• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیٹھی : ہلچل تیز، پرینکا، نڈا اور یوگی کی ریلیاں

Updated: May 15, 2024, 7:00 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

پرینکا گاندھی نے ایک دن میں ۷؍ ریلیوں سے خطا ب کیا ، کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی اپنی دنیا میں مگن،عوام سے کٹ گئےہیں‘‘، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی عوامی جلسوں سے خطاب کیا ،وزیر اعلیٰ تین دن میں دوسری مرتبہ امیٹھی پہنچے۔

In Amethi, both the parties have put in full force. Photo: INN
امیٹھی میں دونوں پارٹیوں نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ تصویر : آئی این این

امیٹھی میں سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ جہاں ایک طرف کانگریس اس سیٹ کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے وہیں دوسری طرف بی جے پی کی پوری کوشش ہے کہ اسمرتی ایرانی اس سیٹ سے ہارنے نہ پائیں۔ اسی لئے دونوں ہی پارٹیوں کے سینئر لیڈران امیٹھی کا مسلسل دورہ کررہے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے پرینکا گاندھی محاذ سنبھال رکھا ہے ۔ وہ بی جے  پی پر پے در پے حملے کررہی ہیں جبکہ بی جے پی کی جانب سے صدر جے پی نڈااور  وزیراعلیٰ یوگی   یہاں مسلسل خطاب کررہے ہیں۔ 
پرینکا کے ۷؍ ۷؍ جلسے 
 کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے امیٹھی میں سیاسی ہلچل کو انتہائی تیز کردیا ہے کیوں کہ وہ یہاں کے امیدوار کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرنا چاہتیں۔ اسی لئے انہوں نے منگل کو ایک دن میں امیٹھی ضلع کے ۷؍ مقامات پر ۷؍ جلسوں اور عوامی رابطہ میٹنگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے فرصت گنج ،تلوئی ،راجا فتح پور ،چٹ ہولا ،تھوَری، گوری گنج  اور سجان پور میں ریلیاں اورعوامی رابطہ مہم چلائی ۔ انہوں نےتمام جگہوں پر وزیر اعظم مودی کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے کٹ چکے ہیں اور اپنی ہی دنیا میں مگن ہیں۔ آج ملک کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا، لیکن ان کیلئے کوئی راحت نہیں۔وزیر اعظم مودی ۷۰؍ سال  کے کام پر سوال اٹھاتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس نے ۷۰؍ سال  میں جو کچھ بنایا،وزیر اعظم نے اسے اپنے  ارب  پتی دوستوں کے حوالے کردیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: رُسوائیاں مغربی بنگال کے گورنر آنند بوس کے تعاقب میں

بی جے پی کو شدید نشانہ بنایا
امیٹھی میں کانگریس امیدوار کشوری لال شرما کے حق میں مہم چلاتے ہوئے کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ آج ملک کے نوجوان روزگار کی تلاش میں دردر بھٹک رہے ہیں، خواتین اور کسان مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ اتر پردیش میں آوارہ جانوروں کا مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ بی جے پی لیڈروں میں عوامی مسائل پر بات کرنے یااپنی حصولیابی بتانے کی ہمت نہیں کیونکہ ا نہوں نے دس سال میںکوئی کام نہیں کیا ہے۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی رشوت دے کر، ڈرا کر ممبران اسمبلی کو خرید رہی ہے اور حکومتوں کو گرارہی ہے۔ مودی دنیا کی سب سے بڑی بدعنوان اسکیم انتخابی بانڈس لے کر آئے۔ اسمرتی ایرانی کا نام لئے بغیر پرینکا نے کہا کہ یہاں کی ممبر پارلیمنٹ نے بہت سارے جھوٹ پھیلائے جبکہ  پچھلے پانچ سال میںکوئی ایک ترقیاتی کام بھی نہیں کیا ہے۔ انہیں ہٹانا بہت ضروری ہے۔
نڈا اور یوگی کی ریلیاں
 امیٹھی سیٹ بی جے پی کے لئے وقار کا مسئلہ بن گئی ہے۔ اسی لئے یہاں سے بی جے پی صدر نڈا اور وزیر اعلیٰ یوگی دونوں میدان میں اتر گئے ہیں۔ جے پی نڈا نے اسمرتی ایرانی کے ساتھ ریلی سے خطاب کیا جبکہ یوگی آدتیہ ناتھ کا یہ ۳؍ دن میں دوسری مرتبہ امیٹھی کا دورہ تھا ۔ دونوں ہی لیڈروں نے الگ الگ انتخابی مہم چلاتے ہوئے ریلیوں سے خطاب کیا۔ جے پی نڈا نے امیٹھی میں عوامی رابطہ مہم بھی چلائی لیکن ریلی سے خطاب میں وہ زیادہ پرجوش نظر آئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو ووٹ دے کر اپنا ووٹ برباد نہ کریں کیوں کہ ۴؍ جون کے بعد کانگریس پوری طرح سے ختم ہو جائے گی۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ یوگی نے امیٹھی کے مبارکپور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر شدید تنقیدیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے کانگریس کو ختم کردیا گیا ہے اس لئے اب اسےواپس آنے کا موقع نہیں دیا جائیگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK