شارٹ سرکٹ سے آگ لگنےکا شبہ،اسی بلڈنگ میں گلو کار اُدت نارائن کا گھر ہے
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 5:55 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
شارٹ سرکٹ سے آگ لگنےکا شبہ،اسی بلڈنگ میں گلو کار اُدت نارائن کا گھر ہے
پیر کی رات کو اندھیری (مغرب) میں واقع کثیر منزلہ اسکائی پین عمارت میں آگ لگنے سے ایک معمر شخص کی موت ہوگئی اور ایک دیگر شخص زخمی ہوگیا۔ اس عمارت میں معروف گلوکار اُدت نارائن کا بھی فلیٹ ہے۔ اس آگ پر رات کو ہی قابو پالیا گیا تھا۔
فائر بریگیڈ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اندھیری اوبیرائے کمپلیکس میں واقع ۱۳؍ منزلہ ’اسکائی پین بلڈنگ‘ کے ۱۱؍ویں منزلے پر شب تقریباً ۱۰؍ بجے آگ لگ گئی تھی۔ بہت کم وقفہ میں یہ آگ اتنی پھیل گئی تھی کہ اسے ’لیول۔ ۲‘ (بڑی آگ) قرار دے دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ریاستی حکومت جھوپڑپٹیوں میں غذائی قلت سے نمٹنے کیلئے مہم شروع کرے گی
آگ پر قابو پانے کیلئے پہنچنے والے فائربریگیڈ کے عملہ کو راحت کاری کے دوران ایک شخص بے ہوش حالت میں ملا جبکہ دیگر ایک شخص کو بھی دھوئیں کی وجہ سے سانس لینے میں شدید دقت پیش آنے کی شکایت ہوگئی تھی۔ ان دونوں کو قریب ہی واقع کوکیلا بین اسپتال پہنچایا گیا جہاں چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) نے ایک شخص کو مردہ قرار دے دیا اور دوسرےکو علاج کیلئے اسپتال داخل کرلیا گیا تھا۔ جس شخص کا انتقال ہوا ہے اس کی شناخت راہل مشرا (۷۵) کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اسپتال میں زیر علاج شخص کا نام رونک مشرا (۳۸) بتایا گیا ہے۔ اگرچہ گلو کار اُدت نارائن محفوظ ہیں اور اس حادثہ میں انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن انہوں نے اس آتشزدگی پر حیرانی اور فکر کا اظہار کیا ہے۔
آگ پر شب تقریباً ۲؍ بجے قابو پایا جاسکا البتہ اس وقت تک عمارت کے سازو سامان اور الیکٹرک وائرنگ وغیرہ کو کافی نقصان پہنچ چکا تھا۔ آگ کے تعلق سے پولیس اور فائربریگیڈ عملہ کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔