نارڈک ملک کے وزیر امداد بنجامن دوسا کے مطابق سویڈن اب اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی’یو این آر ڈبلیو اے‘ (UNRWA)کو فنڈز نہیں دے گا بلکہ اس کے بجائے دوسرے چینلز کے ذریعے غزہ کو انسانی امداد فراہم کرے گا۔
EPAPER
Updated: December 20, 2024, 6:22 PM IST | Stockholm
نارڈک ملک کے وزیر امداد بنجامن دوسا کے مطابق سویڈن اب اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی’یو این آر ڈبلیو اے‘ (UNRWA)کو فنڈز نہیں دے گا بلکہ اس کے بجائے دوسرے چینلز کے ذریعے غزہ کو انسانی امداد فراہم کرے گا۔
نارڈک ملک کے امدادی وزیربنجامن دوسا نے سویڈن کے نشریاتی ادارے’’ٹی وی ۴‘‘ کو بتایا کہ سویڈن اب اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی’یو این آر ڈبلیو اے‘ (UNRWA)کو فنڈز نہیں دے گا بلکہ اس کے بجائے دوسرے چینلز کے ذریعے غزہ کو انسانی امداد فراہم کرے گا۔ اسرائیل، جو جنوری کے اواخر سے ملک میں یو این آر ڈبلیو اےکی کارروائیوں پر پابندی لگائے گا، نے بارہا ایجنسی پر حماس کے گزشتہ سال۷؍ اکتوبر کو ہونے والے حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔ دوسا نے کہا کہ سویڈن کایو این آر ڈبلیو اےکیلئے فنڈنگ ختم کرنے کا فیصلہ اسرائیلی پابندی کے جواب میں تھا، کیونکہ یہ ایجنسی کے ذریعے فلسطینیوں کو امداد پہنچانا مزید مشکل بنا دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن اگلے سال غزہ کیلئے اپنی مجموعی انسانی امداد میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس ماہ یو این آر ڈبلیو اے کو اپنی حمایت دی اور مطالبہ کیا کہ اسرائیل ایجنسی کے مینڈیٹ کا احترام کرے اور اپنی کارروائیوں کو بغیر کسی رکاوٹ یا پابندی کے آگے بڑھنے کے قابل بنائے۔
یہ بھی پڑھئے: تل ابیب پر حوثیوں کا حملہ، یمن پر اسرائیلی بمباری
اسرائیل کی جانب سے ایجنسیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے
گزشتہ سال غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد سے، یو این آر ڈبلیو اےبے گھر اور خطرے سے دوچار فلسطینیوں جو شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے جبری نقل مکانی کر رہے ہیں، کیلئے ایک اہم لائف لائن بن گیا ہے۔ تاہم، انکلیو میں اقوام متحدہ کے ادارے کے انسانی ہمدردی کے کاموں میں جنوری ۲۰۲۴ءسے رکاوٹ ہے، جب اسرائیل نے غزہ میں اپنے ۱۲؍ملازمین پر ۷؍ اکتوبر کو حماس کے اسرائیل میں ہونے والے حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔ امریکہ سمیت کم از کم۱۶؍ ممالک نے ایجنسی کی فنڈنگ روک دی یا معطل کر دی جس کی وجہ سے غزہ کی قحط زدہ آبادی کیلئے اس کے امدادی کام کو نقصان پہنچا۔ برسوں سے ناقدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی لابی نے فلسطینی پناہ گزینوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مخصوص مینڈیٹ کے ساتھ اقوام متحدہ کی واحد ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کو بند کرنے کیلئے کام کیا ہے۔ یو این آر ڈبلیو اے کے آزادانہ جائزے کے بعد زیادہ تر کلیدی عطیہ دہندگان نے امداد دوبارہ شروع کی کہ اسرائیل نے اپنے دعوؤں کی حمایت کیلئے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ واضح رہے کہ یو این آر ڈبلیو اے اس وقت غزہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں پناہ گاہوں کا انتظام کر رہا ہے، جہاں اسرائیل کے جاری تشدد سے متاثر ہونے والے اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد رہائش پذیر ہیں۔