• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

امیت شاہ کیخلاف مراعات شکنی کے مزید ۲؍ نوٹس

Updated: August 05, 2024, 10:18 AM IST | Agency | New Delhi

وائناڈسانحہ کی پیشگی وارننگ کے تعلق سے راجیہ سبھا میں دروغ گوئی کا الزام ، کانگریس کے بعد سی پی آئی اور سی پی ایم نے بھی ملک کے وزیر داخلہ کیخلاف چیئرمین کو نوٹس دیا۔

Home Minister Amit Shah. Photo: INN
وزیر داخلہ امیت شا۔ تصویر : آئی این این

 وزیر داخلہ امیت شاہ پر وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ کے معاملے میں  راجیہ سبھا میں  جھوٹ بولنے اور ایوان کو گمراہ کرنے کا الزام عائد ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انہیں تحریک مرعات شکنی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیوں کہ کانگریس کے علاوہ سی پی آئی اور سی پی ایم نےبھی ان کے خلاف مراعات شکنی کا نوٹس دیاہے۔ 
  امیت شاہ نے وائناڈ سانحہ پر راجیہ سبھا میں دعویٰ کیاتھا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کو پہلے ہی الرٹ کیا تھا مگر اس نے اس پرتوجہ نہیں دی۔ بدھ کو ایوان کی کارروائی کے دوران توجہ دلاؤ تحریک کے تحت جب وائناڈ سانحہ کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی تو اس میں مداخلت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کیرالا حکومت کو اس تباہی کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں  نے کہا کہ ریاستی حکومت کو ۲۳، ۲۴، ۲۵؍ اور ۲۶؍ جولائی کوپیشگی وارننگ دی گئی تھی مگر اس نے اس پر دھیان نہیں دیا۔ کیرالا کے وزیراعلیٰ  پنارائی وجین نے اس کی تردید کی ہے جبکہ جنوبی ہند کےمعروف اخبار’دی ہندو‘ نے بھی ایک تفصیلی رپورٹ میں   وزیر داخلہ کے دعوؤں  کوغلط بتایا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:وقف املاک پر نظر، قانون بدلنے کی تیاری

سی پی ایم کی جانب سے راجیہ سبھا کے ایم پی وی سیوداسن نے بدھ کو اس ضمن میں  شاہ کے خلاف نوٹس دے دیا تھا جبکہ ایوان میں سی پی آئی کے قائدپی سندھوش کمار نے سنیچر کو ایک اورنوٹس دیا ہے جس میں  وزیر داخلہ کے خلاف تحریک مراعات شکنی کا مطالبہ کیاگیاہے۔ اس سے قبل کانگریس بھی نوٹس دے چکی ہے۔ کانگریس کے چیف وہپ جےرام رمیش نے مذکورہ نوٹس میں  نشاندہی کی ہے کہ امیت شاہ نے جو باتیں  کہیں ان کا میڈیا میں ’’باریک بینی سے فیکٹ چیک‘‘ ہوا ہے اور یہ واضح ہوگیا ہے کہ انہوں  نے ’’اپنے اس پُرزور بیان سے ایوان کو گمراہ کیا ہے۔ ‘‘ اس کے علاوہ کیرالا سے سی پی ایم کے ۳؍ ایم پی جان بریٹاس، اے اے رحیم اور سیوداسن راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ کو علاحدہ مکتوب لکھ کر وزیر داخلہ کی غلط بیانی کی جانب متوجہ کیا ہے اور ریکارڈ کو درست کرنے کی اپیل کی ہے۔ راجیہ سبھا کے چیئرمین اگر مراعات شکنی کےنوٹس کو قبول کرلیتے ہیں تو امیت شاہ کو ایوان میں  تحریک مراعات شکنی کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ تحریک مراعات شکنی پاس ہو نے کی صورت میں  وزیر داخلہ کو اس پر اپنی صفائی پیش کرنی پڑسکتی ہے۔ کسی بھی حکومت اوراس کے وزیر کیلئے یہ شرمندگی کا لمحہ ہوتاہے کہ اس پر ایوان میں  دروغ گوئی کا الزام لگے، ثابت ہوجائے اور پھر اس پر صفائی پیش کرنی پڑے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK