• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حاضری کی بے اندازہ مسرت کے ساتھ اپنی تہی دامنی اور بے مائیگی کا احساس بھی ہے

Updated: June 21, 2024, 12:52 PM IST | Abdul Majid Darya Badi RH/ Mahir al-Qadri RH | Mumbai

ان کالموں میں پڑھئے کہ روضۂ رسول پر حاضری کے دوران اُردوکی دو بلند قامت شخصیات نے کیا محسوس کیا، اُن کے تاثرات کیا تھے۔

It is not an easy task to develop the courage to attend the Holy Prophet`s grave. The mind is stunned, the intellect is stunned, the tongue is dumb, the speech is dumb. The tongue does not help, nor the lips open on any subject. Photo: INN
روضۂ رسولؐ پر حاضری کی جرأت اپنے اندر پیدا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ دماغ حیران، عقل دنگ، زبان گنگ، ناطقہ انگشت بدنداں۔ نہ زبان یاوری کرتی ہے، نہ لب کسی عرض معروض پر کھلتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

طور کی چوٹیاں جن کی تجلیاتِ جمال کی جلوہ گاہ بننے لگیں تو پاکوں کے پاک اور دلبروں کے دلبر موسٰی کلیم تک تاب نہ لاسکے اور اللہ کی کتاب گواہ ہے کہ کچھ دیر کیلئے ہوش و حواس رخصت ہوگئے۔ معراج کی شب جب کسی کا جمال بے نقاب ہونے لگا تو روایات میں آتا ہے کہ اس وقت وہ عبد کاملؐ جو فرشتوں سے بھی بڑھ کر مضبوط دل اور قوی ارادے کا پیدا کیا گیا تھا، اپنی تنہائی کو محسوس کرنے لگا، اور ضرورت ہوئی کہ رفیق غارؓکا مثل سامنے لاکر آب و گل کے بنے ہوئے پیکرنورانی کی تسلی کا سامان کیا جائے۔ 
 یہ سرگزشت ان کی تھی، جو قدسیوں سے بڑھ کر پاک اور نورانیوں سے بڑھ کر لطیف تھے۔ پھر وہ مشت ِ خاک جو ہمہ کثافت اور ہمہ غلاظت ہو، جس کا ظاہر بھی گندا اور باطن بھی گندا، اگر رسولؐ کی مسجد اَقدس میں قدم رکھتے ہچکچا رہا ہو، اگر اس کا قدم رسولؐ کے روضۂ اَنور کی طرف بڑھتے ہوئے ہچکچا رہا ہو، اگر اس کی ہمت رحمت و جمال کی سب سے بڑی تجلی گاہ میں جواب دینے سے جواب دے رہی ہو، اگر اس کا دل اس وقت اپنی بے چارگی اور درماندگی کے احساس سے پانی پانی ہوا جا رہا ہو، تو اس پر حیرت کیوں کیجیے؟ خلافِ توقع کیوں سمجھیے؟ اور خدا کیلئے اس ناکارہ و آوارہ، بے چارہ و درماندہ کے اس حالِ زار کی ہنسی کیوں اُڑایئے؟ مغرب کی اذان کی آواز فضا میں گونجنے لگی۔ دھڑکتا ہوا دل کچھ تھما، اور ڈگمگاتے ہوئے پیر کسی قدر سنبھلے۔ ادھر اذان کی آواز ختم ہوئی، ادھر قدم دروازے سے باہر نکالے، مکان کے، جس سے بابِ جبریل اگر چند فٹ نہیں تو چند گز پر ہے، اتنا فاصلہ بھی خدا معلوم کے َ منٹ میں طے ہوا۔ اس وقت نہ وقت کا احساس، نہ فاصلے کا ادراک، نہ زمان کی خبر، نہ مکان کی۔ کہتے ہیں کہ داخلہ بابِ جبریل ہی سے افضل ہے، یہ فضیلت بلاقصد خود بخود حاصل ہوگئی۔ حرم کے اندر قدم رکھتے ہوئے یہ دُعا پڑھی جاتی ہے:
ترجمہ: اے اللہ! میرے لئے اپنی رحمت اور فضل کے دروازے کھول دے اور اپنے رسولؐ کی زیارت مجھے نصیب کر جیسی کہ تُو نے اپنے اولیا کو نصیب کی، اور اے ارحم الراحمین، میری مغفرت کردے اور میرے اُوپر رحم فرما۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسلام میں اوّل سے لے کرآخر تک جو کچھ ہے قربانی ہی قربانی ہے

لیکن پہلی مرتبہ قدم رکھتے وقت ہوش و حواس ہی کب درست تھے جو یہ دُعا یا کوئی اور دُعا قصدو ارادہ کر کے پڑھی جاتی۔ ایک بے خبری اور نیم بے ہوشی کے عالم میں درود شریف کے الفاظ تو محض بلاقصد و ارادہ زبان سے ادا ہوتے رہے، باقی بس۔ ہوش آیا تو دیکھا کہ نماز کو شروع ہوئے دوچار منٹ ہوچکے ہیں اور امام پہلی رکعت کی قرأت ختم کر کے رکوع میں جارہے ہیں۔ جھپٹ کر جماعت میں شرکت کی، اور جوں توں کر کے نماز ختم کی۔ یہ پہلی نماز وہاں ادا ہورہی ہے جہاں کی ایک ایک نماز پانچ پانچ سو اور ہزار ہزار نمازوں کے برابر ہے۔ اللہ اللہ شان کریمی اور بندہ نوازی کے حوصلے دیکھنا! کس کو کیا کیا مرتبے عطا ہورہے ہیں :
اس مرتبے کو دیکھئے اور ہم کو دیکھئے!
وقت نمازِ مغر ب کا تھا اور مغرب کی نماز سورج ڈوبنے پر پڑھی جاتی ہے۔ لیکن جس کی نصیبہ دری کا آفتاب عین اسی وقت طلوع ہو رہا ہو، جس کی سربلندیوں اور سرفرازیوں کی ’فجر‘ عین اسی وقت ہورہی ہو، کیاوہ بھی اس وقت کو مغرب ہی کا وقت کہتا اور سمجھتا رہے! 
لیجئے نماز ختم ہوگئی۔ فرض ختم ہوگئے اور روضۂ اطہر کے دروازے پر ہر طرف سے صلوٰۃ و سلام کی آوازیں آنے لگیں، جس پر اللہ خود درود بھیجے، اللہ کے فرشتے درود بھیجتے رہیں، اس کے آستانے پر بندوں کے صلوٰۃ و سلام کی کیا کمی ہوسکتی ہے؟
جسے دیکھئے مواجہ شریف [روضۂ رسولؐ کے سامنے کے حصے]کی طرف کھنچا چلا آرہا ہے۔ اس وقت رُخ قبلہ کی جانب نہیں، پتھر سے تعمیر کیے ہوئے کعبہ کی جانب نہیں بلکہ اس کے دَرِ اَقدس کی جانب ہے، جو دلوں کا کعبہ اور روحوں کا قبلہ ہے، کسی کا نالہ جگرگداز، کسی کے لب پر آہ و فریاد، ہرشخص اپنے اپنے حال میں گرفتار، ہرمتنفس اپنے اپنے کیف میں سرشار، گنہ گاروں اور خطاکاروں کی آج بن آئی ہے، آستانۂ شفیع المذنبین صلی اللہ علیہ وسلم تک رسائی ہے:
سجدوں سے اور بڑھتی ہے رفعت جبین کی
یہاں بھی نہ پائیں گے تو کہاں جائیں گے۔ آج بھی نہ گڑگڑائیں گے تو کدھر سر ٹکرائیں گے: 
’’اور (اے حبیب!) اگر وہ لوگ جب اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھے تھے آپ کی خدمت میں حاضر ہو جاتے اوراللہ سے معافی مانگتے اور رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی ان کیلئے مغفرت طلب کرتے تو وہ ضرور اللہ کو توبہ قبول فرمانے والا نہایت مہربان پاتے۔ ‘‘ (النساء:۶۴)۔ وعدہ پورا ہونے کے لئے ہے۔ محض لفظ ہی لفظ نہیں ہیں۔ 
ادھر یہ سب کچھ ہو رہا ہے، رند و پارسا، فاسق و متقی، سبھی اس دُھن میں لگے ہوئے ہیں، ادھر ایک ننگ ِ اُمت حیران و ششدر، فرطِ مہیب و جلال سے گنگ و مضطر، حواس باختہ، چپ چاپ سب سے الگ کھڑا ہوا ہے۔ نہ زبان پر کوئی دُعا ہے اور نہ دل میں کوئی آرزو۔ 
سر سے پیر تک ایک عالم ِ حیرت طاری، یاالٰہی! یہ خواب ہے یا بیداری؟ کہاں ایک مشت خاک، کہاں یہ عالم پاک، جل جلالہ جہاں ابوبکرؓ و علیؓ آتے ہوئے تھراتے ہوں، جہاں عمرؓ آواز سے بولتے ہوئے لرزتے ہوں، جہاں کی حضوری جبریل ؑ کے لئے باعث ِ فخر اور شرف کا سبب ہو، آج وہاں عبدالقادردریا بادی کا فرزند عبدالماجد اپنے گندا دل اور گندا تر قلب کے ساتھ بے تکلف اور بلاجھجک کھڑا ہوا ہے!
 دماغ حیران، عقل دنگ، زبان گنگ، ناطقہ انگشت بدنداں۔ نہ زبان یاوری کرتی ہے نہ لب کسی عرض معروض پر کھلتے ہیں۔ نہ دُعائوں کے الفاظ یاد پڑتے ہیں، نہ کسی نعت گو کی نعت خیال میں آتی ہے۔ چلتے وقت دل میں کیا ولولے اور کیسے کیسے حوصلے تھے! لیکن اس وقت سارے منصوبے یک قلم غلط، سارے حوصلے اور ولولے یک لخت غائب ہیں۔ 
لے دے کے جو کچھ یاد پڑ رہا ہے وہ محض کلامِ مجید کی بعض سورتیں ہیں، یا پھر وہی عام و معروف درود شریف، اور زبان ہے کہ بے سوچے سمجھے اور بغیر غوروفکر کئے انہی الفاظ کو رَٹے ہوئے سبق کی طرح اضطراراً دُہرائے چلی جارہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: حضرت عثمان ؓ ذوالنورین اورغنی تھے، شرم وحیا سخاوت و فیاضی میں ید طولیٰ رکھتے تھے

قصد ہے اور کہاں حاضری کا قصد ہے؟ وہاں کا جہاں کی تمنا اور آرزو نے بزمِ تصور کو سدا آباد رکھا ہے۔ خوشی کی کوئی انتہا نہیں۔ جسم کے روئیں روئیں سے مسرت کی خوشبو سی نکل رہی ہے۔ خوشی کے ساتھ ساتھ دل پر ایک دوسرا عالم بھی طاری ہے۔ یہ چہرہ جس پر گناہوں کی سیاہی پھر ی ہوئی ہے، کیا حضور نبی کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کے مواجہ شریف میں لے جانے کے قابل ہے؟ اے آلودۂ گناہ، اے سرتا بقدم معصیت، اے غفلت شعار، ان کے حضور جا رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے بعد پاکی، تقدیس، عصمت اور عظمت بس انہی کو سزاوار ہے، کس منہ سے روضۂ اَقدس کے سامنے اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہِ کہے گا۔ اس زبان نے کیسی کیسی فحش باتیں بکی ہیں، ان لبوں کو کتنی بُری بُری باتوں کیلئے جنبش ہوئی ہے، ان آنکھوں نے کیسی کیسی قانون شکنیاں کی ہیں، اے نافرمان غلام، اپنے آقا کے دربار میں جانے کی جرأت کس برتے پر کر رہا ہے؟
ان کی اطاعت سے کس کس طرح گریز کیا ہے، ان کے حکم کو کس کس عنوان سے توڑا ہے، ان کے اسوئہ حسنہ سے تیری زندگی کی کوئی دُور کی بھی نسبت رہی ہے!
کیسے ہی نافرمان اور بلاتوفیق سہی مگر نام لیوا تو انہی کے ہیں۔ کلمہ تو انہی کاپڑھتے ہیں۔ درود تو آپؐ ہی پر بھیجتے ہیں۔ ہم لاکھ کم ظرف اور نالائق سہی، لیکن جن کے ہم غلام ہیں وہ تو سب کچھ ہیں۔ جس نے خون کے پیاسے دشمنوں کو معافی دے دی، اس کی وسعت ظرف، مروت، عفو وکرم اور درگزر کی بھلا کوئی حد و نہایت ہے؟ مدینہ کی طرف اپنے کو متقی، نیکوکار اور پرہیزگار سمجھ کر ہم کب چلے تھے؟ اور اپنی پارسائی کا دعویٰ کسے ہے؟ یہاں تو بھاگے ہوئے غلاموں کی طرح حاضر ہوئے ہیں۔ ایک ایک آنسو کی بوند میں پشیمانی اور ندامت کے طوفان بند ہیں۔ 
اسی عالم خیال و تصور میں باب السلام سے داخل ہوئے اور مسجد نبویؐ میں جاپہنچے۔ یہ سر و قامت ستون، یہ مصفا جھاڑ فانوس، یہ نظرافروز نقش و نگار، ایک ایک چیز آنکھوں میں کھبی جارہی ہے۔ اور اس ظاہری چمک دمک سے بڑھ کر جمال و رحمت کی فراوانی، جیسے مسجد نبویؐ کے دَر و دیوار سے رحمت کی خنک شعاعیں نکل رہی ہیں :
دامان نگہ تنگ و گل حُسن تو بسیار
گل چین بہار توز داماں گلہ دارد
[مفہوم: نگاہ کا دامن تنگ ہے اور تیرے حُسن کے پھول بے شمار ہیں۔ تیری بہار سے پھول چننے والوں کو اپنے دامن کی تنگی کی شکایت ہے۔ ]
اس شعر کی معنویت آج سمجھ میں آئی۔ تجلیوں کا وہ ہجوم کہ آنکھیں جلوے سمیٹتے سمیٹتے تھکی جارہی ہیں۔ یہاں کے اَنوار کا کیا پوچھنا، یہ آفتاب جہاں تاب بے چارہ اس جلوہ گاہ کے ذرّوں کا ادنیٰ غلام ہے۔ دائیں بائیں، اُوپر نیچے، اِدھر اُدھر روشنی ہی روشنی مگر لطف یہ کہ آنکھیں خیرہ نہیں ہوتیں۔ یہ آنکھوں کا نہیں خود یہاں کی تجلیوں کا کمال ہے۔ 
جب ہم مسجد نبوی ؐ میں حاضر ہوئے ہیں تو ظہر کی نماز تیار تھی۔ سنتوں کے بعد جماعت سے نماز ادا کی۔ کہاں ؟ مسجد نبویؐ اور سجدہ گاہ مصطفویؐ میں ! پیشانی کی اس سے بڑھ کر معراج اور کیا ہوگی؟ نماز کے بعد اب روضۂ اَقدسؐ کی طرف چلے، حاضری کی بے اندازہ مسرت کے ساتھ اپنی تہی دامنی اور بے مائیگی کا احساس بھی ہے۔ یہی سبب ہے کہ درود کیلئے آواز بلند ہوتے ہوتے بھنچ بھی جاتی ہے۔ قدم کبھی تیز اُٹھتے ہیں اور کبھی آہستہ ہوجاتے ہیں ۔ مواجہ شریف میں حاضر ہونے سے پہلے قمیص کے گریبان کے بٹن ٹھیک کیے، ٹوپی کو سنبھالا اور پھر:
وہ سامنے ہیں ، نظامِ حواس برہم ہے
نہ آرزو میں سکت ہے، نہ عشق میں دَم ہے
زائرین بلندآواز سے درود و سلام عرض کر رہے ہیں اور کتنے تو جالی مبارک کے بالکل قریب جاپہنچے ہیں، مگر اس کمینے غلام کے شوقِ بے پناہ کی یہ مجال کہاں ؟ چند گز دُور ہی ستون کے قریب کھڑا ہوگیا۔ ہاتھ باندھے ہوئے مگر نماز کی ہیئت سے مختلف، آہستہ آہستہ صلوٰۃ و سلام عرض کررہا ہوں کہ حضوؐر کی محفل کے آداب کا یہی تقاضا ہے اور یہ آداب خود قرآن نے سکھائے ہیں :
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللہِ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَاحَبِیْبَ اللہِ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلَیْکَ یَاخَیْرَ خَلْقِ اللہِ
زبان سے یہ لفظ نکلے اور آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے [اور یہ اشعار ڈھل گئے]:
پاک دل، پاک نفس، پاک نظر، کیا کہنا
بعد مکہ کے مدینہ کا سفر کیا کہنا
جیسے جنّت کے دریچوں سے جھلکتی ہو بہار
پہلی منزل ہی کے اَنوارِ سحر کیا کہنا
تپش شوق بھی ہے، گرمیِ موسم بھی ہے
اور پھر اس پہ مرا سوزِ جگر کیا کہنا
راہ طیبہ کے ببولوں پہ مچلتی ہے نگاہ
مرحبا! دیدۂ فردوس نگر کیا کہنا
خشک آنکھوں کو مبارک ہو یہ طغیانی ٔ شوق
ہیں رواں اَشک بہ انداز دگر کیا کہنا
سنگریزے ہیں کہ جاگی ہوئی قسمت کے نجوم
خارِ منزل ہیں کہ انگشت خضر کیا کہنا 
(ماہنامہ ترجمان القرآن)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK