پانی کی شدید قلت کے سبب لوک سبھا الیکشن کے بائیکاٹ کا انتباہ دیا۔
EPAPER
Updated: April 14, 2024, 12:07 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
پانی کی شدید قلت کے سبب لوک سبھا الیکشن کے بائیکاٹ کا انتباہ دیا۔
کلیان پارلیمانی حلقہ میں واقع امبرناتھ میں شہری پینے کے پانی کی قلت سے حد درجہ پریشان ہیں۔پانی کی مناسب سپلائی نہ ہونے سے مشتعل لوگوں نے آنے والے لوک سبھا الیکشن کے بائیکاٹ کا انتباہ دیا ہے۔ امبرناتھ مشرق کے کانسائی علاقے میں سکونت پذیر ہزاروں مکین پچھلے کئی برسوں سے پانی کی قلت کا سامنا کررہے ہیں۔ یہاں کی بیشتر ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پانی کی مناسب سپلائی نہیں ہورہی ہے۔شہریوں کا الزام ہے کہ پچھلے کئی مہینوں سے دن بھر میں محض ۱۰ ؍سے ۱۵؍ منٹ تک ہی پانی آتا ہے۔ میونسپل انتظامیہ سے شکایت کرنے کے باوجود حالات جوں کے توں ہیں۔اس لئے کئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں نے صدر دروازے پر `پانی نہیں، تو ووٹ نہیں، کی تختی نصب کردی ہے۔ شہریوں کا کہنا کہ پارلیمانی انتخابات کیلئے ووٹ مانگنے کئی امیدوار آئیں گے مگر ہم ووٹ اسی وقت دیں گے جب پینے کے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: دہشت گردی کا کوئی اصول نہیں ہے، ان کے خلاف کارروائی بھی بغیر اصول ہوگی: جے شنکر
یہاں کی سابق کارپوریٹر ارپنا بھویئر نے بتایا کہ میونسپل انتظامیہ سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی بہتری نہیں آئی ہے بلکہ صرف زبانی طور پر پانی کی بہتر سپلائی کا وعدہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلڈروں نے جھوٹے وعدے کرکے لوگوں کو اپنے فلیٹ فروخت کردیئے ہیں۔ واضح رہے کہ امبرناتھ اور بدلاپور کی کئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مکین ٹینکر سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔