• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اڈانی کی دولت میں۱۰؍ بلین ڈالر سے زیادہ کی گراوٹ

Updated: November 22, 2024, 3:12 PM IST | Agency | New Delhi

امریکی الزامات کے بعد ایک ہی دن میں گوتم اڈانی کی مجموعی دولت ۱۰؍ ارب ڈالر کم ہو کر۳ء۵۹؍ ارب ڈالر رہ گئی،ان کے بھائی ونو داڈانی کی دولت میں۴ء۷؍ بلین ڈالر کی کمی۔

Gautam Adani, the owner of Adani Group, is facing various allegations. Photo: INN
اڈانی گروپ کے مالک گوتم اڈانی کئی طرح کے الزامات کی زد میں ہیں۔ تصویر : آئی این این

جمعرات کو جیسے ہی اسٹاک مارکیٹ کھلا، اڈانی گروپ کے حصص(شیئر) میں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کی خالص دولت میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ اڈانی پرامریکہ کی جانب سے رشوت ستانی کے الزامات کے بعدیہ پورا معاملہ سامنے آیا ہے او رنتیجتاً  جمعرات کو ایک ہی دن میں گوتم اڈانی کی مجموعی مالیت میں ۱۰؍ بلین ڈالر سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گوتم اڈانی کے بھائی ونود اڈانی کی کل دولت میں بھی کمی آئی ہے۔ 
 فوربس کے مطابق امریکہ کی جانب سے رشوت ستانی اور فریب دہی کے منصوبے بنانےکے الزام میں گوتم اڈانی سمیت ۷؍ افراد کے خلاف تحقیقات شروع ہونے کے بعد گوتم اڈانی کی مجموعی دولت ۱۰؍ ارب ڈالر کم ہو کر۵۹ء۳؍ ارب ڈالر رہ گئی ہے۔ گوتم اڈانی کے بھائی ونود اڈانی کی مجموعی دولت ۴ء۷؍ بلین ڈالر کم ہوکر۱۵ء۵؍ بلین ڈالررہ گئی ہے۔ 
۲۶۵؍ملین ڈالر رشوت دینے کا الزام
 واضح رہےکہ امریکی محکمہ انصاف اور سیکوریٹیز ایکسچینج کمیشن نے اڈانی خاندان اور ۶؍ افراد پر شمسی توانائی کے ٹھیکے حاصل کرنے کیلئے ہندوستانی حکام کو۲۶۵؍ملین ڈالر کی رشوت دینے کا الزام لگایا۔ اس کے بعد جیسے ہی جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ کھلا، اڈانی گروپ کے حصص میں ۲۰؍ فیصد سے زیادہ کی کمی آئی، اسی سبب اڈانی گروپ کی کل۱۱؍ کمپنیوں کا مارکیٹ کیپ۲ء۲۵؍ لاکھ کروڑ روپے کم ہو کر۱۲؍ لاکھ کروڑ روپے پر آ گیا۔ بتا دیں کہ ۲۰۲۳ء کی ہنڈن برگ رپورٹ کے بعد جس میں اڈانی گروپ پر شیئرزمیں ہیرا پھیری کے الزامات لگے تھے، اڈانی گروپ کیلئےجمعرات کا دن سب سے برا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:دنیا کے بہترین شہر ۲۵ء: لندن سرفہرست، ٹاپ ۱۰۰؍ میں ایک بھی ہندوستانی شہرنہیں ہے

اڈانی انٹرپرائزز اور اڈانی سولوشنز سب سے زیادہ متاثر
  اڈانی گروپ کی فلیگ شپ کمپنی اڈانی انٹرپرائزز اور اڈانی انرجی سولوشنز میں کے شیئرز میں ۲۰؍ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امبوجا سیمنٹ اور اے سی سی سیمنٹ کے ساتھ اڈانی پورٹ کے حصص میں ۱۰؍ فیصد کالوور سرکٹ لگا، جبکہ اڈانی ٹوٹل گیس اور اڈانی پاور۱۴-۱۳؍ فیصد تک گر گئے۔ 
کون ہیں راجیو جین ؟
 اس ہلچل کے درمیان بوٹک انویسٹمنٹ فرم جی کیو جی پارٹنرس بھی سرخیوں میں ہے۔ دراصل۲۰۲۳ء میں ہنڈن برگ رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد، اس کمپنی کے مالک راجیو جین نے اڈانی اسٹاک میں اسٹرٹیجک سرمایہ کاری کی تھی۔ آسٹریلین ایکسچینج میں درج کمپنی جی کیو جی پارٹنرس کے حصص میں بھی۲۶؍ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے اڈانی ہولڈنگ کے حوالے سے دوبارہ خریداری کا اعلان کیا ہے۔ 
فرد جرم عائد کرنے سے چند گھنٹے پہلے بانڈز فروخت کئے گئے
  اڈانی کے خلاف فرد جرم کی خبر سے چند گھنٹے قبل ہی اڈانی گروپ کی ایک اکائی امریکی کارپوریٹ بانڈ مارکیٹ میں ۶۰۰؍ ملین ڈالر کی پیشکش کیلئے داخل ہوئی۔ اڈانی گروپ کی کمپنی کو آن کی آن میں ۳؍ گنا سے زیادہ نے سبسکرائب بھی کرلیا تھا۔ بعد ازاں ان بانڈز کی فروخت بھی منسوخ کر دی گئی۔ اڈانی نے ایک ماہ قبل بھی ایسی ہی پیشکش کی تھی۔ تاہم، بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق، قیمتوں کے تعین پر سرمایہ کاروں کے احتجاج کے بعد اس پیشکش کو ملتوی کرنا پڑا تھا۔ 
پی ایس پی پروجیکٹ کے شیئرز میں بھی گراوٹ 
 اڈانی گروپ پر رشوت کے الزامات کے درمیان پی ایس پی پروجیکٹ کے حصص میں بھی بھاری گراوٹ درج کی گئی۔ حصص کی فروخت زوروں پر رہی ا ورقیمت ۹؍ فیصد تک نیچے آگئی۔ ایک دن پہلے کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی انفرا پی ایس پی پروجیکٹ کی ۳۰؍فیصد حصہ داری خریدے گی۔ ۶۸۵؍ کروڑ روپے میں یہ حصہ داری خریدی جائے گی اور اس کیلئے شیئرپی ایس پی پروجیکٹ کےایک بانی فروخت کریں گے، لیکن اب تازہ ا لزامات کے بعد پی ایس پی پروجیکٹ کا بھی کاروبار متاثر ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK