا اثر چھوڑا تھا۔ ۱۹۵۵ءمیں ریلیز ہونے والی یہ فلم بِبھوتی بھوشن بندوپادھیائے کے اسی نام کے ناول پر مبنی تھی اور عالمی سنیما میں ایک سنگ میل ثابت ہوئی تھی۔’پاتھر پانچالی‘ ایک دیہاتی بنگالی خاندان کی کہانی بیان کرتی ہے جس میں درگا اور اس کے چھوٹے بھائی اپو (سبیر بنرجی) کے درمیان رشتے پر زور دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بادشاہ کے کنسرٹ میں شرکت

اما داس گپتا نے اپنی معصومیت، لچک اور نرم دلی کے ساتھ درگا کا کردار اتنا خوبصورتی سے نبھایا کہ یہ آج بھی ناظرین کو متاثر کرتا ہے۔ طاقتور ڈیبیو کے باوجود اُنہوں نے مین اسٹریم سنیما میں کریئر بنانے کا انتخاب نہیں کیا۔کولکاتا میں پیدا ہونے والی اما داس گپتا کم عمری سے ہی تھیٹر سے وابستہ تھیں۔ ’پاتھر پانچالی‘ کے علاوہ اُنہوں نے کوشک گنگولی کی ’اپور پانچالی‘ (۲۰۱۵ء) اور ’لوکھی چھیلے‘ (۲۰۲۲ء) میں بھی کام کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK