Inquilab Logo Happiest Places to Work

وقف املاک کی حفاظت ایک ملی فریضہ ہے!

Updated: April 18, 2025, 4:25 PM IST | Dr. Muhammad Wase Zafar | Mumbai

ملی اداروں اور ان کے اثاثوں پر پوری قوم و ملت اور اس کی نسلوں کا حق ہوتا ہے، لہٰذا ان میں کیا گیا کوئی خرد برد کبھی معاف نہیں ہوسکتا کیوں کہ سب مل کر خائن کو معاف کردیں، اس کا کوئی امکان نہیں۔

Waqf properties are trusts in which one must be held accountable for betrayal. Photo: INN
وقف کی املاک امانت ہیں جن میں خیانت کی جوابدہی کرنی ہوگی۔ تصویر: آئی این این

وقف املاک ملت اسلامیہ کی امانت ہیں خواہ وہ کسی کے ہاتھوں میں ہوں۔ ان کا استعمال ان ہی مقاصد کے حصول کے لئے ہونا چاہیے جن کے لئے وہ وقف کی گئی ہیں۔ متولیان، ٹرسٹیان، وقف بورڈ کے اراکین اور وہ تمام لوگ جو ان کے انتظام و انصرام کی ذمے داری قبول کرتے ہیں، ان کے اوپر یہ لازم ہے کہ ان مقاصد کو پیش نظر رکھیں جن کے تحت کوئی بھی جائیداد وقف کی گئی ہے اور اس کا استعمال ان ہی مقاصد کے لئے کریں۔ اگر وہ یہ کام نہیں کرتے اور ذاتی منفعت یا دوسرے مقاصد کے لئے اس کا استعمال کرتے ہیں، تو وہ خیانت کے مرتکب ہوتے ہیں جس کی شرع میں بڑی مذمت کی گئی ہے۔ متولیان، ٹرسٹیان اور وقف بورڈ کے ذمے داران کو اس طرح کی جائیداد سے خود استفادے کا اتنا ہی حق حاصل ہے جتنا دستور کے مطابق طے کیا گیا ہو۔ اگر کوئی شخص اس سے زیادہ فائدہ حاصل کرلیتا ہے یا اس میں خرد برد کرتا ہے تو وہ بھی خیانت کا مرتکب قرار پائے گا۔ نیز انتظامی، استحکامی و بقائی امور سے متعلق فیصلوں اور اخراجات میں بھی ملت اسلامیہ کی وسیع تر بھلائی کو پیش نظر رکھنا اور اس بات کا خیال رکھنا بھی ذمے داران پر ضروری ہوگا کہ جائیدادِ وقف وقت کے ساتھ برباد یا ناپید نہ ہونے پائے، اس نہج سے ہٹ کر لیا گیا ہر فیصلہ بھی خیانت کے زمرے میں آئے گا اور اس کے لئے خدا کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ 
 اس لئے وقف املاک کے انتظام و انصرام کی ذمے داری کوئی معمولی ذمے داری نہیں ہے بلکہ بہت ہی اہم اور آزمائشوں سے بھری ہوئی ذمے داری ہے جس کے طلبگار ہونے سے حتی الامکان پرہیز کرنا چاہئے۔ تاہم اگر قوم و ملت نے کسی شخص کو ان املاک کی نگرانی کی ذمے داری مشورے سے سونپ دی اور اس نے ملت اسلامیہ کے وسیع تر مفاد میں اسے قبول کرلی، تو پوری امانت داری کے ساتھ اس ذمے داری کو نبھانے کی کوشش کرے ورنہ قیامت کے دن خیانت کے جرم میں پکڑا جائے گا اور قہر خداوندی سے اسے کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔ یہی معاملہ تمام ملی اداروں کی ذمے داری کا بھی ہے۔ ملی اداروں اور ان کے اثاثوں پر پوری قوم و ملت اور اس کی نسلوں کا حق ہوتا ہے، لہٰذا ان میں کیا گیا کوئی خرد برد کبھی معاف نہیں ہوسکتا کیوں کہ سب مل کر خائن کو معاف کردیں، اس کا کوئی امکان نہیں۔ کسی انفرادی شخص کے مال میں اگر کسی نے خیانت کردی تو کم از کم اس کی حیات تک اس سے معافی تلافی کا امکان رہتاہے لیکن قوم و ملت کے اثاثے میں بے جا تصرف یا خیانت کی کس کس سے معافی مانگے گا؟ یہ بالکل ناممکنات میں سے ہے۔ اس لئے اللہ کے رسول ﷺ نے اس خیانت سے بہت محتاط رہنے کی تلقین کی ہے اور امانت داری کو ایمان کا لازمی جزو قرار دیا ہے۔ آپؐ اپنے خطبوں میں اکثر یہ فرمایا کرتے تھے: (ترجمہ) ’’اس کا کوئی ایمان نہیں جو امانت دار نہیں اور اس کا کوئی دین نہیں جو عہد کا پابند نہیں۔ ‘‘ (مسند الامام احمد بن حنبلؒ، مکتبہ دارالسلام، ریاض، طبع اول ۲۰۱۳ء، حدیث نمبر ۱۲۳۸۳)

یہ بھی پڑھئے:آپؐ کا اسوہ، کامل ضابطۂ حیات ہے مگر کتنے لوگ اسےعملاً قبول کرتے ہیں؟

قرآن کریم نے امانت کے سلسلے میں یہ ہدایت دی ہے: (ترجمہ): ’’بے شک اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانت والوں کی امانتیں انہیں پہنچاؤ اور جب لوگوں کا فیصلہ کرو تو عدل و انصاف سے فیصلہ کرو، یقیناً وہ بہتر چیز ہے جس کی نصیحت تمہیں اللہ کررہا ہے، بے شک اللہ سب کچھ سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے۔ ‘‘ (سورۃ النساء:۵۸) نیز قرآن کریم کا یہ بھی اعلان ہے:(ترجمہ) ’’بلا شبہ اللہ تعالیٰ خیانت کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ ‘‘ (سورۃ الانفال: ۵۸) نیز یہ بھی ارشاد باری تعالیٰ ہے: (ترجمہ): ’’اور کسی نبی کی نسبت یہ گمان ہی ممکن نہیں کہ وہ کچھ چھپائے گا، اور جو کوئی (کسی کا حق) چھپاتا ہے تو قیامت کے دن اسے وہ لانا پڑے گا جو اس نے چھپایا تھا، پھر ہر شخص کو اس کے عمل کا پورا بدلہ دیا جائے گا اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔ ‘‘ (سورۃ آل عمران : ۱۶۱)
 اللہ کے رسول ﷺ نے یہ فرمایا کہ وہ خیانت کرنے والوں کی بروز حساب کوئی مدد نہیں کریں گے۔ حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ہمیں خطاب فرمایا اور غلول (یعنی خیانت) کا ذکر فرمایا، نیز اس جرم کی ہولناکی کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ میں تم میں سے کسی کو بھی قیامت کے دن اس حالت میں نہ پاؤں کہ اس کی گردن پر بکری لدی ہوئی ہو، اور وہ ممیا رہی ہو یا اس کی گردن پر گھوڑا لدا ہوا ہو، اور وہ ہنہنا رہا ہو…
… اور وہ شخص مجھ سے کہے کہ یا رسول اللہ ﷺ! میری مدد فرمائیے لیکن میں یہ جواب دے دوں کہ تیرے لئے میں کسی چیز کا اختیار نہیں رکھتا، میں نے تو اللہ کا پیغام تم تک پہنچا دیا تھا۔ یا اس کی گردن پر اونٹ لدا ہوا ہو، اور بلبلا رہا ہو، اور وہ شخص کہے کہ یا رسول اللہ ﷺ! میری مدد فرمائیے لیکن میں یہ جواب دے دوں کہ میں تمہاری کوئی مدد نہیں کرسکتا، میں نے تو اللہ کا پیغام تمہیں پہنچا دیا تھا یا ( اس حال میں آئے کہ) وہ اپنی گردن پر سونا، چاندی اور دیگر اسباب لادے ہوئے ہو، اور مجھ سے کہے کہ یا رسول اللہ ﷺ! میری مدد فرمائیے لیکن میں اس سے یہ کہہ دوں کہ آج تمہارے لئے میں کچھ نہیں کرسکتا، میں نے تو اللہ کا پیغام تمہیں پہنچا دیا تھا، یا اس کی گردن پر کپڑے کے ٹکڑے لدے ہوں جو اسے حرکت دے رہے ہوں اور وہ کہے کہ یا رسول اللہ ﷺ! میری مدد کیجئے اور میں یہ کہہ دوں کہ آج میں تمہاری کوئی مدد نہیں کرسکتا، میں نے تو اللہ کا پیغام تم تک پہنچا دیا تھا۔ (صحیح البخاریؒ، حدیث نمبر ۳۰۷۳)
 اسی طرح رسول اللہ ﷺکا ارشاد ہے: (ترجمہ): ’’جس نے حق کے بغیر ایک بالشت زمین بھی حاصل کی، قیامت کے دن وہ سات زمینوں تک اس کی گردن کا طوق بنا دی جائے گی۔ ‘‘ (صحیح مسلمؒ، حدیث نمبر ۴۱۳۳)۔ حضرت معقل بن یسارؓ سے روایت ہے کہ رسول ﷺ نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص مسلمانوں کا حاکم (یعنی ان کے امور کا ذمے دار) بنایا گیا اور اس نے ان کے معاملے میں خیانت کی اور اسی حالت میں مرگیا تو اللہ تعالیٰ اس پر جنت کو حرام کردیتا ہے۔ (صحیح البخاریؒ، حدیث نمبر ۷۱۵۱)۔ نبی کریم ﷺ کے اسباب پر ایک صاحب مقرر تھے جن کا نام کرکرہ تھا۔ ان کا انتقال ہوگیا، آنحضرت ﷺ نے فرمایا: ’’وہ تو جہنم میں گیا۔ ‘‘ صحابہ کرام انہیں دیکھنے گئے اور ان کے اسباب کی تلاشی لی تو ایک عباء جسے خیانت کر کے انہوں نے چھپا لیا تھا، ان کے یہاں ملی۔ (صحیح البخاریؒ، حدیث نمبر ۳۰۷۴، بروایت حضرت عبداللہ بن عمروؓ) 
 غور کرنے کا مقام ہے کہ ایک عباء کی وجہ سے ایک شخص جہنم رسید ہوگیا جسے نبی کریم ﷺ کی رفاقت حاصل تھی، تو جو لوگ وقف کی املاک میں خرد برد کرتے ہیں اور ناجائز طریقے سے ان پر قابض ہوجاتے ہیں، ان کا کیا حشر ہوگا؟ لیکن ان سب انذار و تحذیر کے باوجود اوقاف کی جائیدادوں اور امارت شرعیہ کی املاک کے ساتھ ان کے متولیان، ٹرسٹیان، ذمے داران اور اراکین نے زبردست خیانتیں کیں جن کے نتیجے میں حکومت وقت کو یہ موقع ملا کہ وہ ان اداروں میں دخل اندازی کرے۔ آج وقف کی املاک کے سلسلے میں ملک عزیز میں جو صورت حال درپیش ہے، اس کے ذمے دار دراصل وقف بورڈ کے وہ نااہل عہدے داران ہیں جنہوں نے وہاں لوٹ مچارکھی تھی۔ ان لوگوں نے قوم و ملت کے وسیع تر مفادات میں ان املاک کا استعمال نہیں کیا بلکہ سیاسی بازی گروں، زمین مافیاؤں اور مقامی افسران کے ساتھ ساز باز کر کے ملی مفادات کو نقصان پہنچایا اور حقیر ذاتی منفعت و مراعات حاصل کیں۔ ارباب حکومت نے جب یہ کھیل دیکھا تو ان کی نیت خراب ہوئی اور نتیجہ آج وقف ترمیمی قانون، ۲۰۲۵ (Waqf Amendment Act, 2025) کی شکل میں سب کے سامنے ہے جس کے توسط سے وقف املاک کے انتظام و انصرام میں حکومتی مداخلت کی راہ بالکل ہموار ہوچکی ہے۔ 
 دراصل بحیثیت مجموعی ہم نے اب تک یہی ثابت کیا ہے کہ ہم ان ذمے داریوں کے اہل نہیں ہیں اور کوئی بھی ملی ادارہ ہم امانت داری اور دیانت داری کے ساتھ نہیں چلا سکتے۔ آپ غور کرکے دیکھ لیجئے، سارے ملی اداروں کا ہم نے کیا حشر کیا ہوا ہے؟ ایک بھی ادارہ آپ کو شاید ہی صحیح نہج پر ملے۔ ہر جگہ آپ کو مجرمانہ خیانت، موروثیت، اقربا پروری، ذات پات، علاقائیت وغیرہ کا دخل ملے گا۔ واضح رہے کہ اہل کو چھوڑ کر مختلف بنیادوں پر نااہلوں کو عہدے اور ذمے داریاں دینا بھی بہت بڑی خیانت ہے۔ یہ بھی جان لیں کہ دستور خداوندی ہے کہ جب کوئی قوم اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی ناقدری کرتی ہے اور ان نعمتوں کا استعمال اس کی مرضی کے مطابق نہیں کرتی، تو اللہ تعالیٰ ان نعمتوں کو چھین کر انہیں دوسرے ہاتھوں میں سونپ دیتا ہے۔ دیکھئے اگلی قوموں کی پکڑ کا سبب بیان کرتے ہوئے قرآن کریم کیا اعلان کررہا ہے؟ (ترجمہ): ’’یہ (عذاب) اس وجہ سے ہے کہ اللہ کسی نعمت کو ہرگز بدلنے والا نہیں جس کی اس نے کسی قوم پر اَرزانی فرمائی ہو یہاں تک کہ وہ لوگ اَز خود اپنی حالت ِ نعمت کو بدل دیں (یعنی کفرانِ نعمت اور معصیت و نافرمانی کے مرتکب ہوں اور پھر ان میں احساسِ زیاں بھی باقی نہ رہے تب وہ قوم ہلاکت و بربادی کی زد میں آجاتی ہے)، بیشک اللہ خوب سننے والا جاننے والا ہے۔ ‘‘ (سورۃ الانفال: ۵۳) اِس آیت کریمہ کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کچھ صفات و کردار کی بنیاد پر کسی قوم کو کسی نعمت سے نوازتا ہے اور تب تک وہ نعمت اس سے سلب نہیں کرتا جب تک اس قوم کے افراد خود کو ان صفات و کردار سے محروم نہیں کرلیتے۔ 
 غور کیجئے کہ ہندوستان پرسیکڑوں سال حکومت کرنے والی قوم آج کیوں محکوم ہے اور ذلت آمیز زندگی گزارنے پر مجبور ہے، کیونکہ جب حکومت کی نعمت اسے حاصل تھی تو اس نے اس کی قدر نہیں کی؛ اہل اقتدار عیاشیوں میں زندگی گزارنے لگے اور خدا کے دین کو بالکل فراموش کردیا۔ اس کی تبلیغ و اشاعت اور قبولیت کیلئے کچھ بھی اقدامات نہیں کئے، آج ان کے سر پر مفت کی بدنامی ہے اور نتائج مسلمانوں کی پوری نسل بھگت رہی ہے۔ وقف بورڈ اور اس کے قوانین کے ساتھ بھی خدا کی وہی سنت دہرائی جارہی ہے مگر ہم ہوش کے ناخن لینے کو اب بھی تیار نہیں۔ 
 اس تحریر کا یہ مقصد بالکل نہیں کہ احقر وقف سے متعلق امور میں حکومتی مداخلت کے حق میں ہے، نہیں بالکل نہیں ! تمام تر خرابیوں کے باوجود ہم کبھی بھی یہ نہیں چاہیں گے کہ ہمارے آباءو اجداد کی وقف املاک غیروں کے تصرف میں ہوں۔ ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ ہم ابھی بھی اپنا محاسبہ کریں اور ضروری اصلاحات کو بروئے کار لائیں۔ متولیان، ٹرسٹیان، وقف بورڈ کے اراکین اور ذمے دار مسلمان توبہ کرکے اللہ تعالیٰ سے اپنے فرائض میں کوتاہی کی معافی مانگیں اور تمام مسلمان متحد ہوکر حکومتی فیصلے کے خلاف جمہوری، آئینی اور پر امن طریقے سے ملک گیر پیمانے پر احتجاج کریں۔ یہ یاد رکھیں کہ وقف کی املاک ملت اسلامیہ کی امانت ہیں اور ان کی حفاظت کی ذمے داری صرف متولیان، ٹرسٹیان یا وقف بورڈ کے اراکین پر ہی نہیں بلکہ ملت کے ہر ذی شعور فرد پر عائد ہوتی ہے۔ اس لئے ان کی حفاظت اور ملی حقوق کی بازیابی کی ہر ممکن جد و جہد میں یک جہتی کے ساتھ شامل ہوں۔ 
 کچھ مفاد پرستوں نے ایسے نازک موقع پر بھی جب کہ ملک عزیز میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے، ان کے حقوق رفتہ رفتہ سلب کئے جارہے ہیں اور ملی اتحاد کی سخت ضرورت ہے، نفاق کی راہ اپنا لی ہے اور حکومت کی حمایت میں آگئے ہیں۔ کچھ دوسرے، ارباب اقتدار کے اس جھانسے میں آگئے ہیں کہ حکومت وقف املاک کو پس ماندہ طبقے کی ترقی کے لئے استعمال کریگی۔ کیا یہ محض ان کی سادہ لوحی کہلائے گی کہ سفید جھوٹ سرعام بولنے والوں پر اعتبار کر رہے ہیں ؟ کیا وہ نہیں سمجھ رہے کہ بورڈ میں غیر مسلم اراکین کو شامل کرنے اور حکومت کے نامزد افسران کو اختیارات منتقل کرنے کی دفعات لانے کے پیچھے ان کی کیا سوچ کارفرما ہے اور اس کے مضمرات کیا ہوں گے؟ کیا وہ یہ بھی نہیں دیکھتے کہ جن لوگوں نے اپنی ہی ملت کے پسماندہ طبقے کے لئے کچھ نہیں کیا بلکہ انہیں جو آئینی مراعات حاصل ہیں انہیں بھی سلب کرنے پر آمادہ ہیں، وہ آپ کے لئے کچھ کریں گے؟ دراصل یہ مفاد پرست لوگ ہیں، انہیں ملت کے پس ماندہ طبقے سے بھی کچھ نہیں لینا دینا بلکہ ان کے نام پر اپنی سیاسی روٹیاں سینکنا ہے۔ ایسے مفاد پرستوں، منافقوں اور سرکاری ایجنٹوں کا بائیکاٹ کریں خواہ وہ مولویوں کی شکل میں ہوں یا سیاسی لیڈران کی شکل میں۔ یاد رکھیں کہ جو شخص ملت کو کسی بھی بنیاد پر تقسیم کررہا ہو، وہ ملت کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا اور نہ ہی وہ قائد تسلیم کئے جانے کے لائق ہے، اس سے دوری بنائے رکھنا ہی بہتر ہے۔ اگر ایسے مفاد پرستوں، خائنوں اور ملت کا شیرازہ بکھیرنے والوں کو سبق نہیں سکھایا گیا اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے متحد ہوکر سینہ سپر نہیں ہوا گیا تو ہماری آپ کی یہ ذلت جاری رہے گی، رُکے گی نہیں۔ آپ کی نسلوں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑسکتا ہے بلکہ پڑے گا۔ اللہ تعالیٰ سب کی حفاظت فرمائے اور سب کو صحیح سمجھ نصیب کرے۔ آمین! وما علینا الا البلاغ
(مضمون نگار پٹنہ یونیورسٹی کے استاذ و سابق صدر، شعبہ تعلیم ہیں )

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK