کامیابی کے اس سفر میں کچھ خاص باتوں کو یاد رکھیں۔کامیابی کے ضامن یہ عناصر ہیں: (الف) ٹائم مینجمنٹ یا پابندی وقت (ب ) ذہنی سکون (ج) یکسوئی (د) مصمم ارادے اور (ھ) جہد مسلسل۔ انہی عناصر سے انسان کی شخصیت سازی ہوتی ہے۔
EPAPER
Updated: September 15, 2024, 6:16 PM IST
|
Mubarak Kapdi
کامیابی کے اس سفر میں کچھ خاص باتوں کو یاد رکھیں۔کامیابی کے ضامن یہ عناصر ہیں: (الف) ٹائم مینجمنٹ یا پابندی وقت (ب ) ذہنی سکون (ج) یکسوئی (د) مصمم ارادے اور (ھ) جہد مسلسل۔ انہی عناصر سے انسان کی شخصیت سازی ہوتی ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اِداروں کیلئے ہمارے لاکھوں طلبہ کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ مکمل منصوبہ بندی، پختہ عزم اور کمٹمنٹ کے ساتھ اس سفر کا آغاز ہوجاتا ہے تو ہمیں یقین ہے عزیز طلبہ کہ آپ میں سے کوئی بھی طالب علم دائیں یا بائیں نہیں مُڑے گا، یُوٹرن (واپسی) تو بالکل نہیں۔ بس چند بنیادی باتیں ہمارے طلبہ ذہن نشین کرلیں : یہ بھی پڑھئے:کالج میں داخلہ، وہاں کا ماحول، چیلنجز اورطلبہ کا پہلا امتحان (۴) صحیح اسٹڈی مٹیریل: اسکول میں نصابی کتابیں طے ہوتی ہیں البتہ کالج میں کئی مصنفوں کی کتابیں دستیاب رہتی ہیں۔ آپ کو چاہئے کہ اُن سے صحیح کتابوں کا انتخاب کریں۔ ایک ہی موضوع ایک سے زائد کتابوں کو یاد کرنے سے گریز کریں۔ جس کسی مصنف کی کتاب میں کوئی موضوع سب سے اچھا لگے، اس پر پنسل سے نشان لگالیں۔ پنسل لکھنے کے سارے آلات میں بظاہر سب سے کمزور لیکن آپ کی پڑھائی کا سب سے طاقتور ہتھیار ہے کیونکہ دوران مطالعہ پنسل کی اہم نکات پرکی جانے والی نشانیاں امتحان کے دنوں میں آپ کے کام آئیں گی، اُن دنوں پنسل سے کی گئی نشاندہی پر بھی نظر ثانی کی جاتی ہے تو اعادہ ہو جاتا ہے۔
(۱) کاؤنسلنگ : ہونا تو یہ چاہئے کہ جیسے ہی آپ کا بچّہ دسویں جماعت میں داخل ہو جائے اس کی تعلیمی، وو کیشنل اور نفسیاتی کائونسلنگ شروع ہو جائے تا کہ بچّے کے سامنے اس کے نصب العین کی نشاندہی ہو وہ اس کے حصول کی منصوبہ بندی اور ٹائم ٹیبل بنانے کا فن سیکھ سکے۔ اگر اِس وقت بھی اس کی کاؤنسلنگ نہیں ہوئی تو اس بچے کی ہر صبح اپنے آپ سے یہ سوال کرتے شروع ہوگی کہ آخر میں کیا کروں ؟ اور رات بھی یہی سوال کرتے کرتے ختم ہو جائے گی۔ گزشتہ چار دہائیوں کے طلبہ کی رہنمائی کے سفر میں ہم نے دیکھا ہے کہ جن طلبہ کے والدین کالج میں داخلے کے وقت محض وقتی رہنمائی نہیں کرتےبلکہ آخری سال تک کا روڈ میپ اُن کے سامنے رکھتے ہیں، وہ طلبہ کبھی ڈراپ آئوٹ نہیں ہوتے۔ اُن کی نگاہیں ہمیشہ اپنی آخری منزل پر ٹکی رہتی ہیں۔ وہ اپنے مقصد کے تئیں اتنے کمیٹیڈ رہتے ہیں کہ دائیں، بائیں مُڑنے کے بارے میں کبھی سوچتے ہی نہیں۔
(۲) مضبوط قوت ارادی: اپنے کریئر کا سفر آپ مضبوط قوتِ ارادی اور مکمل خود اعتمادی کے ساتھ شروع کیجئے کہ حالات خواہ جیسے بھی ہوں، جیب میں بس اور رِکشا کیلئے پیسے نہ ہوں، میلوں پیدل چلنا پڑے یا چنے پھانکنے پڑیں۔ آپ طے کر لیجئے کی بہر حال اپنے مقصد کو حاصل کر لیں گے۔ یہاں آپ کو ہربار یہ یادرکھنا ہے کہ پُرانے وقتوں سے لے کر حالیہ زمانے تک سارے کامیاب افراد بڑے اور کٹھن مراحل سے گزرے، فاقے کئے، خوب جد وجہد کی اور پھر کامیاب ہوئے۔ یہ بھی خیال رہے کہ جنھوں نے جد و جہد کے بعد کامیابی حاصل کی، اُن کی کامیابی ہی پائیدار ثابت ہوئی۔ زندگی نے ہزار بار اُن کا امتحان لیا اور ہر بار وہ سُرخ رو ہوئے۔
(۳) سوشل میڈیا : اس صدی کی سب سے بڑی وبا کو وِڈ اسکول /کالج کے نوجوانوں کے ہاتھ میں فورجی/فائیوجی موبائیل اور اُس کی بناء پر سوشل میڈیا نام کی ایک بَلاتھما گئی ہے۔ چوتھی/پانچویں یاساتویں /آٹھویں جنریشن کی ٹیکنالوجی کوئی بُری بات نہیں البتہ دنیا بھر میں شیطانی دماغوں نے ایسے ایسے ایپس تیار کئے ہیں جو بآسانی اور مفت میں ہر کسی تک پہنچیں اور نئی نسل اُن پر واری نیاری بلکہ دیوانی ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے نوجوان نسل کیلئے وہ ایک نشہ بن گئی۔ عزیز طلبہ آج آپ اپنے کریئر کا آغاز کرنے جارہے ہیں، آپ کی ساری منصوبہ بندی آپ کے روزانہ کے ٹائم ٹیبل، یکسوئی اور ارتکاز یا فوکس کرنے کی ساری صلاحیتوں کی سب سے بڑی دشمن یہ سوشل میڈیا کی لَت ہے۔ کل تک آپ کے ہاتھوں کی اُنگلیاں کتاب کے صفحات پلٹنے کی عادی تھیں، تب تک سب معاملہ درست تھا البتہ یہ اُنگلیاں جب سے موبائیل کے اسکرین پر تیز رفتاری سے چلنے لگیں، اُن اُنگلیوں کی لکھنے کی رفتار تھم گئی۔ تخلیقی صلاحیتیں منجمد ہونے لگیں، بس بگاڑ وہیں سے شروع ہوگیا۔ یہ انگلیاں کتاب کے صفحات پلٹنے پر واپس آجانی ضروری ہیں۔
(۵) حاضری: اسکول میں پڑھائی کی رفتار یوں ہوتی ہے کہ ہر پریڈ میں ۷/۸ ؍صفحات پڑھائے جاتے ہیں۔ البتہ کالج میں ایک پریڈ میں ۳۰/۴۰؍ صفحات تک پڑھائے جاتے ہیں لہٰذا کالج کے ایک پریڈ میں غیر حاضر رہنا کتنا نقصان دہ ہو سکتا ہے اس کا اندازہ آپ بخوبی کر سکتے ہیں لہٰذا محکمہ تعلیم کی شرط بھلے ہی صرف۷۵؍ فیصد حاضری کی ہے لیکن آپ ۱۰۰؍ فیصد حاضر رہیں۔
(۶) روزانہ کی پڑھائی : کامیابی ہمیشہ صرف انہی کے ہاتھ آتی ہے جو آج کا کام کل پر نہیں ٹالتے بلکہ روز کا کام روز کرتے ہیں۔ یعنی ہر روز با خبر، بیدار اور فعال رہتے ہیں۔ پڑھائی کے سلسلے میں طلبہ اگر یہ سوچتے ہیں کہ ایک دن ساری پڑھائی کریں گے، ایک دن سارا اعادہ کریں گے تو وہ ایک دن کبھی نہ آئے گا۔ اب ہر کورس میں نصاب سخت سے سخت اور وسیع تر ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی بناء پر مقابلہ آرائی بھی بڑھتی جارہی ہے اسلئے اب عین وقت پر کام کرنے کی عادت چھوڑ دیجئے۔ کچھ طلبہ عین وقت پر پڑھائی کر کے بھی پاس ہو جاتے ہیں جس سے یہ غلط فہمی عام ہونے لگتی ہے کہ عین وقت پر کام کرکے بھی کامیابی حاصل ہوسکتی ہے لیکن یہ محض اتفاقیہ کا میابی ہوتی ہے۔ ورنہ دستور زندگی تو یہی ہے اور قانون فطرت بھی کہ پابندی وقت اور احساس ذمہ داری ہی سے پائیدار کا میابی مل سکتی ہے۔ مادّی، دینی، فکری اور روحانی سبھی کامیابی صرف پابندیٔ وقت اور جہدِ مسلسل ہی سے ممکن ہے۔
(۷) امتحان کی تیاری:کالج کے ہر امتحان سے پہلے آپ کو چاہئے کہ آپ نمونے کے امتحانی پرچے زیادہ سے زیادہ حل کریں۔ کچھ بچّے یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ نمونے کے پرچے اگر ہم حل بھی کرلیں تو انہیں جانچنے کیلئے کوئی ممتحن یا استاد دستیاب نہیں ہے تب بھی وہ مشق آپ اسلئے جاری رکھیں کہ ماڈل پر چے حل کر کے ہی آپ میں خود اعتمادی آئے گی، لکھنے کی مشق ہوگی اور ایک وقت آئے گا جب آپ خود فیصلہ کر پائیں گے کہ آپ کی پڑھائی کی چال و رفتار، اصلیت اور حقیقت کیا ہے؟ آپ کہاں کھڑے ہیں اور بہتر کارکردگی کیلئے آپ کو اور کیا کرنا ہے۔
(۸)پرسنالٹی ڈیولپمنٹ: نوجوانو! کامیابی کے ضامن یہ عناصر ہیں : (الف) ٹائم مینجمنٹ یا پابندی وقت (ب ) ذہنی سکون (ج) یکسوئی (د) مصمم ارادے اور (ھ) جہد مسلسل۔ انہی عناصر سے انسان کی شخصیت سازی ہوتی ہے۔ یہ شخصیت سازی یعنی پرسنالٹی ڈیولپمنٹ آج کروڑوں کا مارکیٹ ہے۔ آج بازار میں اس کے تعلق سے کئی ایسے کورسیز ہیں جن کے ذریعہ وقت کی پابندی، جلد اور صحیح فیصلہ کرنے کی صلاحیت، مشکلات میں بھی ذہنی انتشارسے بچنے کا گر سکھایا جاتا ہے۔ البتہ نو جوانو ! ہمارے پاس ایک ایسا کورس ہے جس کی کوئی فیس نہیں ہے اس کا نام ہے نماز، دوستو! اگر وقتی یا مادّی نہیں بلکہ حقیقی کامیابی چاہتے ہیں تو اس کورس کی پابندی کریں۔ دنیا بھر کا سارا مارکیٹ آپ چھان پھٹک لیں، ٹائم مینجمنٹ اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کیلئے اس سے بہتر کورس آپ کو نہیں ملے گا۔ نئے تعلیمی سال کیلئے ہماری تمام تر نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔