• Wed, 13 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

معمرشہریوں، معذوروں اور بیواؤں کو پنشن نہیں مل پانا انتہائی افسوسناک ہے : گہلوت

Updated: May 27, 2024, 10:15 AM IST | Agency | Jaipur

راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم اور بی جےپی پرتنقید،حقیقی مسائل پرالیکشن نہ لڑنے کا الزام ،بی جےپی میں شامل ہونے وا لےکانگریس لیڈروں کو ناکارہ بتایا۔

Congress leader Ashok Gehlot. Photo: INN
کانگریس لیڈر اشوک گہلوت۔ تصویر : آئی این این

راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ۸۷؍لاکھ معمر، معذور اور بیواؤں کو پنشن نہیں مل رہی ہے۔ گہلوت نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ پنشن نہ صرف ان کی روزی روٹی میں مدد کرتی ہے بلکہ انہیں عزت نفس کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع بھی دیتی ہے۔ 
 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے عوام کو یہ گارنٹی دی تھی کہ پچھلی حکومت کی کوئی بھی اسکیم بند نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اسے کمزور کیا جائے گا لیکن ہر روز اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں اس گارنٹی کو بے نقاب کر رہی ہیں۔ 
 گہلوت نے راجستھان کےو زیراعلیٰ بھجن لال شرما سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سماجی تحفظ کی اسکیموں کو مضبوط کریں تاکہ راجستھان کے عام لوگوں کی عزت میں اضافہ ہو۔ 
  اس سے قبل سنیچر کو اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر لوک سبھا کا الیکشن حقیقی مسائل پر نہیں لڑنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ وزیر اعظم نے اصل مسائل پر لوک سبھا الیکشن نہیں لڑا۔ پورے الیکشن میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم مساوات کی بنیاد پر انتخابی مہم نہیں چلائی۔ گہلوت نے یہ بات سنیچر کو سوشل میڈیا کے ذریعے کہی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’اس الیکشن میں مودی کو اپنی دس سال کی نام نہاد کامیابیوں جیسے نوٹوں کی منسوخی، جی ایس ٹی، اگنی ویر، زرعی قانون، پی ایس یو کی نجکاری، حکومتی آمریت کی مخالفت کرنے والے صحافیوں اور طلباء لیڈروں پر این ایس اے، پیٹرول-ڈیزل کی قیمتوں کا ۱۰۰؍روپے سے متجاوز ہونا، گیس سلنڈر۱۱۰۰؍ روپے سے پار کرجانا، بینک لون کی ای ایم آئی وغیرہ بڑھانے کے نام پر انتخابی مہم چلانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آخر عوام کو انہیں اپنی ان کامیابیوں کو گنانا چاہئے جس سے عوام ان کو ذہن میں رکھتے ہوئے ووٹ دیں۔ مودی جی ایس ٹی اورا گنی ویرپر ووٹ کیوں نہیں مانگتے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ریزرویشن چھیننے والوں کے سامنے مودی کھڑا ہے‘‘

واضح رہےکہ کانگریس مسلسل الزام لگا رہی ہےکہ مودی اس الیکشن میں صرف ہندومسلم کررہے ہیں اورتعلیم، صحت، روزگار اوردیگرعوامی مسائل پربات نہیں کررہی ہے۔ 
 اشوک گہلوت نے اس کے علاوہ بی جے پی میں کانگریس لیڈروں کی شمولیت پرکہا کہ بی جےپی کی حالت پہلے ہی خراب تھی اوراب اس نے ایسے کانگریس لیڈروں کوشامل کرکے اپنی حالت اور خراب کرلی ہے جوعوامی اعتمادکھوچکے ہیں۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ ایسے ناکارہ کانگریس لیڈران بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں جن کا عوام میں کوئی وجود نہیں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK