• Mon, 06 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کوکن مرکنٹائل بینک کے روح رواں علی ایم شمسی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

Updated: September 02, 2024, 10:59 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بینک کے ۵۴؍سال مکمل ہونے پر تقریب کا اہتمام، بینک کی ترقی میں اہم رول ادا کرنے والےسابق افسروں اور ڈائریکٹروں کو بھی مدعو کیا گیا۔

Ali M. Shamsi (Shawled) was honored with the Lifetime Achievement Award in recognition of his selfless services. Photo: INN
علی ایم شمسی(شال اوڑھے ہوئے) کی بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لائف ٹائم اچیومنٹ اعزاز سے نوازا گیا۔ تصویر : آئی این این

کوکن مرکنٹائل کو آپریٹیو بینک لمیٹیڈ کی جانب سے اتوار کو کے سی کالج کے راما اینڈ سندری واتو مل ہال میں ۵۴؍ سال مکمل ہونے پر سالانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کی قابل ذکر بات یہ تھی کہ تقریب کے دوران بینک کے چیئرمین آصف غلام محمد دادان اوراصغر محمد دبیر ودیگرموجودہ اور سابقہ ڈائریکٹرس اور وائس چیئر مین کی موجودگی میں کوکن مرکنٹائل بینک کے روح رواں علی ایم شمسی کی بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔ 
  اس موقع پر بینک کےسابق افسران و ڈائریکٹرس کو بھی مدوع کیا گیا تھا جنہوں نے الگ الگ وقتوں میں بینک کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے، منافع بخش اور اسے ترقی یافتہ بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:اسپتالوں کے تحفظ پر مامور سیکوریٹی گارڈس ۳؍مہینے سے تنخواہ سے محروم!

علی ایم شمسی نے اس موقع پر انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’’جس طرح ہر انسان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، اسی طرح کسی بھی آرگنائزیشن کوبھی مختلف قسم کے مسائل سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے مل کر جو پودا لگایا تھا، وہ اب تناور اور پھل دار درخت بن گیا ہے۔ اس کے لئے نئی نسل کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے کیونکہ نئی نسل نے اسے زر خیز بنانے میں اہم رول اداکیا ہے اور خوشی اس بات کی ہے کہ انہوں نے اپنے اسلاف کو برقرار رکھا اور اس ادارے کو ترقی یافتہ بنایا ہے۔ ‘‘
 اس تقریب کے ساتھ ہی ان برانچوں کے سربراہوں اور ملازمین کی خدمات کا اعتراف بھی کیا جنہوں نے امسال بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پربینک کیلئے بہترین خدمات پیش کرنے پر کوکن بینک کی جوگیشوری برانچ کی شائستہ متین خان، تھانے میرا روڈ، رائے گڑھ مہسلہ برانچ اور رتنا گیری کی داپولی برانچ کی سربراہ اور ٹیموں کو شیلڈ، میمنٹو اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔ وہیں بینک انتظامیہ نےاس ادارے سے وابستہ ایکزیکیٹیو و ملازمین کے بچوں کے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر نہ صرف انہیں مبارکباد دی بلکہ ۸۰ ؍ اور اس زائد فیصد مارکس سے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK