• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دلیپ کمار ’مغل اعظم‘ کے پریمیر میں کیوں نہیں گئے تھے؟ وجہ سائرہ بانو نے بتائی

Updated: August 10, 2024, 9:34 PM IST | Mumbai

فلم ’’مغل اعظم‘‘ آج سے ۶۴؍ سال قبل ۵؍ اگست ۱۹۶۰ء کو ریلیز ہوئی تھی جس کا پریمیر مراٹھا مندر (ممبئی) میں ہوا تھا۔ اس موقع پر فلم میں کلیدی کردار ادا کرنے والے دلیپ کمار شریک نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے پریمیر کیوں نہیں دیکھا؟ اس کی وجہ سائرہ بانو نے بدھ کو اپنے انسٹاگرام پر بتائی۔

Dilip Kumar and Madhu Bala in the movie Mughal Azam. Photo: INN
فلم مغل اعظم میں دلیپ کمار اور مدھو بالا۔ تصویر: آئی این این

مرحوم یوسف خان عرف دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بدھ کو اپنے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں انکشاف کیا کہ ’’دلیپ صاحب، کے آصف کی عظیم تاریخی فلم ’’مغل اعظم‘‘ میں شہزادہ سلیم کا کردار ادا کرنے کے باوجود فلم کے پریمیر میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ اس کی وجہ کے آصف اور دلیپ کمار کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی تھی۔‘‘ پوسٹ میں ۷۹؍ سالہ اداکارہ نے اپنے شوہر اور کے آصف کے درمیان تلخی کی وجہ بھی بتائی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کے آصف نے دلیپ کمار کی چھوٹی بہن اختر سے، دلیپ صاحب یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو بتائے بغیر خفیہ طور پر شادی کر لی تھی جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: مشہور فلم ’’مغل اعظم‘‘ کے بارے میں ۱۰؍ دلچسپ حقائق

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Saira Banu Khan (@sairabanu)

اداکارہ نے کہا کہ ’’غالباً یہی وجہ ہے کہ دلیپ صاحب نے مغل اعظم دیکھی ہی نہیں البتہ ہماری شادی کے بعد جب ہم پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ میں گئے تو ساتھ میں مغل اعظم دیکھی تھی۔ غالباً دلیپ صاحب نے پہلی مرتبہ میرے ساتھ یہ فلم دیکھی تھی۔ ‘‘ اداکارہ نے ۵؍ اگست ۱۹۶۰ء کو مراٹھا مندر (ممبئی) میں مغل اعظم کے پریمیر سے قبل اپنے جوش و خروش کے بارے میں بھی بتایا۔ سائرہ بانو اس وقت دلیپ کمار کی ایک نوجوان مداح تھیں۔ وہ چاہتی تھیں کہ وہ ہندوستانی لباس میں پریمیر کیلئے جائیں تاکہ ہمشیہ سے مختلف نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مَیں نے اپنی ماں کو قائل کیا کہ وہ مجھے مغربی لباس نہیں بلکہ ایک بھاری ساڑی پہنائیں۔ ساڑی اس قدر بھاری تھی کہ میں اسے بمشکل سنبھال پا رہی تھی۔ لیکن میری امید پر اس وقت پانی پھر گیا جب پریمیر والے دن دلیپ صاحب نہیں آئے۔ میری نظریں بے تابی سے انہیں تلاش کررہی تھیں مگر وہ وہاں موجود ہی نہیں تھے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سبھاش گھئی نے اداکاروں کی ۵؍ اقسام بتائی، دلیپ کمار اور شاہ رخ بھی شامل

خیال رہے کہ ۱۹۶۱ء میں ریلیز ہونی والی فلم ’’جنگلی‘‘ سے سائرہ بانو نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ ۱۱؍ اکتوبر ۱۹۶۶ء کو وہ دلیپ کمار کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئی تھیں۔ انہوں نے اپنے شوہر کے ساتھ گوپی (۱۹۷۰ء)، سگینا مہتو (۱۹۷۱ء) اور جوار بھاٹا (۱۹۷۳ء) جیسی کئی فلموں میں کام کیا۔ یاد رہے کہ دلیپ کمار کا انتقال ۷؍ جولائی ۲۰۲۱ء کو ۹۸؍ سال کی عمر میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK