• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اڈانی کے کوئلہ گھوٹالے کی جانچ ہوگی: راہل گاندھی

Updated: May 24, 2024, 10:45 AM IST | Agency | New Delhi

فائنانشیل ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے حوالے سے کانگریس لیڈر نے اڈانی کے بہانے بی جے پی کو نشانہ بنایا۔

Rahul Gandhi speaking. Photo: PTI
راہل گاندھی خطاب کرتےہوئے۔ تصویر :پی ٹی آئی

کانگریس کے اہم لیڈر راہل گاندھی کے مطابق ’انڈیا‘ کی حکومت بننے پر اڈانی گروپ سے متعلق کوئلہ گھوٹالے کی جانچ ہوگی اور اس سلسلے میں جے سی پی تشکیل دی جائے گی۔ یادرہےکہ برطانیہ کے اخبار ’فائنانشیل ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اڈانی نے ناقص کوئلہ زیادہ قیمت پر فروخت کیا ہے۔ 
 اسی کی بنیاد پر کانگریس لیڈر نے ایک بار پھر اڈانی کے بہانے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے اڈانی سے متعلق سے میڈیا رپورٹ کے دعوے پر بی جے پی اور وزیراعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد حقیقت سب کے سامنے لائیں گے۔ 
جے پی سی کی تشکیل کا وعدہ 
  بر طانیہ کے مذکورہ اخبار کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’ اڈانی گروپ نے مبینہ طور پر۲۰۱۴ء میں انڈونیشیا سے ناقص کوئلہ خریدا اور اسے ہندوستان میں ۳؍ گنا قیمت پر فروخت کیا۔ ‘‘اڈانی گروپ سے متعلق اس خبر کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندی نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’’ اگر مرکز میں انڈیا کی حکومت بنتی ہے تو ایسے الزامات کی تفتیش کیلئے ایک ’جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی‘ (جے پی سی) تشکیل دی جائے گی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: چھٹے مرحلہ کی انتخابی مہم ختم ، کل پولنگ

ہزاروں کروڑ روپے لوٹ کا الزم
 پارٹی کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا، ’’ بی جے پی حکومت میں کوئلہ کا ایک بڑا گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔ اس گھوٹالے کے ذریعے وزیر اعظم نریندر مودی کے خاص دوست اڈانی نے ناقص کوئلہ ۳؍ گنا قیمت پر بیچ کر ہزاروں کروڑ روپے لوٹ لئے ہیں۔ عوام نے بجلی کے مہنگے بل ادا کر کے اس کی قیمت چکائی ہے۔ ‘‘
ناقص کا کوئلہ فراہم کرنے کا الزام 
 راہل نے یہ بھی کہا، ’’ اس برطانوی اخبار نے کچھ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے ایک خبر شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اڈانی گروپ نے ’پبلک سیکٹر تمل ناڈو جنریشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کارپوریشن (ٹانگیڈکو) کو ناقص کوئلہ بہت زیادہ قیمت پر فروخت کیا ہے۔ ‘‘
پائی پائی کے حسا ب کا وعدہ 
 راہل گاندھی نے ایکس پر اس خبر سےمتعلق لکھا، ’’ کیا وزیر اعظم بتائیں گے کہ اس کھلی بدعنوانی پر ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کو خاموش رکھنے کیلئے کتنے ٹیمپو لگے؟۴؍ جون کے بعد انڈیا کی سرکا ر مہا گھوٹالے کی جانچ کرکے لوٹی گئی پائی پائی کا حساب کرے گی۔ ‘‘

الیکشن بعد راہل اور اکھلیش بیرون ملک جائیں گے:شاہ
مرکزی وزیر داخلہ اور بی جےپی کے سابق صدر امیت شاہ  نے جمعرات کو کہا کہ لوک سبھا الیکشن کے نتائج آنے کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور سماجوادی  پارٹی(ایس پی) کےسربراہ اکھلیش یادوتکان مٹانے کیلئے بیرن ملک چلے جائیں گے۔ جمعرات کو بی جےپی امیدوار پروین نشاد کی حمایت میں  جونیئر ہائی اسکول خلیل آباد کے احاطے میں منعقدہ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’’الیکشن میں اپوزیشن کا  صفایا ہوجائے گا۔‘‘ انہوں نے انڈیا اتحاد کے لیڈروں پر شدید تنقید کرتےہوئے کہا کہ ’’اتحاد کے لیڈر اپنے کنبے کو سیاست میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔‘‘ اس موقع پر وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا ،’’ کانگریس اور انڈیا اتحاد کے لو گ ایس سی/ایس ٹی کا ریزرویشن مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں لیکن جب تک مودی جی ہیں تب تک پچھڑوں اور دلتوں  کا ریزرویشن کوئی نہیں چھین سکتا۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK