• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’شردپواربدعنوانوں کے سرغنہ ہیں،راہل گاندھی ہارکر بھی گھمنڈی ہوگئے ہیں‘‘

Updated: July 22, 2024, 11:09 AM IST | Agency | Pune

پونے میں منعقدہ بی جے پی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے اپوزیشن کے لیڈران پر شدیدلفظی حملہ کیا، دعویٰ کیا کہ آئندہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو بڑی جیت حاصل ہوگی۔

Amit Shah speaking in Pune. Photo: INN
امیت شاہ پونے میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے اتوار کو پونے میں  منعقدہ بی جے پی کے ریاستی کنونشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈران اور ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے دعویٰ کیا مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں بی جے پی بڑی جیت حاصل کرے گی۔ اسکے ساتھ ہی انہوں  نے این سی پی سپریمو شردپوار، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور شیوسینا (یوبی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے پر شدیدلفظی حملہ کیا۔ 
 پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق امیت شاہ نے کہا کہ’’ ۶۰؍ سال کے بعد پہلی بار ملک میں  کسی لیڈر کومسلسل تیسری بار وزیر اعظم بننے کا موقع ملاتووہ نریندر مودی ہیں۔ ہم  ۲۰۲۴ء  میں مہاراشٹر میں  بڑی جیت حاصل کریں  گے۔ ‘‘ امیت شاہ نے کہا کہ ’’سیاست میں لوگ جیتنے کے بعد گھمنڈی ہوجاتے ہیں لیکن راہل گاندھی دنیا کوایک انوکھی مثال دے رہے ہیں۔ وہ ہارنے کے بعدگھمنڈی ہوگئے ہیں۔ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی کو ۲۴۰؍ سیٹیں اوراین ڈی اے کو ۳۰۰؍ سیٹیں ملی ہیں اور اپوزیشن اتحاد’انڈیا‘کو یک جٹ ہوکر بھی ۲۴۰؍  سیٹیں نہیں  ملی ہیں۔ اس الیکشن میں  ملک کے عوام نے نریندر مودی کے ۱۰؍ سال کے اقتدار پر مہر لگائی ہے۔ ‘‘ امیت شاہ نے آگے کہا کہ ’’ہمارےورکروں نے زور و شور سے کام کیا لیکن ایک کسک رہ گئی ہے، اس وجہ سےسرپکڑ نہیں  بیٹھتے، مہاراشٹر ودھان سبھا چناؤ میں ہم بڑی جیت حاصل کرکے اس کسک کو دور کریں   گے۔ یادرکھیں کہ لوک سبھا الیکشن میں تیسری بار ہمارا اتحاد مکمل اکثریت لے کر آیا ہے۔ ورکروں کو دل برداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں  ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں بی جے پی بڑی جیت حاصل کرےگی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ڈونالڈ ٹرمپ پر حملے کے ایک ہفتے بعد بھی ایف بی آئی کو کوئی اہم سراغ نہیں ملا

امیت شاہ نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ’’ کانگریس پارٹی کے لیڈر ملک میں  بھرم پھیلا رہے ہیں کہ وہ دلتوں، غریبوں کا بھلا کریں گے۔ میں پوچھتا ہوں  کہ ۵۸؍ سال تک آپ نے غریبوں  کیلئے کیا کیا؟ اپوزیشن لیڈران نے یہ بھرم بھی پھیلا یا کہ بی جےپی ریزرویشن ختم کردے گی۔ ہم نے اس پر جواب دینے میں  تردد سے کام لیا تو لوگوں کے من میں غلط فہمی پیدا ہوئی۔ میں  کہنا چاہتا ہوں  کہ وزیراعظم مودی نے ریزرویشن کو طاقت دینے کا کام کیا ہے۔ اپوزیشن نے آئین کے بارے میں  بھی غلط فہمی پیدا کی۔ ‘‘ امیت شاہ نے این سی پی سربراہ شردپوار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’اب مہاراشٹر میں چناؤ ہے اور شرد پوار نئی نئی قسم کی غلط فہمیاں  پھیلا رہے ہیں۔ میں  صاف طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ جب جب بی جے پی مہاراشٹر میں آتی ہے، تو مراٹھا سماج کو ریزرویشن دیا جاتا ہے اور جب شردپوار کی سرکار آتی ہے تو مراٹھا ریزرویشن غائب ہوجاتاہے۔ ۲۰۱۴ء  میں مہاراشٹر میں مراٹھا ریزرویشن آیا اور معاملہ سپریم کورٹ تک گیا۔ تب ریاست میں بی جے پی سرکار تھی اور دیویندر فرنویس وزیر اعلیٰ تھے۔ اسکے بعد شردپوار کی سرکار آئی اور مراٹھا ریزرویشن غائب ہوگیا۔ ہم پھر سے آئے اور ریزرویشن دینے کا کام کیا۔ ‘‘ انہوں  نے یہ بھی کہا کہ’’ بدعنوانی کا سب سے بڑا سرغنہ اگر کوئی ہےتو وہ شردپوار ہیں۔ میں  شردپوار سے کہنا چاہتا ہوں  کہ دس سال تک مہاراشٹر اور مرکز میں  آپ کی سرکار تھی آپ نے کیا کیا؟‘‘‘‘
بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے شیوسینا (یوبی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرےپربھی شدید لفظی حملہ کیا، انہوں  نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی نے خود کو منہ بھرائی کی سیاست سے دور رکھا، ملک کی سیکوریٹی کو اورنگ زیب فین کلب نہیں  بلکہ بی جے پی یقینی بنائے گی۔ ادھو ٹھاکرے اورنگ زیب فین کلب کے لیڈر ہیں۔ خود کو بالا صاحب کا وارث بتانے والے ادھو، قصاب کو بریانی کھلانے والے لوگوں  کے ساتھ بیٹھے، وہ یعقوب(میمن) کی رہائی کی فریاد کرنے والوں   اور ذاکر نائیک کو امن کا سفیر بتانے والوں کے ساتھ بیٹھے۔ میں  کہتا ہوں  کہ آپ سنبھا جی نگر کی مخالفت کرنے والوں  کی گود میں بیٹھے ہو۔ یہ اورنگ زیب فین کلب مہاراشٹر کی سلامتی کو یقینی بناسکتا ہے کیا؟ یہ بی جے پی ہے جو مہاراشٹر اور ملک کی سیکوریٹی کو یقینی بنائے گی۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK