مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی ۲۴؍ ویں قسط میں ملاحظہ کریں دادا کونڈکے کا لکھا گیا یہ نغمہ جسے اوشا منگیشکر نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔
EPAPER
Updated: December 18, 2023, 2:35 PM IST | Pradeep Niphadkar | Mumbai
مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی ۲۴؍ ویں قسط میں ملاحظہ کریں دادا کونڈکے کا لکھا گیا یہ نغمہ جسے اوشا منگیشکر نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔
زندگی کی حسین راہوں پر کوئی تکلیف دہ کیفیت ہے تو وہ انتظار ہے۔ اپنے محبوب کا انتظار کرنا یوں تو لذت آمیز ہوتا ہے لیکن اکثر یہ کیفیت دردناک بھی ہو جاتی ہے۔ اردو شاعری میں انتظار کی کیفیت پر بہت کچھ لکھا جاچکا ہے ۔فراقؔ وعدہ، یقین اور امید نہ ہوتے ہوئے بھی انتظار کرتے ہیں۔ حسرت جے پوری کو ڈر لگتا ہے کہ کہیں محبوب کی آمد سے انتظار کا لطف ختم نہ ہو جائے جبکہ منور رانا پورے جسم کو آنکھ قرار دے کر اپنے محبوب کی راہ تکتے ہیں۔ لیکن یہ سب شاعر تھے ،شاعرات کے انتظار کی کیفیت کیا ہو تی ہے اس پر مراٹھی میں ایک گیت لکھا گیا ہے۔ اسے لکھا تھا مراٹھی فلموں کے کامیاب پروڈیوسر و اداکار دادا کونڈکے نے۔
یہ بھی پڑھئے: شریکِ حیات کی موت پر لکھا گیا جذباتی نغمہ
دادا کونڈکے اردو حلقوں میں تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ ان کی ۹؍ فلموں نے سلور جبلی منائی ہے۔ یہ ایک ریکارڈ کے طور پر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈس میں درج ہے۔ ان کی فلموں کے ذومعنی مکالمے اور ان کی کامیڈی کو ہندی فلموں میں بھی ہاتھوں ہاتھ لیا گیا ہے۔ حالانکہ ان کی فلموں کو پسند اور ناپسند کرنے والوں کے بھی دو گروپ تھے۔ ایک طبقہ ایسا تھا جو ان کی فلموں اور کامیڈی کو پسند کرتا تھا لیکن ان کے ناقدین کی بھی بڑی تعداد تھی جو ان کی فلموں کی کامیڈی کو پسند نہیں کرتے تھے۔اگست ۱۹۳۲ء میں پیدا ہونے والے دادا کونڈکے کا اصل نام کرشنا تھا ۔ وہ پونے کے قریب واقع بھور گائوں میں پیدا ہوئے تھے جبکہ ان کا انتقال ممبئی کے دادر علاقے میں ان کے مکان پر ہوا۔ وہ مزاح نگار ، مصنف اور نغمہ نگار تھے۔ جو گیت ہم آج دیکھیں گے وہ ان کے ہی قلم سے نکلا ہے۔ اس گیت کو موسیقی سے سجایا ہے رام لکشمن نے ۔ رام لکشمن ’میں نے پیا ر کیا ‘، ’ہم آپ کے ہیں کون ‘ اور ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ جیسی مشہور فلموں کے موسیقار ہیں۔ اس گیت کو اوشا منگیشکر نے اپنی آواز سے سجایا ہے۔ آئیے گیت دیکھتے ہیں:
جھالیا تنہی سانجا کرون شنگار ساجا
واٹ پہاتے می گ َ یے نار ساجن ماجھا
(شام کا وقت ہے، میں سج دھج کر بیٹھی ہوں، انتظار کررہی ہوں ، میرے دلبر میرے ساجن آنے والے ہیں۔ مجھے ان کا ہی انتظار ہے۔)
پریتی چیا درباریچ یے نار سردار
مائے چیا میٹھی چا تیانچیا گڑیات گھالین ہار
دلاچیا دیوہاریات باندھین می پوجا
(دربار عشق میں میرا سردار آنے والا ہے۔وہ جب آئیں گے تو میں اپنی محبت کی بانہوں کا ہار ان کے گلے میں ڈالوں گی۔ اپنے دل کے مندر میں ان کی عبادت کروں گی ۔ انہیں اب کہیں نہ جانے دوں گی۔ )
بھیٹیت رایاچیا سانگین میں سار
سوسوینا بائی ملا یووناچا بھار
تانہے لا ہرنی لا ہلوچ پانی پاجا
(وہ جب ملیں گے تو میں اپنے دل کی ہر بات ان سے کہہ دوں گی۔ میں چپ نہ رہوں گی۔ ان سے یہ بھی کہہ دوں گی کہ اب اس جوانی کا بوجھ مجھ سے سہا نہیں جاتا ۔میں تمہاری محبت کی پیاسی ہرنی ہوں ۔ تم دھیرے دھیرے میری پیاس بجھانا ، اب مجھے چھوڑ کر نہ جانا۔ )
تیانچیاچ اوٹھا نچا اوٹھی رنگ لال
آٹھونی نے تیانچیا بائی رنگلے ہے گال
دھند وہاوی رانی رنگون جاوا راجا
(اس کے ہونٹوں کا سرخ رنگ میرے ہونٹوں پر بھی نظر آرہا ہے۔اس کی یاد سے میرے رخسار پرگلابی رنگ چڑ ھ گیا ہے۔ان سے ملاقات کے بعدمیں بھی مگن ہو جائوں گی اور وہ بھی میرا بادشاہ مگن ہو جائے گا ۔ مجھ میں کھوجائیگا۔)
واٹتا سکھیانچیا واجلے پائول
کھٹیاڑ منالا لاگئے کھوٹیچ چاہول
گھالو کشی میں ساد ہوئیل گاجا واجا
(مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اس کے قدموں کی آواز آرہی ہے۔اس کے قدموں کی جھوٹی آہٹ میرے شرارتی دل کو گدگدارہی ہے ، مجھے وہ سنائی دے رہی ہے۔ لیکن میں اسے آواز کیسے دے دوں؟ اگر آواز دوں گی تو سبھی کو پتہ چل جائے گاکہ میرا محبوب آگیا ہے۔ )
اچارچ پڑلا بیچاریا منالا
ویڑ کا گ َ وہاوا بائی سکھیا ساجنالا
بلگون بساوی شمبھولا سارجا
(میرے من میں ، میرے ذہن میں یہ سوال بار بار ابھر رہا ہے کہ وہ ابھی تک کیوں نہیں آئے؟ انہیں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے؟ان کے آنے کے بعد میں ان سے ایسے ہی لپٹ جائوں گی جیسے بھگوان شنکر سے پاروتی لپٹ گئی تھیں۔ )