سابق ٹرانسپورٹ آفیسر کی صدارت میں کمیٹی کی تشکیل، ۱۲؍کے بجائے ۱۰؍مہینے کی فیس وصول کرنےکی تجویز۔
EPAPER
Updated: February 26, 2025, 12:44 PM IST | Staff Reporter | Mumabi
سابق ٹرانسپورٹ آفیسر کی صدارت میں کمیٹی کی تشکیل، ۱۲؍کے بجائے ۱۰؍مہینے کی فیس وصول کرنےکی تجویز۔
نجی اسکول بس کے تعلق سے موصول ہونےوالی متعددشکایتیں دورکرنےکیلئے ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نےنئے تعلیمی سال سے اسکول بسوں کیلئے نئے ضابطے مرتب کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئے ریٹائرڈ ٹرانسپورٹ آفیسر جتیندر پاٹل کی صدارت میںایک رکنی کمیٹی مقرر کی گئی ہےجو اگلے ایک مہینے میںاپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ واضح رہےکہ ریاست بھر میں طلبہ کواسکول پہنچانےوالی ہزاروں بسیں نجی اداروں کےذریعے چلائی جاتی ہیں۔ ان کے تعلق سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو متعدد شکایتیں موصول ہورہی ہیںکہ کئی اداروں کےاسکول بسوں کے ذریعے والدین کا مالی استحصال کیاجارہاہے۔اسی مناسبت سےان اسکول بسوں کیلئے آنے والے تعلیمی سال سے نئے ضابطے مرتب کئےجائیں گے۔ مدن کمیٹی نے ۲۰۱۱ء میں طلبہ کو لے جانے والے رکشا ڈرائیوروں کی من مانی کو روکنے کیلئے جو اقدامات تجویز کئے تھے ان پر بھی غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: منترالیہ میں کسان کی خودکشی کی کوشش، ساتویں منزلہ سے حفاظتی جال پرگرا
اسکول بسوں کے تعلق سے جوعمومی شکایتیں موصول ہورہی ہیں،ان میں اسکول بسیں سال میں ۱۰؍مہینے خدمات فراہم کرتی ہیں لیکن فیس پورے سال، یعنی ۱۲؍مہینے کی وصول کی جاتی ہے ، وہ بھی یکمشت جس کی وجہ سے والدین پر مالی بوجھ پڑ رہا ہے، اس وجہ سے ۱۲؍کےبجائے ۱۰؍مہینے کی فیس وہ بھی ہرمہینے وصول کئے جانےکی تجویز پیش کی گئی ہےساتھ ہی ہر بس میں الارم، آگ بجھانے والے آلات اورسی سی ٹی وی کیمرے وغیرہ جیسے آلات لگانےکی ہدایت دی جائے گی۔چونکہ اسکول فیس اور اسکول بس فیس ایک ہی وقت میں والدین سے وصول کی جاتی ہے، جس سے والدین پر بہت زیادہ مالی بوجھ پڑتا ہے۔ والدین کے مطابق اسکول بس والوں کو چاہئے کہ وہ طلبہ کی ٹرانسپورٹیشن فیس صرف ۱۰؍مہینے کی اور ایک ساتھ کے بجائے ماہانہ بنیادپر وصول کریں۔
ہر بس میں الارم، آگ بجھانے والے آلات اور سی سی ٹی وی کیمرے وغیرہ جیسے آلات لگانےکولازمی قرار دیاجائے اور اسکول بس والے جو والدین سے طلبہ کی نقل و حمل کیلئے چارج کرتے ہیں، ان کے پاس بسوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کا مربوط کنٹرول ہونا چاہئے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے ہدایت دی کہ کمیٹی ان تمام تجاویز پر غور کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرےگی۔