پانچ سال قبل دائر کئے گئے مقدمے میں مشہور موبائل فون کمپنی ایپل پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک گفتگو ریکارڈ کرنے کیلئے وائس اسسٹنٹ ’’ سیری‘‘ کو خفیہ طور پر فعال کیا تھا۔
EPAPER
Updated: January 03, 2025, 9:55 PM IST | Inquilab News Network | Washington
پانچ سال قبل دائر کئے گئے مقدمے میں مشہور موبائل فون کمپنی ایپل پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک گفتگو ریکارڈ کرنے کیلئے وائس اسسٹنٹ ’’ سیری‘‘ کو خفیہ طور پر فعال کیا تھا۔
دینا کی مشہور موبائل فون کمپنی ایپل پر الزام ہے کہ اس نے پرائیویسی پر مرکوز اپنے آئی فون اور دیگر مشہور ڈیوائس استعمال کرنے والے کی گفتگو ریکارڈ کرنے کیلئے ورچوول اسسٹنٹ ’’سیری‘‘ کا استعمال کیا۔ ایپل نے دیوانی مقدمے کے تصفیہ کیلئے ۹۵؍ ملین ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ سی بی ایس نیوز نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ مجوزہ تصفیہ، جو اوکلینڈ، کیلیفورنیا کی ایک وفاقی عدالت میں منگل کو دائر کیا گیا ، پانچ سال پرانے مقدمے کو حل کرے گا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایپل نے خفیہ طور پر سری کو ایک دہائی سے زیادہ عرصے قبل گفتگو ریکارڈ کرنے کیلئے فعال کیا تھا۔اس تصفیہ میں ایپل نے کسی بھی غلط ارادے سے انکارکیا ہے، حالانکہ اس تصفیہ کو ابھی امریکی ڈسٹرکٹ جج جیفری وائٹ سے منظوری درکار ہے۔
مقدمے میں شامل وکلاء نے شرائط کا جائزہ لینے کیلئے۱۴؍ فروری کو اوکلینڈ میں عدالتی سماعت منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔اگر یہ منظور ہو جاتا ہے تو اس کے تحت ۱۷؍ ستمبر ۲۰۱۴ء سے لیکر گزشتہ سال کے آخر تک آئی فون اور ایپل کے دیگر آلات کے مالک لاکھوں صارفین کو دعوے دائر کرنے کی اجازت حاصل ہو جائے گی۔جس سے تصفیہ کی رو سے ہر صارف جس کے آئی فون میں ’’ سیری‘‘ فعال تھا وہ فی ڈیوائس ۲۰؍ ڈالر تک حاصل کر سکتا ہے۔حالانکہ یہ رقم دعوؤں کی تعداد کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔عدالتی دستاویز کے تخمینے کے مطابق ۳؍ سے ۵؍ فیصد ہی اہل صارفوں کے دعوے دائر کرنے کا امکان ہے۔اسی کے ساتھ فی صارف زیادہ سے زیادہ ۵؍ ڈیوائس کیلئے ہی معاوضہ طلب کیا جا سکتا ہے۔