زندگی ایک مسافر کی مانند ہے، جو خوابوں کے قافلے کے ساتھ سفر کرتا ہے۔ ہر خواب ایک منزل کی طرح ہوتا ہے، جس تک پہنچنے کے لئے کئی امتحانوں، قربانیوں اور جدوجہد کے دریا عبور کرنے پڑتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 09, 2025, 11:49 AM IST | Khan Afra Tasakin | Mumbai
زندگی ایک مسافر کی مانند ہے، جو خوابوں کے قافلے کے ساتھ سفر کرتا ہے۔ ہر خواب ایک منزل کی طرح ہوتا ہے، جس تک پہنچنے کے لئے کئی امتحانوں، قربانیوں اور جدوجہد کے دریا عبور کرنے پڑتے ہیں۔
مگر کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں جو صرف خواہش نہیں بلکہ کسی کی زندگی کا نصب العین بن جاتے ہیں۔ ایسے ہی خوابوں میں سے ایک ہے ’’گلِ آرزو‘‘۔ وہ پھول جو ہر باغ میں نہیں کھلتا، وہ خواب جو ہر آنکھ میں نہیں پلتا اور وہ حقیقت جو ہر دل میں نہیں دھڑکتی۔
گل ِ آرزو محض ایک نام نہیں بلکہ ان تمام امیدوں، قربانیوں اور دعاؤں کی علامت ہے جو کسی کے بہتر مستقبل کے لئے کی جاتی ہیں۔ یہ کہانی ان لوگوں کی ہے جو اپنے خوابوں کے لئے صرف خواب نہیں دیکھتے بلکہ انہیں حقیقت میں بدلنے کے لئے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ یہ کہانی ایک ایسی بیٹی کی ہوسکتی ہے جو اپنے والدین کے خوابوں کی تعبیر بننے کے لئے دن رات محنت کرتی ہے۔ یہ کہانی ایک ایسے والد کی ہوسکتی ہے جو اپنی خوشیاں قربان کرکے اپنی اولاد کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ کہانی ایک ایسی ماں کی ہوسکتی ہے جو اپنی ہر دعا میں صرف اپنے بچوں کی کامیابی مانگتی ہے۔ گل ِ آرزو وہ خواب ہے جو صرف آنکھوں میں نہیں بستے بلکہ دل کی زمین میں جڑیں پکڑتے ہیں اور جب ان کی آبیاری محبت، قربانی اور استقامت سے کی جائے تو وہ حقیقت کا مہکتا ہوا باغ بن جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: مثبت پیرنٹنگ اپنائیں، بچّوں کو قریب لائیں
گل ِ آرزو کی حقیقت سمجھنے کے لئے ہمیں ان بے شمار لوگوں کی کہانیوں کی طرف دیکھنا ہوگا جو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔ وہ والد جو اپنی بیٹی کو ڈاکٹر یا انجینئر بنانے کے لئے اپنی ضرورتیں کم کر دیتا ہے۔ وہ ماں جو اپنی بیٹی کو پڑھانے کے لئے دوسروں کے گھروں میں کام کرتی ہے مگر اپنی بیٹی کو ہر وقت ملکہ جیسا محسوس کرواتی ہے۔ وہ نوجوان جو ہزاروں مشکلات کے باوجود ہمت نہیں ہارتا اور آخرکار اپنی منزل تک پہنچ جاتا ہے۔ یہ تمام لوگ ’گل ِ آرزو‘ کے حقیقی معمار ہوتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو سکھ کا سورج نکلنے سے پہلے تاریکی میں امید کا چراغ جلاتے ہیں جو اپنی خواہشوں کو دوسروں کے خوابوں کے لئے قربان کر دیتے ہیں اور جو جانتے ہیں کہ اصل خوشی دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے میں ہے۔
گل ِ آرزو صرف ایک خواب یا کہانی نہیں بلکہ ہر عورت کی طاقت، ہمت اور کامیابی کی پہچان ہے۔ یہ ان بچیوں کی علامت ہے جو کسی کی بیٹی، بہن، بیوی یا ماں بن کر خود کو قربان نہیں کرتیں بلکہ اپنی شناخت قائم رکھتی ہیں۔ یہ ان خواتین کا نشان ہے جو دنیا کے طعنے، مشکلات اور روایتی بیڑیوں کو توڑ کر آگے بڑھتی ہیں جو اپنی تقدیر خود لکھتی ہیں اور جو یہ ثابت کرتی ہیں کہ اگر ارادے پختہ ہوں تو کوئی رکاوٹ منزل تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔
گل ِ آرزو وہ روشنی ہے جو کبھی بجھتی نہیں، وہ امید ہے جو کبھی ماند نہیں پڑتی اور وہ حقیقت ہے جو کبھی کھو نہیں سکتی۔ ہر خواب جو سچائی، محنت اور قربانی کی بنیاد پر دیکھا جائے، ایک دن حقیقت میں ڈھل جاتا ہے۔ یہ وہ پھول ہے جو ہر باغ میں نہیں کھلتا مگر جب کھلتا ہے تو پوری دنیا کو اپنی خوشبو سے مہکا دیتا ہے۔