Inquilab Logo Happiest Places to Work

سلمان خان شاندار انداز اور دھماکہ خیز ایکشن کے ’سکندر‘

Updated: April 04, 2025, 9:32 PM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

جنوبی ہند کے مشہور ہدایت کار اے آر مروگادوس نےایکشن توعمدہ پیش کیا لیکن اسکرپٹ کی خامیوں کو دور نہیں کرسکے،سلمان کا جلوہ برقرار۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اسٹارکاسٹ: سلمان خان، رشمیکا مندانا، کاجل اگروال، ستیہ راج، شرمن جوشی، پرتیک پاٹل ببر،انجنی دھون،جتن سرنا
ڈائریکٹر: اے آر مروگادوس
رائٹر: اے آر مروگادوس، رجت اروڑا، عباس دلال، حسین دلال
پروڈیوسر: ساجد نڈیاڈوالا،نیرج سیٹھی،پرشانت شرما
میوزک: پریتم چکرورتی
سنیماٹوگرافی: ایس تیرو
ایڈیٹنگ: ویویک ہرشن
کاسٹنگ: مکیش چھابرا
آرٹ ڈائریکٹر: پرتیک چودھری

سلمان خان کافی عرصے سے عید پر ریلیز ہونے والی فلموں کےذریعہ بالی ووڈ پرحاوی رہتےہیں۔ ہر سال عید کے موقع پر وہ اپنی فلم اپنے مداحوں کے لیے عیدی کے طورپرلےکر آتے ہیں۔ اس بار انہوں نےجنوبی ہند کے مشہورہدایت کاراے آر مروگادوس کے ساتھ کام کیاہے۔۲۰۰۸ء میں جب ہدایت کار اے آر مروگادوس عامر خان کی’گجنی‘لےکر آئےتو بالی ووڈ میں ہلچل مچ گئی تھی اور ہدایت کار کو ہندی ناظرین میں کافی پہچان ملی تھی۔اکشے کمار کی فلم’ہولی ڈے‘میں بھی ان کی ہدایت کاری کو سراہاگیا، لیکن اس بار اے آر مروگادوس کا جادوبرقرار نہیں رہ سکا۔ انہوں نے اپنی فلم میں بہت سارے مصالحے ڈالےہیں، لیکن اس کی مقدارمیں تناسب برقرار نہیں رکھ سکے۔یہی وجہ ہے کہ سلمان خان کااسٹائل، ایکشن، جذبات سب رائیگاں گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ملیالم فلم ’لوسیفر۲‘ کی کہانی کیرالا سے نکل کر عالمی سطح تک پہنچ گئی ہے

فلم کی کہانی
فلم کی کہانی سنجے (سلمان خان)کی ہے جو راجکوٹ کے لوگوں کے دلوں پر راج کرتا ہے۔ وہ راجکوٹ کا بادشاہ ہے اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ رکھنے کی وجہ سےلوگ اسےفرشتہ سمجھتے ہیں۔انہیں سکندر اور راجہ صاحب کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔سائی شری(رشمیکا مندانا) سنجے کی بیوی ہے، جو ہمیشہ سنجے کی خیریت کے بارے میں فکر مند رہتی ہے۔ کہانی وزیرپردھان (ستیہ راج) کے بیٹے ارجن پردھان کی غلط حرکتوں سے شروع ہوتی ہے، جہاں وہ فلائٹ میں ایک خاتون سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کرتاہے، لیکن سنجے آکرعورت کو بچاتا ہے اورارجن کو عورت کے قدموں پر گر کر معافی مانگنے پر مجبور کرتا ہے۔ ارجن اور وزیر پردھان اس توہین کا بدلہ لینے کے لیے سنجے کے پیچھے پڑجاتےہیں، لیکن ارجن کی زندگی اس وقت لٹ جاتی ہے جب سائی شری انتقام کی اس آگ میں قربان ہو جاتی ہے۔ سائی شری کے جانےکےبعد سنجے کو معلوم ہوتاہےکہ اس کی بیوی حاملہ تھی۔ وہ گہرےغم میں چلا جاتا ہے، لیکن اس حقیقت سے تسلی ہوتی ہے کہ اس کی بیوی نےاپنے اعضاء عطیہ کیے تھے اور اس طرح سائی شری ۳؍ مختلف لوگوں کے اعضاء کے ذریعے زندہ رہے گی۔ دوسری طرف پردھان ان افراد کے پیچھےپڑجاتاہےجنہیں سائی شری کے اعضا ملے ہیں۔کیا سنجے ان افراد کو بچا پاتا ہےیا وہ لوگ پردھان کے انتقام کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔
ہدایت کاری
سلمان خان کی موجودگی میں ہیرو کاسوپر سے اوپرہونا فطری بات ہے، لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہدایت کار اے آر مروگادوس کہانی میں نیاپن نہیں لاپاتے۔مروگادوس اپنی فلم کے کرداروں کو صحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کرپاتے ہیں۔کہانی میں بہت سےکردار ایسے ہیں جنہیں صحیح طریقے سےپیش نہیں کیاگیا۔کمزور کہانی اور ڈھیلے اسکرین پلے کی وجہ سے فلم اپنا اثر دکھانے میں ناکام رہتی ہے۔ہاں ایکشن فلموں کیلئےمشہور اے آر مروگادوس کا ایکشن دھماکہ خیزہے۔ایکشن سیکوینسز کو شاندار طریقے سے کوریوگراف کیا گیاہے۔ تیرو کی سنیماٹوگرافی بھی عمدہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تم کو میری قسم: حقیقی کہانیوں پر مبنی فلموں میں ایک اور اضافہ

اداکاری
سلمان خان ہمیشہ کی طرح اپنے شاندار اسٹائل کےساتھ نظر آئے ہیں۔وہ ایکشن سینز میں اچھی اداکاری کرتے ہیں لیکن کردار کو صحیح ڈھنگ سے پیش نہ کئے جانے کی وجہ سےجذباتی مناظرکو صحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کرسکے۔ رشمیکا منداناکو فلم میں کم جگہ ملی ہے، لیکن وہ اس چھوٹےسےکردارمیں بھی خوبصورت اور تازگی سے بھر پورنظر آرہی ہیں۔حالیہ دنوں میں ان کے اور سلمان خان کے درمیان عمر کے فرق پر کافی مباحثے ہوچکے ہیں لیکن فلم میں ایک ڈائیلاگ کے ذریعے اس کا پہلے ہی جواب دیا جاچکا ہےکہ’عمر میں فرق ہے سوچ میں نہیں۔‘ ارجن کے منفی کردار میں پرتیک ببر ڈرامائی اندازمیں نظر آ رہے ہیں۔ شرمن جوشی جیسےاہم اداکار کو سلمان کے ساتھی کے کردار میں ضائع کیا گیاہے۔
نتیجہ
اگر آپ سلمان خان کے شاندار انداز اور دھماکہ خیز ایکشن کے دلدادہ ہیں تو اس فلم کو یقینی طور پر سنیما ہال میں جاکر دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK