• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شوبھا بچھائو کو ہرانے کیلئے امیت شاہ اور فرنویس نے افسران کو فون کیا تھا ؟

Updated: June 09, 2024, 10:46 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

دھولیہ مالیگائوں سے کانگریس کی نومنتخب رکن پارلیمان کا انکشاف،خاتون لیڈر نے اپنی جیت کو عوام اور کارکنان کے اتحاد کا نتیجہ قرار دیا۔

Newly elected Congress Member of Parliament Shobhatai Bachhav and others. Image: Revolution
کانگریس کی نومنتخب رکن پارلیمان شوبھا بچھائو اور دیگر۔ تصویر: انقلاب

 لوک سبھا ا نتخابات کے دوران مہاراشٹر میں دھولیہ مالیگائوں کی سیٹ اہمیت کی حامل تھی۔ مسلم ووٹروں کی خاصی تعداد ہونے کے باوجود گزشتہ ۳؍ میعادوں سے یہ سیٹ بی جے پی کے قبضے میں تھی۔ اس بار کرشماتی طور پر یہ سیٹ کانگریس کی شوبھا بچھائو نے بی جے پی کے ہاتھوں سے چھین لی۔ لیکن یہ جیت اتنی آسانی سے ہاتھ نہیں آئی۔ کہا جاتا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران امیت شاہ اور دیویندر فرنویس نے فون کرکے افسران پر دبائو بنانے کی کوشش کی تھی۔ اس کا انکشاف خود شوبھا بچھائو نے گزشتہ دنوں ایک تقریب کے دوران کیا۔ 
  یا در ہے کہ شوبھا بچھائو کی جیت کا سرکاری اعلان ۴؍جون کی رات ۱۱؍بجے کیاگیا۔ جیتنے کے بعد رائے دہندگان کا شکریہ اداکرنےکیلئے شوبھا بچھائو نے مالیگائوں کے ڈائمنڈلانس میں ایک استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس کا انعقاد پارلیمانی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے حاجی یوسف سیٹھ اور اخلاق بالے مقادم نے کیا تھا۔ یہاں ۵۰؍سے زائد ملّی تنظیموں نےنومنتخب رکن پارلیمان والہانہ استقبال کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: کنگنا کو اب اپنی زبان پر قابو رکھنا ہوگا، دہشت گردی والے بیان پر پنجابی لیڈران ناراض

دورانِ خطاب ڈاکٹر شوبھا نے کہا کہ رائے شماری کیلئے ۱۹؍ادوار مختص کئے گئے تھے۔ ۱۴؍ویں دور کی گنتی میں مجھے ۱۸؍ہزارووٹوں سے واضح سبقت تھی۔ اسکے بعدگنتی میں اچانک سبھاش بھامرے(بی جے پی)کو سبقت ملنے لگی اور بی جے پی کارکنان نے جے شری رام کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ ڈھول تاشے بجنے لگے۔ گلال اڑا یا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’اس دوران دھولیہ (دیہی) سے کانگریس رکن اسمبلی کنال پاٹل کے ساتھ ہم سب کائونٹنگ پہنچے۔ ۱۴؍ویں دورکی رائے شماری کے بعدازسرنورائے شماری کیلئے دھولیہ ضلع کلکٹراور الیکشن کمیشن آف انڈیاکےنامزد کردہ الیکٹورل آفیسرابھینوگوئل سے درخواست کی۔ گوئل نے رِی کائونٹنگ کی درخواست قبول کی۔ جیسے ہی رِی کائونٹنگ شروع ہوئی میری کامیابی کے آثار واضح ہوگئے۔ اخیر میں مجھے ۳؍ہزار۸۳۱؍ووٹوں سے فاتح قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر شوبھا نے کہا کہ یہ سب اِس لئے ہوا کہ ہم سب متحد تھے۔ جس طرح مجھے مالیگائوں کے اقلیتی فرقے ووٹروں نے کم وبیش ۲؍لاکھ ووٹوں نے بی جے پی کی ناکامی کو یقینی بنادیا۔ شوبھا بچھائو نے انکشاف کیا کہ ’’ڈاکٹر بھامرے اور ان کے حامیوں نےافسران پردبائوبنانے کیلئے امیت شاہ اور دیویندرفرنویس سے فون کروائے۔ پھر کہاگیا کہ گریش مہاجن آنے والے ہیں۔ شام ۴؍بجے سے رات دیر تک خوف ودہشت، اور شورشرابے کاماحول بنائے رکھا گیا لیکن ناکامی اُن کا مقدر بنی۔ صرف یہیں نہیں پورے ناسک ڈیویژن میں بی جےپی چاروں شانے چت رہی۔ 
 اس موقع پراستقبالیہ جلسے کے کنوینرعبدالحلیم صدیقی نے کہا کہ دھولیہ مالیگائوں کے ووٹروں نے فرقہ پرستی، نفرت اور جارحیت کوشکست دی ہے۔ 
رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ شوبھا تائی کی جیت کا سہرا عوام اور رائے دہندگان کے سر جاتاہے۔ جلسے سے پرساد ہیرے، راجندر بھونسلے، سریش کوتوال، پون ٹھاکرے، عبدالرحمٰن شاہ، صوفی نورالعین صابری، حافظ عنایت اللہ، فیروزاحمد اعظمی، جمیل کرانتی، عمران انجینئروغیرہ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کانگریس امیدوارکی تائید میں شامل انڈیا الائنس کی پارٹیوں کے نمائندگان کی جانب سے ڈاکٹر شوبھاکااستقبال کیاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK