بی جےپی صدر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ کا ایجنڈہ ظاہر نہیں کیاگیا مگراپوزیشن سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کئے جانے کی قیاس آرائیاں
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 3:32 PM IST | Agency | New Delhi
بی جےپی صدر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ کا ایجنڈہ ظاہر نہیں کیاگیا مگراپوزیشن سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کئے جانے کی قیاس آرائیاں
نئی دہلی (ایجنسی): میڈیا کی پوری حمایت اور حکومت کی غیر معمولی طاقت کے باوجود ایوان میں امبیڈکر کی توہین کے معاملے میں اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے میں ناکام رہنےوالی بی جے پی نے بدھ کو اچانک دہلی میں پارٹی صدر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر اپنے این ڈی اے کے اتحادیوں کی میٹنگ اور اہم امور پر گفت وشنید کی۔ میٹنگ کا ایجنڈہ واضح نہیں کیاگیا۔حکومت حامی میڈیا نے حالانکہ دعویٰ کیا ہے کہ میٹنگ سابق وزیراعظم واجپئی کے ۱۰۰؍ ویں یوم پیدائش کے حوالے سے منعقد کی گئی اوراس میں کانگریس کے ذریعہ اٹھائے گئے آئینی معاملات پر گفتگو ہوئی مگر سمجھا جارہاہے کہ میٹنگ میں ایوان میں امبیڈکر کے تعلق سے امیت شاہ کے متنازع بیان کے بعد پیدا ہونےوالے حالات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی ۔
یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ میں کانگریس کارکنان کا امیت شاہ کے خلاف احتجاج
میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، آندھرا کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو، شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو کنجاراپوا ور دیگر پارٹیوں کے مرکزی وزیروں نے شرکت کی۔ان میں جے ڈی یو کے راجیو رنجن سنگھ، اپنا دل (ایس) انوپریا پٹیل اور جنتا دل سیکولر کے ایچ ڈی کمارا سوامی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں این ڈی اے کے درمیان رابطے کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔ میٹنگ میں امبیڈکر سے متعلق بیان اور کانگریس کے احتجاج پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ اس موقف کے حامل تھے کہ کانگریس ا س کے ذریعہ عوام کو دھیان بھٹکانے کی کوشش کررہی ہے اس لئے حکمراں محاذ کے لیڈروں کو اسے پوری طرح نظر انداز کردینا چاہئے۔ واضح رہے کہ کانگریس کے جارحانہ تیوروں کے آگے حکومت محتاط قدم اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔