• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہ گیت ماں کی محبت کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے

Updated: December 25, 2023, 1:00 PM IST | Pradeep Niphadkar | Mumbai

مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی ۲۵؍ ویں قسط میں ملاحظہ کریںمدھو سودن کالیلکر کا تحریر کردہ یہ گیت جسے این دتہ نے موسیقی سے سجایا ہے۔

The love of mother and her greatness have been described in different ways by poets in every era and in every language. Photo: INN
ماں کی محبت اور اس کی عظمت کا بیان ہر دور میں اور ہر زبان میں شعراء نے الگ الگ انداز میں کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

’’ماں‘‘،یہ ایک لفظ ہماری پوری دنیا ہے۔ماں کی محبت کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ بچہ کیسا بھی ہو ماں تو ماں ہوتی ہے۔ اس کے جذبات اور اس کی محبت اس دنیا میں سب سے معصوم اور سب سے زیادہ پاک قرار دئیے جاتے ہیں۔دنیا میں ماں ایک ایسا رشتہ ہے جس کاکوئی نعم البدل نہیں ہے ۔ ماں خدا کی محبت کا دنیا میں ایک روپ ہے۔ ماں سے زیادہ اولاد سے محبت کرنے والا کوئی اور نہیں۔ ماں کی قدموں میں جنت رکھی گئی ہے ۔ماں اپنے بچوں کے لئے جیتی ہے اور بچے اس کی سب سے بڑی دولت ہوتے ہیں۔ ماں شفقت ، خلوص ، بے لوث محبت اور قربانی کا دوسرا نام ہے۔ ماں دُنیا کا وہ پیارا لفظ ہے جس کو سوچتے ہی ایک محبت ، ٹھنڈک ، پیار اور سکون کا احساس ہوتا ہے۔ اس کا سایہ ہمارے لئے ٹھنڈی چھائوں کی مانند ہے۔ چلچلاتی دھوپ میں اس کا دستِ شفقت شجرِسایہ دار کی طرح سائبان بن کر اولاد کو سکون کا احساس دلاتا ہے۔ احمد سلمان کا یہ شعر ہے کہ ’’سب نے مانا مرنے والا دہشت گرد اور قاتل تھا =ماں نے پھر بھی قبر پہ اس کی راج دلارا لکھا تھا ‘‘،یہ تو ماں کے تعلق سے جذبات کی عکاسی ہوئی لیکن اس خاتون کا درد کوئی نہیں سمجھ سکتا جو ماں بننے کی سعادت سے محروم ہو۔ اس کے کرب کا احساس ہمیں مراٹھی کے مشہور شاعر مدھو سودن کالیلکر  نے اپنے الفاظ میں کروایا ہے۔ مراٹھی فلم ’بالا گائو کشی انگائی (میرے لاڈلے ، میں کیسے لوری گائوں؟)‘، میں ان کا یہ گیت تھا۔ ۱۹۷۷ء میں ریلیز ہوئی اس فلم میں آشا کالے کی بہن وتسلیہ دیشمکھ اور وکرم گوکھلے نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ یاد رہے کہ مدھوسودن کالیلکر کے بارے میں ہم ’ آلی ماجھیا گھری ہی دیوالی‘ گانے میں پڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے یہ گیت لکھ کر این دتہ جی کو سونپ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے : محبوب کے انتظار کا لطف بیان کرتا ہوا گیت

این دتہ مراٹھی فلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ انڈسٹری کے بھی  جانے مانے موسیقار تھے ۔ انہوں نے بالی ووڈ کے کئی مشہور گیتوں کو موسیقی سے سجایا ہے جن میں ’میں نے چاند اور ستاروں کی تمنا کی تھی (چندر کانتا)، دھڑکنے لگی دل کے تاروں کی دنیا (دھول کا پھول)، سارے جہا ں سے اچھا ہندوستاں ہمارا (بھائی بہن )، عورت نے جنم دیا مردوں کو (سادھنا)، پونچھ کر اشک اپنی آنکھوں سے، مسکرائو تو کوئی بات بنے(نیا راستہ) ، بھول سکتا ہے بھلا کون یہ پیاری آنکھیں(دھرم پتر )، جیسے سدابہار گیت شامل ہیں۔ این دتہ کا اصل نام دتہ بابو رائو نائیک تھا۔ ان کی پیدائش دسمبر ۱۹۲۷ء میں ہوئی تھی جبکہ وفات بھی دسمبر ۱۹۸۷ء میں ہوئی ۔ واضح رہے کہ مدھوسودن کالیلکر نے یہ گیت لوری کے انداز میں لکھا تھا اور اسے فلم میں اس طرح فلمایا گیا تھا کہ فلم بینوں کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ گانے میں دکھایا گیا ہے کہ جو خاتون ماں نہیں  بن سکی ہے وہ اس کرب اور ملال کے باوجود  بچے کو لوری سنانے کی اداکاری کرتی ہے جو نہایت جذباتی انداز میں سنائی جاتی ہے۔آئیے گانا دیکھتے ہیں:
نمبولی چیا جھاڑا ماگے چندرجھوپلا گَ بائی 
آج ماجھیا پاڈسالا ، جھوپ کا گَ ییت ناہی 
(نیم کے درخت کے پیچھے چاند چھپ گیا ہے بلکہ سوگیا ہے لیکن میرے لاڈلے کو ، میرے چاند کو نیند کیوں نہیں آرہی ہے؟)
گائے جھوپلی گوٹھیات ، گھرٹیات  چی ئو تائی 
پرسات ولیور  جھوپلیا گَ جائی جوئی 
میٹ پاکڑیا ڈوڑیانچیا، گاتے تلا میں انگائی 
(گائے توچرنی میں سو گئی اور چڑیا  اپنے گھونسلے میں ، بیلا پر چمیلی  کے گل بھی سوگئے ہیں، تم کیوں نہیں سوتے، سوجا میرے لاڈلے، اپنی آنکھوں کی پنکھڑیوں کو بند کرکے سوجائو۔ میں تمہارے لئے لوری گا رہی ہوں۔ )
دیو کی نسے میں بالا ، بھاگیہ یشودیچے  بھالی 
تجھے دکھ گھینیاساٹھی کیلی  پدراچی  جھولی 
جگاویگڑی  ہی ممتا ، جگاویگڑی  انگائی 
(میں تو کرشن کی ماں دیوکی نہیں ہوں۔ میں تو یشودہ ہو ں۔ قسمت سے تم جس کو نصیب ہوئے ہو۔ تمہارے غم لینے کے لئے میں نے اپنا دامن ، اپنی جھولی تیار رکھی ہے۔ ماں اور بچوں کا یہ پیار دنیا کا سب سے معصوم اورنرالا ہے۔ یہ لوری بھی دنیا سے نرالی ہے۔)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK