• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

عید‌میلادالنبیؐ کے جلوس میں ہدایات کو ملحوظ رکھنے کی تلقین

Updated: September 16, 2024, 11:08 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Byculla

آل انڈیا خلافت کمیٹی کی ۱۰؍نکات پر مبنی ہدایات۔ خلاف ورزی کرنے پر پولیس کے ذریعے کارروائی کا انتباہ۔

The scene of the meeting held in connection with the Eid Milad-ul-Nabi procession at Khilafat House. Photo: INN
خلافت ہاؤس میں جلوس عید میلادالنبیؐ کے تعلق سے ہونے والی میٹنگ کا منظر۔ تصویر : آئی این این

عید میلادالنبیؐ میں جلوس کے شرکاء کے تعلق سے آل انڈیا خلافت کمیٹی نے ۱۰؍نکات والی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی بدنظمی نہ ہو۔ اسی کے ساتھ پولیس کے ہمراہ اور علماء کی جانب سے بلال مسجد اور سنی جمعیۃ العلماء کے دفتر میں بلائی گئی میٹنگوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہم سب جلوس کو اس کی شایان شان نکالیں، اپنے عمل اور کردار سے بھی غلامان محمدؐ ہونے کا ثبوت دیں تاکہ غیروں تک بھی مثبت پیغام عام ہو اور وہ اچھا اثر قبول کریں۔ 
رفاہی اور امور خیر پر ہماری توجہ ہو
 بلال مسجد کے دفتر میں گزشتہ روز ہونے والی منتظمین، علماء اور سماجی خدمت گاروں کی میٹنگ میں یہ پیغام دیا گیا کہ آقائے مدنی کی تعلیمات کا اہم ترین حصہ خدمت خلق ہے۔ آپ کا دریائے سخاوت ہمیشہ رواں رہتا تھا، کسی امتیاز کے بغیر آپؐ اپنوں اور غیروں سب کی حاجت روائی فرماتے تھے۔ اس لئے آپؐ کی تشریف آوری کے موقع پر ہم سب کو اس پر خاص توجہ دینی چاہئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:اسرائیل: تل ابیب میں ہزاروں افراد کی ریلی

پولیس کمشنر نے بھی ستائش کی 
 اس دفعہ پھر گنپتی وسرجن کے سبب ایک دن بعد یعنی ۱۸؍ستمبر کو جلوس نکالنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے منتظمین اور ذمہ داران کے اس فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ اس کے ذریعے بہت اچھا پیغام عام ہوگا اور امن و امان کے استحکام کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ہم سب تہوار منانے میں اور خوشیاں بانٹنے میں ایک دوسرے کا کس قدر خیال رکھتے ہیں، یہی جذبہ ہمیں ممتاز کرتا ہے۔ اس سے قبل بھی عید میلاد کا جلوس ایک دن بعد نکال کر قابل ستائش مثال پیش کی گئی تھی۔ 
کیا ہدایات دی گئی ہیں 
جلوس کے شرکاء ہدایات کو پیش نظر رکھیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ 
پولیس کی جانب سے جن چیزوں کو رکھنے کی ممانعت کی گئی ہے جیسے کسی قسم کا ہتھیار، لاٹھی ڈنڈے اور بھالے وغیرہ ساتھ لانے سے گریز کریں۔ 
جلوس میں لائے جانے والے ٹرک اور دوسری گاڑیوں کے کاغذات درست ہوں اور ڈرائیور لائسنس یافتہ ہو، اسے پہلے چیک کرلیں۔ 
ہدایات کے مطابق گاڑیاں قطار میں لے کر چلیں، لین کٹ نہ کریں۔ 
 ہر قسم کے دل آزار نعروں سے گریز کریں۔ 
با وضو ہو کر درود پاک اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے چلیں۔ 
جلوس میں شامل گاڑیوں کاخلافت کمیٹی میں اندراج کرا لیا جائے۔ 
حسب اعلان جہاں قائدین جلوس نمازیں ادا کریں گے وہاں اسی ترتیب سے رکیں ، اس کے بعد جلوس کو آگے بڑھایا جائے۔ 
ایسا انداز اور حلیہ اپنانے سے گریز کیا جائے جس سے کسی کو لب کشائی کا موقع ملے اس لئے کہ یہ جلوس آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم کے تشریف آوری کی مناسبت سے نکالا جاتا ہے، اس کا تقدس پامال نہ ہونے پائے۔ 
وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں تاکہ جلوس وقت پر نکالا جائے اور تمام امور مقررہ وقت پر پورے ہوں۔ 
  ان ہدایات کے ساتھ یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ ڈی جے اور آتش بازی سے بچا جائے، ان فضول اور لغو چیزوں میں ضائع کی جانے والی رقم غرباء مساکین اور حاجتمندوں پر صرف کی جائے۔ اس کے علاوہ یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر پولیس کارروائی کرسکتی ہے اس لئے جاری کردہ ہدایات پر عمل کیا جائے۔ 
اس سے گریز کریں 
 خلافت کمیٹی کے چیئرمین سرفراز آرزو کے مطابق ایسی بھی اطلاعات مل رہی ہیں کہ کچھ لوگ محبت رسول میں اپنے گھروں میں ایسے جھنڈے لگائے ہوئے ہیں جو قومی ترنگا ہے مگر اس میں اشوک چکر کی جگہ کلمہ طیبہ لکھا ہوا ہے۔ اگر کہیں ایسا کیا گیا ہے تو اس سے گریز کریں کیونکہ شرپسند عناصر اسے مسئلہ بناکر ہوّا کھڑا کرسکتے ہیں، لہٰذا ہم شرپسندوں کو ایسا کوئی موقع نہ دیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK