• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عباس انصاری کو ہائی کورٹ سے ضمانت، رہائی ابھی نہیں

Updated: August 24, 2024, 1:03 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

ای ڈی سے متعلق معاملے میں عباس کی ضمانت کی عرضی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے،عاطف رضا اورافروز جیل سے باہر آجائیں گے۔

Abbas Ansari can be seen standing outside the assembly in an old photograph. Photo: INN
عباس انصاری کو ایک پرانی تصویر میں اسمبلی کے باہر کھڑا ہوا دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

مختار انصاری کے بیٹے اور ایس بی ایس پی کے رکن اسمبلی عباس انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سےایک معاملہ میں  ضمانت مل گئی ہے۔ عباس انصاری کے ساتھ مختار انصاری کے بہنوئی عاطف رضا عرف شرجیل اورافروزکی درخواست ضمانت بھی منظور کرلی گئی ہے تاہم ضمانت منظور ہونے کے بعد بھی عباس انصاری جیل سےباہر نہیں آسکیں گے۔ ای ڈی سے متعلق ایک معاملے میں عباس انصاری کی ضمانت کی عرضی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ عباس انصاری کے جیل سے باہرآنے میں ابھی مزیدوقت لگے گامگرمختار انصاری کے بہنوئی عاطف رضا عرف شرجیل اورافروز جیل سے باہر آجائیں گے۔ ہائی کورٹ میں جسٹس راجویر سنگھ کی سنگل بنچ نےفریقین کے دلائل سننے کے بعد یکم اگست کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ درخواست گزاروں کے ایڈوکیٹ اوپیندر اپادھیائے اور حکومت کی طرف سےایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پی سی شریواستو نے اس معاملہ میں بحث کی۔ 

یہ بھی پڑھئے:مانسون کی بے قاعدگی کے باوجود ہندوستان کی اقتصادی ترقی برقرار

واضح رہےکہ ابوفخرخان نے اگست۲۰۲۳ءمیں کوتوالی غازی پورمیں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ مختار انصاری، ان کی اہلیہ افشاں انصاری، ایم ایل اے بیٹے عباس انصاری، بہنوئی عاطف رضا اور انور شہزاد اور افروز کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ان کے خلاف فراڈ، بھتہ خوری اور سازش کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ الزام ہےکہ ہومیوپیتھک میڈیکل کالج کے سامنے ان کی قیمتی زمین تھی۔ مختار انصاری نے اپنے بہنوئی کو بھیج کر ابو فخرخان کو ۲۰۱۲ء میں لکھنؤ جیل میں بلایا اورزمین دینےکےلئے دباؤ ڈالا، زمین فروخت نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ ملزمین نے سرکل ریٹ کی بنیاد پر ۲۰؍ لاکھ روپے کاچیک اور ۴؍ لاکھ روپے نقد دے کر بیعنامہ کرالیا۔ اس کے بعد افروز، عاطف رضا اور انور شہزاد متاثرہ کےگھر پہنچے اور اسے عباس انصاری کے پاس لےکر گئے۔ الزام ہے کہ عباس نے اسے پستول دکھاکر دھمکایا اور چیک پرزبردستی دستخط کروالئے۔ اس کے بعدبینک سے لاکھوں روپےنکلوالئے اور زمین بھی ہڑپ کرلی۔ یہ روپے چیک کے ذریعے ابو فخرخان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائےگئے تھے۔ جبکہ مختار انصاری کے بہنوئی نے چیک کی رقم واپس لےلی۔ قابل ذکر ہے کہ عباس انصاری کاس گنج جیل میں بند ہیں اور عاطف رضا عرف شرجیل ان دنوں لکھنؤ جیل میں بند ہیں۔ مختار کے بڑے بہنوئی انور شہزاد کو اس کیس میں پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK