Inquilab Logo Happiest Places to Work

شدید گرمی اور ہماری صحت: کیا کریں؟ اور کیا نہ کریں؟

Updated: April 08, 2025, 11:22 AM IST | Odhani Desk | Mumbai

اپریل اور مئی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے لہٰذا اس موسم میں ہمیں اپنا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ چونکہ گھر والوں کی صحت کا ذمہ خواتین پر ہوتا ہے اس لئے انہیں اپنی اور گھر والوں کی صحت کے بارے میں خبردار رہنا چاہئے۔ اکثر لوگ نہیں جانتے کہ انہیں کیا کرنا چاہئے۔ اس مضمون میں چند نکات پیش کئے جا رہے ہیں۔

Cover your head and face when leaving the house, and use an umbrella to protect yourself from the sun. Photo: Ashish Raje
گھر سے باہر نکلتے وقت سَر اور چہرہ ڈھانک لیں، ساتھ ہی دھوپ سے بچنے کیلئے چھتری کا استعمال کریں۔ تصویر: آشیش راجے

اِن دنوں سورج آگ برسا رہا ہے۔ ہر انسان گرمی سے پریشان نظر آرہا ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے کی وجہ سے لوگ بیمار بھی پڑ رہے ہیں۔ اس لئے اپنی صحت کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔
چونکہ گھر والوں کی صحت کا ذمہ خواتین پر ہوتا ہے اس لئے انہیں اپنی اور گھر والوں کی صحت کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ صحت کے حوالے سے چند باتوں کا خیال رکھنا چاہئے۔ اس مضمون میں بتایا جا رہا ہے کہ اس موسم میں کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں؟
کیا کریں؟
ڈھیلے کپڑے پہنیں
 ڈھیلے اور ہلکے رنگوں کے ملبوسات پہنیں۔ بہتر یہ ہوگا کہ سوتی لباس پہنیں۔ سوتی لباس میں انسان آرام دہ محسوس کرتا ہے۔
مناسب مقدار میں پانی پئیں
جسم میں نمکیات اور پانی کا توازن برقرار رکھنا چاہئے، خاص طور پر پانی کے ذریعے۔ جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے کھیرے کا جوس، ناریل پانی، لیموں کا جوس وغیرہ پینا چاہئے۔ جوس میں معمولی مقدار میں نمک ضرور شامل کریں۔
گھر میں ورزش کریں
ورزش کرنے کے لئے دن کے ٹھنڈے وقت کا انتخاب کریں، یعنی جب سورج کی گرمی کم ہو، جیسے صبح یا شام کے وقت۔ اگر موسم گرم اور نمی والا ہو، تو زیادہ سخت اور زیادہ دیر تک ورزش نہ کریں۔
پانی اُبال کر پئیں
پانی اُبال کر پینے سے پیٹ کی متعدد بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ تازہ سبزیاں اور پھل استعمال کریں۔ گرم مشروبات سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جسم سے پانی کے زیادہ اخراج کا باعث بنتے ہیں اور ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ رہتا ہے۔
گھر کا بنا کھانا کھائیں
اس موسم میں خاص طور پر گھر میں پکے ہوئے تازہ اور صاف ستھرے کھانے کھانے چاہئیں۔ گھر میں کھانے کو درست درجہ حرارت پر رکھنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: لڑکیوں کو حصولِ تعلیم اور کریئر سازی کا بھرپور موقع ملنا چاہئے

پھلوں کا استعمال
ترش پھل جیسے سنگترا، انگور اور لیموں وغیرہ ٹھنڈی تاثیر رکھتے ہیں اور ہاضمے کو بہتر بناتے ہیں، ان کا استعمال کریں۔ کھیرا، گاجر اور پودینہ بھی موسم گرما میں انسانی جسم کے لئے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔ ان میں پانی کی ایک خاص مقدار شامل ہوتی ہے جو خون کو پتلا رکھنے کے ساتھ جسمانی درجہ حرارت میں کمی لاتی ہیں۔ اس موسم میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دینا چاہئے، خاص طور پر کچا سلاد اور ایسے پھل کھانے چاہئیں جن میں پانی زیادہ ہو جیسے کھیرا، تربوز، خربوزہ، گاجر وغیرہ۔
روزانہ نہانے کا معمول
سورج کی تپش اور حبس کی وجہ سے ہمارا جسم پسینے سے شرابور ہو جاتا ہے اور اکثر لوگوں کو گرمی دانوں کی شکایت ہوجاتی ہے۔ نہانے کو معمول بنالیں، جس سے آپ کو جسمانی راحت کا احساس ہوگا۔ اس طرح گرمی کا اثر بھی کم ہو جائے گا۔ 
گھر سے نکلتے وقت احتیاط برتیں
اگر شدید دھوپ اور گرم ہوا میں گھر سے باہر جانا پڑے تو چھتری استعمال کریں۔ کوشش کریں کہ گھر سے نکلنے سے تھوڑی دیر پہلے سادہ پانی، نمکین لسّی یا لیموں پانی پی لیں۔ آنکھوں کو سورج کی تپش سے محفوظ رکھنے کے لئے سن گلاسیز استعمال کریں۔ ساتھ ہی چہرے پر سن اسکرین کریم بھی لگائیں۔
کیا نہ کریں؟
کیفین کا استعمال
کیفین والے مشروبات سے حتی الامکان پرہیز کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ بہت زیادہ تیل والی غذائیں کم سے کم کھائیں۔ اس سے معدے پر بوجھ محسوس ہوتا ہے۔
باہر کا کھانا
کوشش کریں کہ اِن دنوں باہر کا کھانا نہ کھائیں۔ اس موسم میں اکثر باہر کی چیزیں کھانے سے فوڈ پوائزن ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ تھوڑی سی بھی لاپرواہی مختلف اقسام کے انفیکشن ہوسکتے ہیں لہٰذا کھانے اور پینے میں احتیاط کرنی چاہئے۔
گھر سے باہر نکلنا
غیرضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔ تیز دھوپ میں باہر نکلنے پر سورج کی شعاعیں براہ راست انسانی جسم میں داخل ہو کر قوت مدافعت پر برا اثر ڈالتی ہیں۔ اس لئے جب سورج سر پر ہو تب گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
باہر سے آنے کے بعد پانی پینا
تیز دھوپ سے گھر لوٹنے کے بعد فوراً پانی نہ پئیں بلکہ چند منٹ رک جائیں، تاکہ آپ کا جسمانی درجہ حرارت معمول پر آجائے۔
حرفِ آخر، ماہرین کے مطابق شدید گرمی اور تپتی دھوپ بچوں اور عمررسیدہ افراد کے لئے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کی صورت میں ان کی جان کو زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ اس لئے انہیں تیز دھوپ میں باہر نہیں جانے دینا چاہئے اور گرمی کے اثرات سے بچانے کے لئے انتظامات کرنے چاہئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK