وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار نے لوک سبھا میں یہ اطلاع دی ،۲۰۸۴۶۹؍ فرضی موبائل فون کے آئی ایس ای آئی نمبر بھی بلاک کرنے کے بارے میں بتایا۔
EPAPER
Updated: March 28, 2025, 10:33 AM IST | New Delhi
وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار نے لوک سبھا میں یہ اطلاع دی ،۲۰۸۴۶۹؍ فرضی موبائل فون کے آئی ایس ای آئی نمبر بھی بلاک کرنے کے بارے میں بتایا۔
ملک میں سائبر جرائم اور ڈیجیٹل دھوکہ دہی کے معاملے تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں۔ آئے دن پیش آ رہے اس طرح کے معاملات حکومت کیلئے سر درد بن چکے ہیں۔ ان پر قابو پانے کیلئے حکومت نے اب اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ۷ء۸۱؍لاکھ سم کارڈ اور۸۳؍ ہزار وہاٹس ایپ اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت نے۳۹۶۲؍ اسکائپ آئی ڈی کو بھی بلاک کیا ہے۔ یہ اطلاع وزیر مملکت برائے داخلہ بنڈی سنجے کمار نے لوک سبھا میں دی۔
یہ بھی پڑھئے: دسویں محراب سنارہے ہیں انجینئرحافظ شفیق بارودگر
انہوں نے بتایا کہ ۲۸؍ فروری ۲۰۲۵ء تک یہ کارروائی کی گئی ہے۔آن لائن فریب، فرضی سم کارڈ اور وہاٹس ایپ، اسکائپ جیسے پلیٹ فارمس کا استعمال کرکے سائبر فراڈ عناصر لوگوں کو ٹھگ رہےتھے۔ یہ ٹھگ خود کو بینک افسر، پولیس یا سرکاری افسر بتا کر لوگوں سے پیسے وصول کر رہے تھے ۔ فرضی اکاؤنٹ کے ذریعہ ڈیجیٹل فراڈ کو انجام دیا جا رہا تھا ۔ حکومت نے فرضی موبائل ڈیوائسز پر بھی شکنجہ کستے ہوئے ۲۰۸۴۶۹؍ موبائل فون کے آئی ایس ای آئی نمبر بلاک کر دیے ہیں۔ آئی ایس ای آئی نمبر ہر فون کی یونک پہچان ہوتی ہے جس سے اسے ٹریک کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب اب ٹھگوں کے فرضی فون بھی بلیک لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔انڈین سائبر کرائم کو آرڈی نیشن سینٹر(۱۴؍ سی) نے ۳۹۶۲؍اسکائپ آئی ڈی اور۸۳۶۶۸؍وہاٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک کئے ہیں۔ یہ سبھی اکاؤنٹ ڈیجیٹل فراڈ اور سائبر جرائم میں ملوث پائے گئے تھے ۔ یہ مرکزی وزارت داخلہ کے ماتحت کام کرتا ہے اور آن لائن ٹھگی کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے ایک اسپیشل ہیلپ لائن نمبر۱۹۳۰؍ لانچ کی ہے ۔ آن لائن فریب کا شکار اس نمبر پررابطہ کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پورٹل
https://cybercrime.gov.in پر آن لائن شکایت بھی درج کر سکتے ہیں۔ حکومت کے اس سسٹم کی مدد سے ا ب تک ۴۳۸۶؍کروڑ روپے ٹھگوں کے کھاتوں میں جانے سے بچائے جا چکے ہیں۔