• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اب شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی، ممبئی پولیس تفتیش میں مصروف

Updated: November 07, 2024, 3:31 PM IST | Mumbai

بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کو جان سے مارنے کی متعدد دھمکیاں مل رہی ہیں، اور اب بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے اور ۵۰؍ لاکھ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ممبئی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

Shah Rukh Khan Image: X
شاہ رخ خان۔ تصویر: ایکس

ممبئی پولیس نے جمعرات کو شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ دھمکی سلمان خان کو ایک ایسے شخص کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد ملی ہے جس نے خود کو جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی بتایا تھا۔ پولیس نے کہا کہ ’’ہمیں یقین ہے کہ نامعلوم نمبر سے بھیجا گیا یہ پیغام صرف خوف پھیلانے کیلئے بھیجا گیا ہے۔ ہم مقدمہ درج کررہے ہیں۔ ایک ٹیم کو پہلے ہی مشتبہ شخص کا پتہ لگانے کیلئے تفویض کیا گیا ہے۔‘‘ ابتدائی تفتیش میں پولیس نے اس موبائل فون کا پتہ لگالیا ہے جس سے ممبئی پولیس کو شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی۔ یہ فون رائے پور کے ایک شخص کا ہے۔ اس شخص کا کہا ہے کہ اس کا فون ۲؍ نومبر کو چوری ہوگیا تھا۔ اس ضمن میں اس نے مقامی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ بھی درج کروائی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پرینکا چوپڑا خود شاہ رخ خان کی مداح ہیں

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایک اور ملزم نے سلمان خان کو دو کروڑ روپے نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ بعد میں باندرہ سے ایک شخص کو دھمکی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس ہفتے کے شروع میں، ممبئی ٹریفک پولیس کو ایک نامعلوم نمبر سے ایک اور پیغام موصول ہوا تھا، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اگلے ۱۰؍ دنوں کے اندر استعفیٰ نہیں دیا، تو ان کا وہی حشر ہوگا جو مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی کا ہوا۔ بابا صدیقی کو لارنس بشنوئی گینگ نے ۱۲؍ اکتوبر کو باندرہ (مشرق) میں مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ ان کے قتل کے بعد سے، ان کے بیٹے، ایم ایل اے ذیشان صدیق، اور سلمان خان کو دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK