• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیل نے ۷؍ اکتوبرسے اب تک ۶۶؍ صحافیوں کو اغواء کیا ہے: فلسطینی پریزنرس کلب

Updated: April 04, 2024, 3:01 PM IST | Jerusalem

فلسطینی پریزنرس کلب نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے ۷؍ اکتوبر سے اب تک ۶۶؍ صحافیوں کو، جن میں ۴؍ خواتین صحافی بھی شامل ہیں، کو اغواء کیا ہے۔ ادارے نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ۱۳۰؍ صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فلسطینی پریزنرس کلب، جو غیر حکومتی ادارہ ہے، نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ اسرائیل نے ۷؍ اکتوبر سے اب تک مشرقی یروشلم اور مقبوضہ مغربی کنارے سے ۶۶؍ صحافیوں کو، جن میں ۴؍خواتین بھی شامل ہیں،اغواء کیا ہے۔ خیال رہے کہ یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی انتظامیہ نے ۳۲؍ سالہ صحافی اسماء نوح ہریش کو بدھ کی صبح مغربی کنارے کے رام اللہ سے حراست میں لیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ڈبلیو سی کے امدادی کارکنان کی ہلاکتوں کا معاملہ، رشی سونک کا نتین یاہو سے تفتیش کا مطالبہ
یہ این جی او، جس کا قیام ۱۹۹۳ءمیں عمل میں آیا تھا، نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ۷؍اکتوبر سے اسرائیلی انتظامیہ کے ذریعے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم سے اغواء کئے گئے صحافیوں کی تعداد ۶۶؍ ہو گئی ہے۔ ان میں سے اسرائیل نے ۴۵؍ کو حراست میں لیا ہے جن میں ۴؍ خواتین صحافی اور اسماء بھی شامل ہیں جنہیں حال ہی میں گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ اسماء کے ساتھ ان کے والد نوح اور ان کے بھائی احمد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ این جی اونے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ یہ حراستیں اسرائیل کی جانب سے ۷؍ اکتوبر سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کو حراست میں لینے کی مہم کا حصہ ہے جن میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
فلسطینی پریزنرس کلب نے کہا کہ ۲۳؍ صحافیوں کو انتظامی حراست میں بھیجا گیا ہے جن میں اخلاص سوالہ اور بشریٰ التوییل بھی شامل ہیں۔ متعدد صحافیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر یا میڈیا آوٹ لیٹس کے ذریعے اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی کے چارجیس عائد کئے گئے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک ۱۳۰؍صحافی ہلاک
ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیلی قبضے نے، گزشتہ کئی دہائیوں میں، فلسطینی صحافیوں کی آواز کو دبانے اور فلسطین کیلئے لڑنے کے ان کے جذبے کو ختم کرنے کیلئے انہیں حراست میں لینے کی پالیسی جاری رکھی ہے۔ پریزنرس کلب نے مزید کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کی تعداد ۹؍ ہزار ۴۰۰؍ ہوگئی ہے جن میں ۳؍ ہزار ۶۶۱؍ انتظامی قیدی بھی شامل ہیں۔
مغربی کنارے میں فلسطینیوں کیلئے اسرائیلی فوجیوں کا خوف اس وقت سے بڑھ گیا ہے جب سے اس نے غزہ میں اپنی کارروائیاں جاری کی ہیں۔ خیال رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ۳۳؍ ہزارفلسطینی جاں بحق جبکہ ۷۰؍ ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جنگ کے دوران ۱۳۰؍ فلسطینی اور میڈیا کے نمائندے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں اور غیر قانونی یہودی آبادکاروں نے ۴۵۰؍ فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتارا ہے جن میں ۱۰۰؍ بچے ہیں۔ اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں ۱۳؍ ہزار بچے ہلاک جبکہ بڑے پیمانے پر خواتین شہید ہوئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK