• Wed, 18 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بیسٹ بسوں کی ٹھیکیدارکمپنیوں کے خلاف کیس درج کیاجائے۔ ابوعاصم اعظمی کا مطالبہ

Updated: December 18, 2024, 5:19 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی میں بیسٹ بسوں کے ذریعے جان لیوا حادثات میں اضافہ کا معاملہ ناگپور میں جاری قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا گیا۔ رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا کہ بیسٹ کی بسوں کےجن نجی کمپنیوں کے ڈرائیوروں سے یہ حادثات ہو رہے ہیں، ان کا کنٹریکٹ ختم کیا جائے ، ان پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور مہلوکین کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے۔

Member of Assembly Abu Asim Azmi. Photo: INN
رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی۔ تصویر: آئی این این

ممبئی میں بیسٹ بسوں کے ذریعے جان لیوا  حادثات میں اضافہ کا معاملہ ناگپور میں جاری قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا گیا۔ رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا کہ بیسٹ کی بسوں کےجن نجی کمپنیوں کے ڈرائیوروں سے یہ حادثات ہو رہے ہیں، ان کا کنٹریکٹ ختم کیا جائے، ان پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور مہلوکین کے ورثاء کو معاوضہ دیا جائے۔ رکن اسمبلی سنجے پوتنس نے بھی اسی مطالبے کو دہرایا۔ابو عاصم اعظمی نے تحریک التواء کے ذریعے قانون ساز اسمبلی میں کرلا اور گوونڈی میں ہونے والے بیسٹ بس حادثات کا معاملہ اٹھایا ۔ انہوں نے کہاکہ’’  ۹؍ دسمبر کو کرلا  سے ساکی ناکہ کی جانب جانے والی بیسٹ کی الیکٹرک بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور کئی گاڑیوں کو ٹکر  ماری اور کئی راہگیروں کو کچل دیا ۔ اس حادثہ میں ۸؍ شہریوں کی مو ت ہو گئی اور ۴۲؍ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ میرے اسمبلی حلقہ مانخورد شیواجی نگر  سے کچھ لوگ کرلا میں شادی میں گئے

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۰؍ یونٹ بجلی مفت سپلائی کی جائے :رئیس شیخ

تھے لیکن وہ شادی میں شرکت نہیں کر سکے اور بس حادثہ میں ان کی موت ہو گئی۔  جانچ میں پتہ چلا ہےکہ ڈرائیور کو نجی کمپنی نے مقرر کیا تھا۔ڈرائیور کو بس چلانے کی تربیت پوری نہیں ہوئی تھی ،اس کے باوجود اسے  بس چلانے دے دی گئی۔اس کے بعد مانخورد شیواجی نگراسمبلی حلقہ میں نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ کے سامنے مہاڈا کالونی  کے قریب بیسٹ بس ڈرائیور کے بے قابو ہو گئی اورموٹرسائیکل سوارکو کچل دیا۔ جانچ میں پتہ چلاہے کہ یہ ڈرائیور بھی نجی کمپنی کے ذریعے مامور کیا گیا تھا۔‘‘  انہوں  نے مزید کہاکہ’’ کرلا کے حادثہ کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سارے ویڈیوز وائرل ہو رہے ہیں جن میں بس ڈرائیور بیچ سڑک پر بس روک کر شراب خریدتے ہوئے دیکھے گئے ہیں ۔ اسی طرح کسی بس ڈرائیور کی سیٹ کے نیچے سے شراب کی بوتل ملتی ہےاور کسی ویڈیو کلپ میں بس ڈرائیور نشے میں پایا جاتا ہے۔ ان حادثات اوروائرل  ویڈیوزکے سبب آج ممبئی میں شہری بیسٹ بس میں سفر کرنے سے گھبرارہے ہیں۔ ‘‘ابوعاصم اعظمی نے مطالبہ کیا کہ ڈرائیور مہیا کرانے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کیا جائے، کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے اور اس پر قتل کا مقدمہ چلایا جائے نیز مہلوکین کے ورثاء کو معاوضہ دیاجائے۔
ابو عاصم اعظمی کے اس تحریک التوا پر اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے ’ٹھیک ہے‘ کہتے ہوئے ایوان کی کارروائی آگے بڑھا دی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK