• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ناندیڑ میں کانگریس کارکنان کا امیت شاہ کے خلاف احتجاج

Updated: December 25, 2024, 5:30 PM IST | Z A Khan | Nanded

وزیر داخلہ سے بابا صاحب امبیڈکر سےمتعلق بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ ، سومناتھ سوریہ ونشی کی موت پر بھی آواز اٹھائی گئی

Congress workers protesting holding a picture of Babasaheb Ambedkar. Photo: INN
بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر ہاتھ میں لے کر کانگریس کارکنان احتجاج کر رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بابا صاحب امبیڈکر کے تعلق سے دیئے گئے قابل اعتراض بیان اور پربھنی میں دلت نوجوان  کی حراستی موت، اور بیڑ میں سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے  قتل کے خلاف ناندیڑ کانگریس نے منگل کو احتجاج کیا۔ کانگریس کارکنان نے ریلوے اسٹیشن سے متصل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے سے لے کر ناندیڑ کلکٹرآفس تک ایک ریلی نکالی اور کلکٹر دفتر پہنچ کر  ضلع کلکٹر کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ میمورنڈم میں آئین اوربابا صاحب کے خلاف ہو رہی سیاست کی شدید مذمت کی گئی۔ پارلیمنٹ میں امیت شاہ کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے تعلق سے توہین آمیز بیان کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ان سے معافی مانگنے اور انہیں فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔کانگریس نے پربھنی میں سومناتھ سوریہ ونشی کی حراستی موت کیلئے ذمہ دارپولیس افسران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: کانگریس کا بیلگاوی میٹنگ میں گاندھی جی کے ستیہ گرہ کو’نئے ستیہ گرہ‘ میں تبدیل کرنے کااعلان

اسی طرح بیڑ میں سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے پس پردہ سیاسی لیڈروں کو بے نقاب کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی بھی مانگ کی گئی۔ اس احتجاج میں ناندیڑ سے کانگریس کے رکن پارلیمان رویندر چوان،کانگریس ضلع صدر بی آر کدم، شہر صدر عبد الستار، سریش گائیکواڑ،سریش ہٹکر، وٹھل پاوڑے کے علاوہ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرین نے آئین کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے دوران حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئےاور عزم کیا گیا کہ آئین کی حفاظت اوردلتوں کے حقوق کا دفاع ہرحال میں کیا جائے گا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ حکومت دلتوں کو نظرانداز کررہی ہےاورجان بوجھ کر سماج کو تقسیم کرنے والے بیانات دیئے جا رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK