Updated: June 03, 2024, 9:02 PM IST
| Mumbai
یہ واردات اتوار کی صبح ہوئی جس میں ۵؍ قیدیوں نے منا کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سواتی ساٹھے نے بتایا کہ اب تک قیدیوں کے درمیان بحث اورمنا پر حملہ کا سبب معلوم نہیں ہو سکا ہے۔ منّا نےمبینہ طورپر آر ڈی ایکس اور اسلحہ کو ممبئی لانے میں ٹائیگر میمن کی مددکی تھی۔
۱۹۹۳ءممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں میں مجرم قرار پائے محمد علی خان عرف منا عرف منوج کمار بھنور لال گپتا کی اتوار کو قتل کردیا گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کولہاپور کی کلمبا سینٹرل جیل (مہاراشٹر) میں قیدمنّا کی ۵؍ دیگر قیدیوں سے لڑائی ہوگئی جس کے بعد انہوں نے اسے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سواتی ساٹھے نے کہا کہ ابھی تک قیدیوں کے درمیان بحث اور منا پر حملہ کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امول کے بعد مدر ڈیری کا دودھ کی قیمتوں میں دو روپے فی لیٹر اضافہ کا اعلان
دی انڈین ایکسپریس نے نامعلوم پولیس افسران سے حاصل ہوئیں معلومات کی بنا ء پر بتایا کہ منا کی مبینہ طورپر دیگر پانچ قیدیوں کے ساتھ لفظی جھڑپ اس وقت ہوئی جب وہ جیل کے احاطہ میں واٹر ٹینک کے پاس نہا رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق منّا کو مین ہول کے ڈھکن سے مارا گیا، یہاں تک کہ اس کی موت ہوگئی۔ یہ حادثہ اتوار کی صبح ساڑھے ۶؍ بجے ملزمین کی حاضری لینے کے بعد پیش آیا ۔
منّا پر دیپک نیتاجی کھوت، سوربھ، وکاس سدھا، پرتیک عرف پِلیا سریش پاٹل، سندیپ عرف ببلو شنکر چوہان اور رتوراج انعامدار ، ان پانچ قیدیوں نے حملہ کیا تھا۔ کولہاپور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہندر پنڈت نے بتا یا کہ ان پانچ قیدیوںپر مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ چل رہا تھا۔ پولیس انسپکٹر سنجیو کمار زاڑے نے بتایا کہ اس معاملہ میں پانچ حملہ آور قیدیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔ ان پر انڈین پینل کوڈ کی قتل اور حکومتی کام کاج میں خلل ڈالنےکی دفعات کے مطابق مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موقع واردات پر موجود جیل کے اسٹاف نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی تھی لیکن دیگر قیدیوں نے جیل کے عملہ پر قابو پالیا اور وہ قتل کو روکنے میں ناکام رہے۔
یہ بھی پڑھئے: جنوبی کوریا میں شمالی کوریا کے کچرا ڈھونے والے۶؍سوسے زائد غبارے گر ے
واضح رہے کہ منّا کو ۱۲؍ مارچ ۱۹۹۳ء کو ممبئی میں بم دھماکے کروانے کے جرم میں مجرم قرار دیا گیا تھا جس میں تقریباً ۲۵۷؍ افراد کی جانیں گئی تھیں۔ منا نے اپنی ۱۴؍ سالہ قید کی سزا مکمل کرلی تھی لیکن ۲۰۰۰۷ء میں سپریم کورٹ نے اس کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا۔ منا نےمبینہ طورپر ٹائیگر میمن ، جو ۱۹۹۳ء ممبئی بم دھماکوں کا کلید ی مجرم ہے، کو آتش گیر مادہ آر ڈی ایکس اور اسلحہ حاصل کرنے کیلئے ممبئی سے رائے گڑھ بحفاظت پہنچانے میں مددکی تھی۔ آر ڈی ایکس اور اسلحہ کو ممبئی لانے میں بھی منّا نے اہم کردار اداکیاتھا۔