• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حزب اللہ اپنی صفوں کو منظم کرنے میں کامیاب، اسرائیل کو للکارا

Updated: October 09, 2024, 2:42 PM IST | Agency | Beirut

نائب سربراہ قاسم نعیم نے جنگ بندی کی تائید کی مگر کہا کہ اگر دشمن جنگ جاری رکھتا ہے تو پھر فیصلہ میدان جنگ میں ہوگا، صہیونی فوجوں کے انتہائی شدید حملے کا سامنا کرتے ہوئے جنگجو تنظیم نے شمالی اسرائیل کے شہر حیفہ پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا، اپنے شہید کمانڈروں کی جگہ نئے کمانڈروں کی تقرری بھی کردی۔

Hezbollah Deputy Secretary General Qasim Naeem addressed the public on the completion of one year of the Gaza War. Photo: INN
حزب اللہ کے نائب سیکریٹری جنرل قاسم نعیم نےغزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر عوام سے خطاب کیا۔ تصویر : آئی این این

لبنان میں حزب اللہ کے ڈپٹی لیڈر شیخ نعیم قاسم نے اعلان کیا کہ تنظیم نے اپنی صفوں  کو منظم کرلیا ہے اور وہ اسرائیل کے حملوں  سے خوفزدہ نہیں ہے۔ قاسم نعیم نے پہلی بار لبنان میں  جنگ بندی کی تائید کی مگر یہ انتباہ بھی دیا کہ اگر دشمن جنگ جاری رکھتا ہے تو پھر فیصلہ میدان جنگ میں  ہوگا۔ ا نہوں  نےبتایا کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونےوالے حسن نصراللہ کے نانشین (تنظیم کے نئے سیکریٹری جنرل) کی تقرری کیلئے جلد انتخابات منعقد کئے جائیں گے مگر اسرائیلی حملوں میں  شہید ہونےوالے دیگر کمانڈروں  کی جگہ پر ان کے نائبین کو ترقی دیکر تقرری کردی گئی ہے۔ انہوں نے ایک طرح سے اعلان کیا کہ حزب اللہ ایک بار پھر پوری توانائی کے ساتھ اسرائیل کا مقابلہ کرنے کیلئے منظم ہوچکی ہے۔ 
’’مشرق وسطیٰ میں تبدیلی کا آغاز‘‘
 شیخ نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا لبنان کے عوام مزاحمت پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور آپریشن طوفان الاقصیٰ مشرق وسطیٰ میں تبدیلی کا آغاز ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ’’ طوفان الاقصیٰ سے پہلے قابض فوجوں  کا ہدف فلسطینی عوام کی نسل کشی اور مزاحمت کو ختم کرنا تھا۔ دشمن اس وقت جو کر رہا ہے وہ لڑائی نہیں بلکہ انسانیت اور آزاد قوموں کا قتل ہے۔ اگر امریکی حمایت نہ ہوتی تو صہیونی جارحیت ایک ماہ میں ہی دم توڑ دیتی۔ ‘‘
’’اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ نہیں ہیں ‘‘
حزب اللہ کے ڈپٹی چیف نے اعلان کیاکہ’’ اسرائیل پر میزائل اورراکٹ حملوں کا دائرہ بتدریج بڑھا رہے ہیں، ہم اسرائیل کے حملوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ حزب اللہ کے جوان وسیع محاذ پر حملہ آوروں سے لڑ رہے ہیں۔ ‘‘ 
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ’’ اگر مغرب صہیونی حکومت کی حمایت نہ کرتا تو یہ حکومت باقی نہیں رہ سکتی تھی مگر امریکہ ہماری سرزمین پر قبضہ کرنے والوں کا ساتھ دے رہا ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:ہریانہ میں نتائج پلٹ گئے،بی جے پی ۴۸؍، کانگریس ۳۷

’’فلسطینی قوم کو شکست نہیں دی جاسکتی‘‘
 حزب اللہ کے نائب سیکریٹری جنرل قاسم نعیم نے غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں  کہا کہ ’’غزہ اور مغربی کنارے میں مزاحمت اور مقبوضہ علاقوں کے اندر کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ فلسطینی قوم اور مزاحمت کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ ‘‘ اس موقع پر انہوں  نے ایران کی پزیرائی بھی کی جس نے چند مہینوں میں   دو بار اسرائیل پر براہ راست حملہ کیا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ ’’ایران نے تل ابیب کے قلب کو نشانہ بنایا اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران مزاحمت کی حمایت کرنے اور ساتھ دینے کیلئےپرعزم ہے۔ ‘‘ ایرانی خبر رساں ایجنسی ’اِرنا‘ کے مطابق حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ’’نیتن یاہو کہتا ہے کہ وہ شمالی مقبوضہ فلسطین کے قابض آباد کاروں کو واپس لاکر آباد کرے گا اور ہم اس کو بتا رہے ہیں کہ اس سے بھی بڑی تعداد کو بھاگنے پر مجبور کردیں گے۔ ‘‘
اسرائیل کو شکست سے دوچارکرنے کا عزم
 لبنان میں  حالانکہ اسرائیلی حملوں  میں شدت آگئی ہے اور حزب اللہ کے بہت سے کمانڈر مارے گئے ہیں  تاہم قاسم نعیم جن کے ہاتھوں  میں  اس وقت تنظیم کی کمان ہے، نے پر عزم لہجے میں کہا کہ’’ انشاء اللہ ہم اسرائیل کو شکست دیں گے اور وہ اپنے مکروہ مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ ‘‘ انہوں  نے اعلان کیا کہ ’’ حزب اللہ اور مزاحمت کی قیادت منظم ہے۔ ہم میدان میں مضبوطی سے کھڑے ہیں اور آپ دشمن کی چیخیں سنیں گے۔ ہمارے شہید قائدین کے پاس جو کچھ تھا، وہ سب ان کے نائبین اور معاونین کے پاس موجود ہے۔ تنظیمی طریقہ کار کی بنیاد پر ہم حزب اللہ کے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کریں گے۔ ‘‘
اسرائیلی شہر حیفہ پر زبردست حملہ
  منگل کو حزب اللہ نے اسرائیلی شہر حیفہ پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا۔ شہر پر ۱۰۰؍ سے زائد راکٹ یکے بعد دیگرے داغے گئے جس کی وجہ سے افراتفری مچ گئی۔ حیفہ اسرائیلی کا شمالی شہر ہے جو لبنان کے حملوں  کی زد پر ہے۔ خود اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ حیفہ پر ۸۵؍ راکٹ داغے جانے کے بعد مزید ۲۰؍ راکٹ داغے گئے۔ حملے میں  ۱۲؍ اسرائیلی شہریوں  کے زخمی ہونے کی اطلاع ہےجبکہ کئی راکٹوں  کو اسرائیل کے دفاعی نظام ’’آئرن ڈوم‘‘ نے ناکارہ بنا دیا۔ 
’البغدادی‘ میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ
اس کے ساتھ ہی حزب اللہ نے اسرائیل کے زمینی حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شمالی اسرائیل کے ’البغدادی‘ آؤٹ پوسٹ پر تعینات صہیونی فوجیوں کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ جنگو تنظیم کا دعویٰ ہے کہ اس کا حملہ کامیاب رہا۔ منگل کو اسرائیل کے خلاف ایران کا یہ ساتواں  بڑا حملہ قراردیا گیا ہے۔ حزب اللہ کے حملوں  کی وجہ سے شمالی اسرائیل میں  مقیم یہودیوں میں  خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK