• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مغربی کنارہ میں اسرائیلی حملوں میں۶؍فلسطینی شہید، ۵؍زخمی

Updated: September 06, 2024, 1:45 PM IST | Agency | West Jordan / Jerusalem

اسرائیل نےایک ہفتے میں غزہ کے۲۰۰؍ جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ حالانکہ اسکی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اس دورانیہ میں کئی حملے ہوئے۔

Palestinian volunteer Khairy Hanoun protests in front of Israeli armored vehicles in Tulkarm. Photo: INN
طولکرم میں فلسطینی رضاکار خیری ہانون اسرائیلی بکتربند گاڑیوں کے آگے احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں  لے رہا ہے۔ غزہ کے بعد اب اس کے نشانے پرمغربی کنارہ کے بے آسرا فلسطینی ہیں۔ یہاں  کئی دنوں  سے اس کی چھاپہ مار کارروائی اور میزائل حملے جاری ہیں۔ 
اسرائیلی فوج نے ایک گاڑی پر بم برسائے
مغربی کنارے میں جمعرات کو اسرائیلی فوج کے ایک گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والے۵؍ فلسطینیوں میں سے ایک صیہونی جیل میں اسیر الفتح کے کمانڈر کا بیٹا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جارحیت کا یہ واقعہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے طوباس میں پیش آیا جب ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کی اوراپنی ظالمانہ کارروائی کا جواز دیا کہ اسرائیلی فوجیوں کے خلاف خطرہ بننے والے مسلح افراد کی گاڑی پر۳؍ میزائل داغے۔ جس میں القسام بریگیڈ کے جنگجو سوار تھے۔ 
الفارعہ کیمپ پر اسرائیلی فوج کا دھاوا، لڑکے کو گولی ماری
 ایک دیگر رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے طوباس کے علاقے میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا جس کے بعد متعد دھماکے سنے گئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کو ہلال احمر سوسائٹی نے بتایا کہ اس کے عملے کو ایک۱۶؍ سالہ لڑکے ماجد فدا ابو زینہ کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ملی مگر قابض فوج نے امدادی کارکنوں کو زخمی بچے تک پہنچنے اور اسے طبی امداد فراہم کرنے سے روک دیا جس کے نتیجےمیں وہ زخموں کی تاب نہ لاکرشہید ہوگیا۔   عینی شاہدین کے مطابق الفارعہ کیمپ پر دھاوا بولنے کے دوران قابض فوج نے بچے ابو زینہ پر فائرنگ کی۔ اس کے ساتھ بدسلوکی کی، ایمبولینس کے عملے کو اس تک پہنچنے سے روکا اور اسے فوجی بلڈوزر سے گھسیٹ کر کیمپ سے باہر لے گئے۔   

یہ بھی پڑھئے:جے پی سی میں تین مرکزی وزارتوں کو بلانے پر سوال

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں ۵؍ فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ۴؍ زخمیوں میں سے۲؍ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ شہید ہونے والوں میں سے ایک نوجوان فلسطینی اسیر لیڈر زکریا زبیدی کا بیٹا ہے۔ زکریا زبیدی نے۲۰۰۲ء میں انتقاضہ میں جنگ لڑی تھی اور بعد ازاں گرفتار ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ۲۰۲۱ء میں وہ اسلامک جہاد کے دیگر۵؍ اسیروں کے ساتھ سرنگ کھود کر جیل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم کچھ دنوں بعد پکڑے گئے تھے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا سے جاری مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی فوج کے آپریشن میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد۴۰؍ ہوگئی جب کہ۱۴۰؍ سے زائد زخمی ہیں۔ 
اسرائیلی دعوے کیا ہیں ؟
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے ایک ہفتے کے دوران جنوبی غزہ کی پٹی میں ۲۰۰؍ سے زیادہ جنگجوؤں کو ہلاک کیا اور شہری عمارتوں سے درجنوں ہتھیار برآمد کیے ہیں۔ آئی ڈی ایف نے بدھ کو ٹیلی گرام پر کہاکہ ’’گزشتہ ہفتے سے۴۰۱؍ویں بریگیڈ کے فوجی تل السلطان کے علاقے میں ۱۶۲؍ویں ڈویژن کی رفح کی مہم کے ایک حصے کے طور پر درست، انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اب تک، فوجیوں نے آپریشن کے دوران۲۰۰؍ سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے اور شہری عمارتوں سے درجنوں ہتھیار برآمد کیے ہیں۔ ‘‘ بیان میں کہا گیا کہ چھاپے کے دوران طویل فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ فائر کرنے کیلئے بنائے گئے دس راکٹ لانچر بھی برآمد کیے گئے۔ 
مزاحمتی فورسیز منہ توڑ جواب دے رہے ہیں 
 مغربی کنارے میں فلسطینی مزاحمتی فورسز قابض اسرائیلی افواج کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فوجی اور آباد کاری کے اہداف کے خلاف آپریشن اور حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔  مرکزاطلاعات فلسطین کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مغربی کنارے میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے۳۴؍ مزاحمتی کارروائیاں کیں، جن میں مسلح جھڑپیں، دھماکہ خیز آلات سے دھماکے اور آباد کاروں سے مقابلہ کرنا شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق مزاحمت کاروں اور قابض فوج میں ۹؍ مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ ۸؍ بارودی آلات سے دھماکے کیےگئے۔ القدس شہر میں شعفاط کیمپ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK