• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۷۷ نوبیل انعام یافتگان، ٹرمپ کے سیکریٹری آر ایف کے جونیئر کی تقرری کے خلاف

Updated: December 10, 2024, 6:59 PM IST | Washington

۷۷؍ نوبیل انعام یافتگان نے اپنے کھلے خط میں لکھا ہے کہ کنیڈی جونیئر کو ایچ ایچ ایس ڈپارٹمنٹ کا انچارج بنایا جانا، عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

Donald Trump and RFK Jr. Photo: X
ڈونالڈ ٹرمپ اور آر ایف کے جونیئر۔ تصویر: ایکس

مختلف شعبوں میں نوبیل انعام یافتہ ۷۷ افراد نے پیر کو امریکی سینیٹ کو ایک کھلا خط بھیجا جس میں انہوں نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذریعہ، رابرٹ ایف کنیڈی جونیئر (آر ایف کے جونیئر)کو صحت اور انسانی خدمات (ایچ ایچ ایس) ڈپارٹمنٹ کا سیکریٹری نامزد کئے جانے کے فیصلہ کی مخالفت کی۔ طب، کیمیاء، طبیعیات اور اقتصادیات و دیگر مختلف میدان سے تعلق رکھنے والے ۷۷ نوبل انعام یافتہ ماہرین کے دستخط شدہ خط میں آر ایف کے جونیئر کی اسناد کی کمی اور ویکسین مخالف عقائد کا حوالہ دیا گیا ہے۔ خط میں ماہرین نے لکھا ہے کہ مسٹر کنیڈی جونیئر کے ریکارڈ کے پیش نظر، انہیں ایچ ایچ ایس ڈپارٹمنٹ کا انچارج بنایا جانا، عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ خط پر دستخط کرنے والے ماہرین میں ڈریو ویس مین بھی شامل ہیں جنہیں ایم آر این اے ویکسین تیار کرنے میں تعاون کرنے پر ۲۰۲۳ء میں میڈیسن کے شعبہ میں نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔ یاد رہے کہ یہ ویکسین، کوویڈ-۱۹ کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیش رفت تھی۔

یہ بھی پڑھئے: نومنتخب صدر ٹرمپ کا امریکی شہریت کا پیدائشی حق ختم کرنے کا اعلان

پیشہ سے ایک ماحولیاتی وکیل، کنیڈی کا کوئی طبی پس منظر نہیں ہے۔ انہوں نے مختلف مواقع پر ویکسین اور آٹزم کو جوڑنے والی سازشی تھیوریز کی حمایت کی ہے۔ حالیہ برسوں میں، انہوں نے کووڈ-۱۹ ویکسین کے متعلق غلط معلومات پھیلائی تھیں۔ حال ہی میں انہوں نے بیان دیا کہ اگر انہیں اس عہدے کیلئے منتخب کیا جاتا ہے تو وہ امریکہ میں نلکے کے پانی سے فلورائیڈ کو نکالنے کی کوشش کریں گے، حالانکہ فلورائیڈ کو دانتوں کی خرابی کا باعث بننے والے بیکٹیریا کے خلاف مددگار تسلیم کیا جاتا ہے۔ خط میں سائنسدانوں نے زور دیا کہ کنیڈی کی اسناد یا طب، سائنس، صحت عامہ، یا انتظامیہ میں متعلقہ تجربہ کی کمی کے علاوہ، وہ صحت کے تحفظ اور خسرہ اور پولیو کی ویکسین سمیت جان بچانے والی کئی ویکسینز کے مخالف رہے ہیں۔ نوبل انعام یافتہ ماہرین نے خط میں سینیٹ سے اپیل کی کہ وہ کنیڈی کی تقرری کے خلاف ووٹ دیں۔ واضح رہے کہ نامزدگی کے بعد سیکریٹری بننے کیلئے سینیٹ میں اکثریتی ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK