ریاست میں۱۸؍ لاکھ سے زیادہ گھروں پر سولر پینل لگانے کیلئے رجسٹریشن مکمل ، تقریباً۲؍ لاکھ گھروں کیلئے درخواستیں جمع۔
EPAPER
Updated: August 06, 2024, 1:39 PM IST | Agency | Lucknow
ریاست میں۱۸؍ لاکھ سے زیادہ گھروں پر سولر پینل لگانے کیلئے رجسٹریشن مکمل ، تقریباً۲؍ لاکھ گھروں کیلئے درخواستیں جمع۔
اترپردیش میں ۳۰؍ ہزار سوریہ متر پورے صوبے کو شمسی توانائی سے روشن کریں گے۔ سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ یوگی حکومت اتر پردیش میں ہر گھر میں سولر پینل لگانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے منصوبے کو تیزی سے پورا کرنے میں مصروف ہے۔ پی ایم سوریہ گھر یوجنا کے تحت نوجوانوں کو سوریہ متر کے طور پر تربیت دی جا رہی ہے۔ اتر پردیش میں بھی۳۰؍ ہزار نوجوانوں کو سوریہ متر کے طور پر تربیت دی جانی ہے۔ اب تک ۳؍ ہزار نوجوانوں کو سوریہ متر کی تربیت دی جا چکی ہے۔ یادر ہے کہ شمسی توانائی کے شعبے میں ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے نیشنل سولر انرجی مشن کے تحت ’سوریہ متر‘ تیار کرنے کا منصوبہ ہے، تاکہ شمسی توانائی کے منصوبوں کیلئے ہنر مند کاریگر پیدا کئے جا سکیں۔ فروری۲۰۲۳ء میں پی ایم سوریہ گھر یوجنا کے آغاز کے بعد ملک بھر میں ایک کروڑ سولر پینل لگانے کا ہدف ہے۔ اس ہدف کو پورا کرنے کیلئے اتر پردیش کی یوگی حکومت نے ریاست میں ۲۵؍ لاکھ سولر پینل لگانے کا عزم کیا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں ۱۸؍ لاکھ سے زیادہ گھروں پر سولر پینل لگانے کیلئے رجسٹریشن مکمل ہو چکا ہے جبکہ تقریباً۲؍ لاکھ گھروں کیلئے درخواستیں بھی جمع کرائی گئی ہیں۔ ۱۰؍ہزار سے زائد گھروں پر سولر پینل لگانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
شمسی توانائی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت نے `نیٹ بلنگ/نیٹ میٹرنگ کا نظام نافذ کیا ہے۔ ریاست کے۱۰؍ لاکھ مکانات پرسولرپینل کیلئے یوپینیڈا کو ٹاٹا گروپ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ فی الحال اس کی شروعات وارانسی سے ہوئی ہے۔
اتنے بڑے پیمانے پر سولر پینل کی تنصیب کے بعد اس علاقے میں ہنر مند نوجوان افرادی قوت کی ضرورت ہوگی، اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے یوپینیڈا کی جانب سے ٹریننگ سینٹروں اور اضلاع کے آئی ٹی آئی اداروں کے ذریعہ سے۳۰؍ ہزار سوریہ متروں کی ٹریننگ کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ سوریا مترس کی تربیت کا دورانیہ تین ماہ کا ہے۔ اس دوران۶۰۰؍ گھنٹے کی ٹریننگ دی جا ئے گی جن میں کلاس روم ٹریننگ، پریکٹیکل لیباریٹری، ایس پی وی پلانٹ ایکسپوزر، آن سروس ٹریننگ( او جے ٹی)، سافٹ اسکلز اور انٹرپرینیورشپ اسکلز شامل ہیں۔