• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوم القدس: اہلِ غزہ کیلئے دُعائوں کی اپیل

Updated: April 05, 2024, 12:13 AM IST | Agency | Jerusalem

ہر سال جمعۃ الوداع کو منائے جانے والے یوم القدس پر اسلامی ممالک کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک میں احتجاج یقینی ہے، کئی ممالک میں سیکوریٹی بڑھائی گئی، پاکستان اور ایران نے مساجد میں ارضِ فلسطین کے ساتھ ساتھ اہل غزہ کیلئے دعائیں کروانے کی ہدایت دی.

Millions of worshipers arrive at Al-Aqsa Mosque on the occasion of Juma Al-Wida. Photo: INN
جمعۃ الوداع کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں لاکھوں مصلیان پہنچتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

آج دنیا بھر میں جمعۃ الوداع کے موقع پر ارض فلسطین کی بازیابی کیلئے یوم القدس منایا جاتا ہے۔ اسی کے تحت پوری دنیا کے مسلمان رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے موقع پر مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لئے خصوصی دعائیں کرتے ہیں اور کئی ممالک میں پرامن احتجاج بھی کیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ کا جمعۃالوداع اسرائیل کی شیطنت اور غزہ کی اینٹ سے اینٹ بجادینے کی وجہ سے نہایت جذباتی ماحول میں منایا جائے گا۔ آج ممکنہ طور پر پوری دنیا کی مساجد میں جہاں مسجد اقصیٰ کی بازیابی کیلئے دعائیں ہوں گی وہیں ان دعائوں میں اہل غزہ کو بھی یاد رکھا جائے گا۔ اس تعلق سے پاکستان اور ایران نے اپنے اپنے یہاں ہدایات جاری کردی ہیں کہ بعد نماز جمعہ جو دعائیں ہوں ان میں اہل غزہ کو خصوصی طور پر یاد رکھا جائے۔ عرب ممالک میں بھی یوم القدس کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اور امکان ہے کہ  یہاں پر جمعہ کو بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر بھی نکل آئیں۔اسی لئے کچھ ممالک میں ابھی سے  سیکوریٹی کےانتظامات کئے جارہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل نے ۷؍ اکتوبرسے اب تک ۶۶؍ صحافیوں کو اغواء کیا ہے: فلسطینی پریزنرس کلب

ایران کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عالمی یوم القدس  کے موقع پر اس سال بہت زیادہ امکان ہے کہ غیر اسلامی ممالک میں بھی یوم القدس پرشکوہ طریقے سے منعقد کیا جائے اور غاصب صہیونیوں کیخلاف دعائیں مانگی جائیں۔ امید ہے کہ ایرانی قوم دیگر مواقع کی طرح اس دن بھی کارنامہ  انجام دے گی اور ہر مسجد میں اہل غزہ کیلئے خصوصی دعا ہو گی اور پرامن احتجاج بھی کیا جائے گا۔  پاکستانی حکومت نے غیر رسمی بیان میں ہدایت دی ہے کہ ملک کی تمام مساجد میں خصوصی طور پر دعائیں کروائی جائیں۔  
واضح رہے کہ یوم القدس فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ہر سال رمضان کے آخری جمعے کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز۱۹۷۹ء میں ایران کے اس وقت کے روحانی پیشوا آیت اللہ خمینی نے کیا تھا۔ یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں جبکہ اس موقع پر ایک بڑی ریلی فلسطین میں بھی نکالی جاتی ہے۔ اس سال کے حالات کی بناء پر یہ امکان ہے کہ مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ متعدد یورپی ممالک جیسے برطانیہ ، فرانس ، اٹلی ، اسپین ، پرتگال ، ڈنمارک ، سویڈن ، ہالینڈ، جرمنی اور دیگر ممالک میں بھی پر امن ریلیاں نکالی جائیں اور اہل غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے۔  امریکہ سے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وہاں کے متعدد اہم شہریوں میں فلسطین کے کاز کی حمایت میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کی بھی بڑی تعداد آسکتی ہے۔  نیو یارک اور واشنگٹن میں اس تعلق سے خصوصی اجازت لینے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK