• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بارش کا موسم: اپنی صحت کا خیال رکھیں

Updated: June 24, 2024, 12:57 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

اس موسم میں صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ نمی کے باعث جراثیم کی افزائش بڑھ جاتی ہے اور بیماریاں پھیلنے کا امکان بھی۔ موسمی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے جسم کے مدافعتی نظام کا مضبوط ہونا ضروری ہے، جس کے لئے پیاز، لہسن، ادرک کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

Take special care of cleaning the house in this season. Photo: INN
اس موسم میں گھر کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ تصویر : آئی این این

گرم موسم کے بعد بارش ہمارے لئے باعث رحمت ہے۔ اس موسم کا بڑے کیا بچے، سبھی لطف اٹھانا چاہتے ہیں۔ البتہ ہماری ذرا سی لاپروائی ہمیں بیمار کرسکتی ہیں اس لئے اس موسم میں چند احتیاطی تدابیر بھی اپنانی چاہئے۔
 گھر سے باہر نکلتے وقت چھتری یا رین کورٹ اپنے بیگ میں ضرور رکھیں۔ ممبئی کی بارش میں رین کورٹ کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔
 وٹامن سی کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے آپ نزلہ زکام کی شدت میں کمی بھی لاسکتی ہیں اور اس وٹامن کی مدد سے آپ کو جلد صحت یاب ہونے میں مدد بھی ملے گی۔
 بارش میں بھیگنے کے بعد صاف پانی سے دوبارہ نہانا اگرچہ آپ کو مشکل لگے گا لیکن ایسا کرنے سے آپ بہت سی بیماریوں اور انفیکشن سے بچ سکتے ہیں۔
 اس موسم میں نہانے کے بعد گرم مشروبات کا استعمال فرحت بخش ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے لئے بھی مفید ہے۔ گرم دودھ یا سوپ پینے سے جسم کے درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
 اس موسم میں صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ نمی کے باعث جراثیم کی افزائش بڑھ جاتی ہے اور بیماریاں پھیلنے کا امکان بھی۔ اگر آپ کو فلو کی شکایت ہو تو چھوٹے بچوں کے قریب جانے اور دوسروں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیجئے۔
 پانی کی مناسب مقدار کا استعمال یقینی بنائیں۔ اگرچہ درجہ حرارت میں کمی کے باعث پیاس میں کمی واقع ہو سکتی ہے لیکن پانی کی مناسب مقدار پیتے رہنے سے آپ کے جسم سے نقصاندہ مادوّں کا اخراج جاری رہتا ہے اور آپ بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔
 غذائیت سے بھرپور غذا استعمال کریں۔ بازاری کھانا کھانے سے پرہیز کریں اور کھانے پکانے میں حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھیں۔

یہ بھی پڑھئے: خواتین میں قائدانہ صلاحیت کے فروغ کیلئے رہنما اصول

کوڑے کو مناسب جگہ پر پھینکیں، جہاں انسانوں کا گزر نہ ہو۔ کوڑے دان کا ڈھکن ڈھکے رکھیں تاکہ مکھیاں کوڑے پر نہ بیٹھ سکیں۔
 گھر کے کسی حصے میں زائد پانی جمع نہ ہونے دیں، اس میں کئی پھپوندیاں بھی جنم لیتی ہیں۔
 کھانے کو ڈھانک کر رکھیں۔
 مچھر دانی کا استعمال کریں۔
 گھر میں مچھر مار دوائیں چھڑکاؤ کریں۔
 اس موسم میں ہلکے سوتی ملبوسات کا استعمال زیادہ موزوں ہے۔ جسمانی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں، روزانہ نہائیں اور لباس تبدیل کریں۔
 روم کولر استعمال کریں، کھلے آسمان کے نیچے نہ سوئیں کہ نمی والی ہوا جسم میں بخار کی سی کیفیت پیدا کردیتی ہے، جس سے جسم میں درد محسوس ہوتا ہے۔
 پھل اور سبزیاں تازہ اور اچھی طرح دھو کر استعمال کی جائیں۔ گلے سڑے یا پہلے سے کٹے ہوئے پھل نہ کھائیں، جبکہ امرود، تربوز، خربوزے اور کھیرے کے استعمال میں احتیاط برتیں۔
 کھانا ہمیشہ بھوک رکھ کرتازہ اور زود ہضم کھائیں کہ ذرا سی بے احتیاطی اور بسیار خوری پیٹ خراب کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ باسی اور زیادہ عرصے تک فریز کیا ہوا گوشت ہرگز استعمال نہ کریں۔ نیز، تلی ہوئی اشیاء کے بھی استعمال میں احتیاط برتیں۔
 موسمی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے جسم کے مدافعتی نظام کا مضبوط ہونا ضروری ہے، جس کے لئے پیاز، لہسن، ادرک کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ بازاری مشروبات کے استعمال سے اجتناب برتیں، البتہ سکنجبین اس موسم کے لئے ایک بہترین مشروب ہے، جو متعدد بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ نیز، بغیر برف کے نمکین لسی بھی پی سکتے ہیں۔ سرکہ بارش کے موسم کی بیماریوں کا بہترین علاج ہے۔ یہ ٹھنڈک اور حرارت کا متوازن امتزاج ہے،جو جسم سے فاسد مادّے خارج کرکے طبیعت کو فرحت بخشتا ہے۔ خون صاف کرتا اور پھوڑے پھنسیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ پیاس کو تسکین دیتا ہے اور غذا جلد ہضم کرنے سمیت ہر قسم کی سوزش میں مفید ہے۔
 بارش کے موسم میں نزلہ، زکام، تھکاوٹ اور بخار جیسے مسائل شروع ہوتے ہی سادہ یا نیم گرم پانی میں تھوڑے سا نمک شامل کرکے استعمال کرنا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
 ایسے موسم میں سیب کا سرکہ بھی مسائل سے چھٹکارہ دلوانے میں مددگار ہوتا ہے۔
 اس موسم میں اگر نظام ہاضمہ کو بہتر رکھا جائے تو کئی بیماریوں اور مسائل سے بچا جا سکتا ہے اور نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے لئے تازہ پھلوں کو پانی میں دھونے کے بعد استعمال کرنے سمیت چائے، کافی اور نیم کے پتوں کو گرم کرکے استعمال کیا جائے تو کافی اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
 ان باتوں پر عمل کرنے سے نہ صرف آپ بارش کے موسم میں بیمار ہونے سے بچ سکتی ہیں بلکہ اپنے گھر والوں کی صحت کا خیال بھی رکھ سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK