• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دیوالی کی مناسبت سے مراٹھی کا مشہور نغمہ ملاحظہ کریں

Updated: November 13, 2023, 1:39 PM IST | Pradeep Niphadkar | Mumbai

مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی۱۹؍ ویں قسط میں دیوالی کے موقع پر لکھا گیا مشہور مراٹھی ادیب مدھو سودن کالیلکر کا گیت یقیناً پسند آئے گا۔

Photo : INNDiwali is also known as the festival of lights. On this occasion, houses and neighborhoods are decorated with clay lamps. Photo: PTI
دیوالی کو روشنی کا تہوار بھی کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر گھر گھر اور محلے محلے مٹی کے دیوں سے سجائے جاتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

راجیش کھنہ کی فلم ’جو رو کا غلام‘ ، نوتن کی فلم ’انجام‘ ، امیتابھ بچن کی فلم ’فرار‘ اور رامیشوری کی فلم ’دلہن وہی جو پیا من بھائے‘ سبھی قارئین نے دیکھی ہوگی اور ان فلموں کی کہانی کم و بیش سبھی کو یاد بھی ہو گی۔ ان فلموں کے کہانی نویس تھے مدھو سودن کالیلکر۔ ان کے لکھے گئے متعدد افسانوں پرمراٹھی میں بھی بہت سی فلمیں بنائی گئیں جو سپر ڈوپر ہٹ رہیں۔ لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ وہ افسانہ نگار اور فلموں کے کہانی نویس ہونے کے علاوہ ایک منجھے ہوئے شاعر بھی تھے۔ اس ہفتے ہم انہی کا لکھا گیا ایک گیت دیکھیں گے جس کی موسیقی انل۔ ارون نے دی ہے۔ انل موہلے، لتا منگیشکر کے میوزک ارینجر تھے جبکہ ارون ، انورادھا پوڈوال کے شوہر ہیں۔ ان دونوں شخصیات نے انل ارون کے نام سے کئی فلموں میں میوزک دیا ہے۔ 
 اس ہفتے ہم جو گانا دیکھیں گے وہ انورادھا پوڈوال نے گایا ہے۔ انورادھا جی اردو قارئین کے لئے کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔ ’اشٹ ونائیک‘ نامی مراٹھی فلم سے یہ گانا لیا گیا ہے۔ ویسے تو اس فلم کے تمام گانے بہت مشہور ہوئے اور زبان زد خاص و عام تھے لیکن یہ گیت جسے ہم اپنے کالم میں پیش کررہے ہیں بہت مشہور ہوا۔ آج چونکہ پورے ملک میں دیوالی منائی جارہی ہے  اس لئے ہم نے بھی الفاظ کے ذریعے دیوالی منانے کی کوشش کررہے ہیں۔ 
یہ واضح رہے کہ اس سال مدھو سودن کالیلکر کا صد سالہ یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔ وہ مارچ ۱۹۲۴ء میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کی والدہ بھی افسانہ نگار تھیں جبکہ والد ادب کا نہایت اچھا اور نکھرا ستھرا ذوق رکھتے تھے۔ اسی لئے مدھو سودن جی نے ادب کی دنیا میں ہی قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وہ ممبئی میں گرگائوں میں رہنے آئے تھے ۔ یہاں ان سے قریب اداکار جتیندر رہتے تھے۔ معروف گلوکار مکیش نے مراٹھی میں اپنا واحد گانا ’ایکدا یے ون جا ‘ (ایک بار تو آجائو )، گایا تھا اور اتفاق سے وہ گانا مدھو سودن جی نے ہی لکھا تھا ۔ مدھو سودن جی کا انتقال دسمبر ۱۹۸۵ء میں ہوا۔آئیے گانا دیکھتے ہیں:

یہ بھی پڑھئے: ہجر کے غم میں لکھا گیا سنت گیانیشور کا گیت ملاحظہ کریں

آلی ماجھیا گھری ہی  دیوالی 
سپت رنگات نہائون آلی 
(میرے مکان میں دیوالی آئی ہے۔ سات رنگوں میں نہاکر آئی ہے۔ میرا مکان خوشیوں سے بھر گیا ہے۔)
مند چندنے دھندشواس ہا ،می تر تیار بھجاوے
جنم جنم رےتجھیا سنگتی  ایک روپ می وہاوے
پریت نینی  وسے، لاج گالی ہسے
کور چندراچی کھلتے بھالی
(چاندنی دھیمی دھیمی ہے۔ میرا من اس چاندنی میں بھیگنا چاہتا ہے۔ جنم جنم میں تمہارے ساتھ ہی رہوں گی۔ محبت میری آنکھوں میں بسی ہے اور شرم وحیا میرے رخساروں پر مسکرارہی ہے۔میں نے اپنی جبیں پر مہتاب جیسا سندور کے رنگ کا تلک لگایا ہے۔ وہ بھی کھل کر مسکرارہا ہے اور مجھ پر  پوری طرح جچ رہا ہے۔ )
پائول پڑتا گھری مکندا ، گوکل ہرپون گیلے
اٹی لاویتا انگی دیوا ،سوگندھ برست آلے
ہرش داٹے اری ، ناتھ آلے گھری 
سُور ادھڑیت آلی  بھوپالی 
(اے میرے شیام ، میں نے جب تمہارے گھر میں قدم رکھا تو سارا گوکل دنگ رہ گیا ۔ تمہارے بدن کو میں نےجو صندل کا سفوف لگایا ہےاس سے ہمارے گھر آنگن میں خوشبوئوں کی بارش ہو گئی ہے۔ میرے دل میں بس خوشی ہی خوشی ہے۔ میرے محبوب ، میری زندگی گھر جو آئے ہیں۔دیکھو بھوپالی (صبح کے وقت گایا جانے والا راگ) بھی اپنے سُروں کو اچھال کر آگئی ہے۔ خوشی کا ماحول ہر طرف ہے۔ )
نکشترانچا  ساج لے وونی  راتر انگنی آلی 
دیپ اجل لے نینی ماجھیا  ہی تر دیپاولی 
سنگ ہوتا ہری ، جاہلے باوری 
می ابھیساریکا ہی نرالی 
(رات  چاند کا زیور پہن کر میرے آنگن میں آئی ہے۔ میری آنکھوں کے چراغ خوشی سے جل رہے ہیں۔ وہی حقیقی دیوالی ہے ۔ میرے ساتھ میرا پیا ، میرا شیام تھا اس لئے میں باوری ہو گئی تھی ۔ میں تو نرالی اور انوکھی  ابھیساریکا ہو۔ ابھیساریکا کا مطلب ہے ملاقات کیلئے جانے والی ۔ اسے مراٹھی میں ’ابھیساریکا نائیکا ‘بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ایسی خاتون ہوتی ہے جو اپنے پریمی سے ملنے کیلئے مقررہ مقام پر پہنچتی ہے یا اسے ایک مقام پر بلاتی ہے۔ ابھیساریکا کے بارے میں سب سے پہلے کوی بھرت نے اپنی تخلیقات میں ذکر کیا  تھا۔ )

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK