مقتول کے اہل خانہ ملزم کو خود سز ا دینے پر بضد تھے، ۴؍ پولیس اہلکار زخمی، پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے۔
EPAPER
Updated: April 27, 2024, 9:02 AM IST | Agency | Dhule
مقتول کے اہل خانہ ملزم کو خود سز ا دینے پر بضد تھے، ۴؍ پولیس اہلکار زخمی، پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے۔
دھولیہ ضلع کے شیرپور شہر کے کروند قصبے میں مشتعل ہجوم نے پولیس اسٹیشن پر پتھرائو کر دیا ہے۔ یہ ہجوم قتل کے ایک ملزم کو ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کررہا تھا۔ دراصل دھولیہ میں معمولی سی بات پر ایک نوجوان نے ایک شخص کا قتل کر دیا تھا۔ مقامی باشندے اسی بات سے ناراض تھے اور ملزم کی گرفتاری کے بعد وہ پولیس اسٹیشن پہنچے تھے۔
اطلاع کے مطابق بدھ کو شیر پور کے کروند قصبے میں واقع آنند واڑی میں ایک گھر میں منگنی کا ایک پروگرام تھا۔ وجے سدام کولی نامی نوجوان وہاں کھڑا تھا۔ اس کے آگے جامانا موبھیل کا بیٹا بھی کھڑا تھا۔ وجے نے اس لڑکے کو سامنے سے ہٹنے کیلئے کہا۔ وہ نہیں ہٹا تو اسے لات ماردی۔ قریب ہی کھڑے لڑکے باپ جامانا موبھیل نے وجے لات مارنے کی وجہ پوچھی جس پر دونوں کے درمیان تو تو میں میں شروع ہو گئی۔ وجے نے غصے میں آکر اپنے پاس رکھی گپتی سے جامانا موبھیل پر حملہ کر دیا جس میں موبھیل کی موت ہو گئی۔ موبھیل کے بھانجے یوگیش نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے وجے کولی اور اس کے ۲؍ ساتھیوں کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی کی بیان بازیوں پر کانگریس کاپلٹ وار
ان لوگوں کی گرفتاری کی خبر ملی تو جمعرات کو مقتول جامانا موبھیل کے اہل خانہ ایک مورچہ لے کر پولیس اسٹیشن پہنچے اور ملزمین کو ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ شروع کر دیا۔ پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی کروا ئی اور انہیں واپس جانے کیلئے کہا لیکن ہجوم نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ بھیڑ میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل تھیں۔ وہ گیٹ کے اوپر چڑھ کر پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگیں۔ پولیس نے طاقت کا استعمال کیا تو ہجوم نے پتھرائو شروع کر دیا۔ اس میں ۴؍ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے پہلے لاٹھی چارج کیا اس کے بعد آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہوم ڈی وائے ایس پی کے کے پاٹل، پی آئی سندیپ دروڑے، روشن نکم، گنیش کوٹے اور ان کی ٹیم موقع پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کیا۔