Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

عید کےموقع پر گھر سجانا ہے تو ان باتوں کا خیال رکھیں 

Updated: March 26, 2025, 10:16 AM IST | Odhani Desk | Mumabi

عید کےموقع پرمکان کو سجانے سنوار نے میں مہارت کے ساتھ ساتھ نفاست بھی ضروری ہے ، چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھ کر چھوٹے اور سادے گھر کو بھی پرکشش بنا یا جاسکتا ہے۔ ا گر مکان سلیقے سے سجاہوگا تو عید کے دن آنے والا مہمان ضرور متاثر ہوگا اور نفاست کی بھی داد دے گا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

عید میں شاید ہی کوئی ایسی خاتون ہو  جسے اپنے گھر کو سجانے اور اسے خوب سے خوب تر بنانے کی تمنا نہ ہولیکن بہت سی خواتین کے ساتھ  ایسابھی ہوتا ہے کہ جب وہ اپنے گھر کی سجاوٹ میں تبدیلی لانے کی کوشش کرتی ہیں تو بہت سارے خیالات ان کے ذہن میں آتے ہیں جس سے وہ پریشان ہوجاتی ہیں،  اس وقت  ان کی سمجھ میں نہیں آتا کہ کس طرح گھر کو سجایا جائے۔ ذیل میں گھر سجانے کے مختلف طریقےدیئے جارہے ہیں جن سے  عید کے پرمسر ت موقع پر گھر کو سجانے میں مدد ملے گی ۔
ڈرائنگ روم
ڈرائنگ روم گھر کا وہ حصہ ہے جسے مہمان سب سے پہلے دیکھتا ہے اور اگر آپ کا ڈرائنگ روم سلیقے سے سجا ہوا نہ ہو تو اس سے آپ کے گھر آنے والا مہمان آپ کی شخصیت سے متاثر نہیں ہوگا ۔ ڈرائنگ روم کی سجاوٹ کی بات کی جائے تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس کام میں بہت پیسے خرچ ہوجائیں گے،حالانکہ  ایسا نہیں ہے ۔تھوڑی سوجھ بوجھ کا مظاہر ہ کرکے  آپ اپنے گھر کو خوبصورت بنا سکتی ہیں ۔ دوسرے لفظوں میں  اگر ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں کچھ چیزوں کا خیال رکھا جائے تو آپ کا سادہ سا ڈرائنگ روم بھی آنے والے مہمانوں پر بہت اچھا تاثر قائم کرسکتا ہے۔ 
ڈرائنگ روم کی سجاوٹ میں سب سے پہلی بات تو یہ یاد رکھی جائے کہ کبھی بھی آپ اپنی سینٹر ٹیبل کو مختلف شو پیس سے نہ بھریں،کیونکہ جب آپ مہمانوں کے لئے چائے، مشروبات اور دیگر لوازمات کی ٹرے اندر لاکر رکھیں گی تو سب سے پہلے وہ شو پیس آپ کو سائیڈ میں کرنی پڑیں گی ،اس وقت آپ کو شرمندگی تو ہو گی ہی ساتھ مہمان  آپ کو بدسلیقہ اور لاپروا تصور کرے گا۔  سینٹر ٹیبل پر اگر آپ صرف ایک گلدان میں تازہ یا کاغذی پھول رکھ دیں تو اس سے ایک تو ٹیبل بھی خالی خالی نہیں لگے گا اور ٹرے رکھتے وقت آپ کو جلدی جلدی چیزیں بھی نہیں ہٹانی پڑیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: آج کا پکوان: اٹالین کباب

اگر آپ کے ڈرائنگ روم کے صوفوں کا رنگ گہرا ہے تو اس پر ہلکے رنگ کے کشن رکھیںاور اگر صوفوں کا رنگ ہلکا ہے تو پھر اس پر گہرے رنگ کے بیک کشن نمایاں اور اچھے لگیں گے۔ اگر کشن سادہ ہیں تو پھر آپ ان پر خوبصورت سی کڑھائی یا پینٹنگ کرلیں، اس سے ان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔اگر ڈرائنگ روم کی کسی دیوار پر آپ نے بڑی سی پینٹنگ لگائی ہے تو اس دیوار پر دوسری پینٹنگز نہ لگائیں بلکہ دوسری چھوٹی چھوٹی پینٹنگز اور شو پیس آپ اس کے سامنے والی دیوار پر لگائیں۔ یادرہے کہ عید کے بعد ڈرائنگ روم میں رکھے شوپیسز کی جگہیں تھوڑے تھوڑے عرصے کے بعد تبدیل کرتی رہیں۔
علاوہ ازیں ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنے گھر میں موجود سارے شو پیسز سے ڈرائنگ روم کو بھر دیںبلکہ تھوڑے سے شوپیس علاحدہ بھی رکھ دیں اور کچھ دنوں کے بعد انہیں تبدیلی کے لئےڈرائنگ روم میں رکھ دیں، جبکہ پہلے والے کو اسٹور میں رکھ دیں۔ اس طرح آپ کے ڈرائنگ روم سے مہمانوں  پر اچھا تاثر قائم ہو گا۔
 ہمیشہ یہ بات یاد رکھیں کہ اگر آپ کا ڈرائنگ روم بڑا ہے اور اس کی دیواریں ہلکے رنگ کی  ہیں تو آپ گہرے رنگ کے صوفے اور پردے استعمال کریں اور اگر چھوٹا ہے تو ہلکے رنگ کے صوفے اور پردے استعمال کیجئے۔ اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ڈرائنگ روم میں غیر ضروری چیزیں بکھری نہ ہوں ۔
 بیڈ روم
بیڈ روم کی سجاوٹ کرتے وقت اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ آپ کے بیڈ روم میں کون سا رنگ پینٹ کیا گیا ہے۔ اسی رنگ کی مناسبت سے آپ کارپٹ کا رنگ منتخب کریں، یعنی اگر آپ کے بیڈ روم کا پینٹ ہلکا گلابی ہے تو اس میں میرون، سرخ یا گلابی شیڈ کا کارپٹ خوبصورت معلوم ہوگا۔ اس کے برعکس اگر آپ نیلے یا ہرے رنگ کا کارپٹ بچھا لیں گی تو وہ آنکھوں کو بہت بدنما لگے گا۔ اگر آپ کے کمرے میں سفید پینٹ کیا ہوا ہے تو اس پر آپ کسی بھی رنگ کے کارپٹ اور پردے استعمال کرسکتی ہیں۔بچوں کے کمرے میں ایک ٹوائےریک ہونا بہت ضروری ہے تاکہ بچے کھیلنے کے سارے کھلونے اس ریک میں رکھ دیں اور کھلونے ادھرادھر بکھرے ہوئے نظر نہ آئیں۔
ٹی وی لائونج
آپ اپنے لائونج میں مختلف سدا بہار پھولوں کے گملے بھی رکھ سکتی ہیں۔ ٹی وی کے سامنے سے کرسیاں کچھ فاصلے پر رکھیں۔ اگر آپ کا ٹی وی لائونج بہت چھوٹا سا ہے تو اس میں کارپٹ کے اوپر اگر آپ فلور کشنز رکھیں تو آپ کا لائونج بہت دلکش لگے گا۔
 مندرجہ بالا باتوں کا خیال رکھتے ہوئے اگر آپ اپنے گھر کی سجاوٹ کریں گی تو آپ کا سادہ اور چھوٹا سا گھر بھی دیکھنے والے کو بہت خوبصورت لگے گا۔ ضروری نہیں ہے کہ بہت مہنگی مہنگی چیزیں خرید کر ہی گھر کو سجایا جائے بلکہ آپ اپنے ہاتھ سے بنی ہوئی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے بھی گھر کی سجاوٹ کر سکتی ہیں، مثلا گھر میں اکثر اچار اور جام وغیرہ کی جو شیشیاں خالی ہو جاتی ہیں آپ ان میں پانی بھر کے منی پلانٹ کی چھوٹی چھوٹی شاخیں کاٹ کر لگائیں اور ان بوتلوں کو تار کی مدد سے یا تو دیوار پر لٹکا دیں یا پھر ٹیبل یا ریک پر رکھ دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK