• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ریزرویشن چھیننے والوں کے سامنے مودی کھڑا ہے‘‘

Updated: May 27, 2024, 10:03 AM IST | Agency | Mirzapur

وزیرا عظم مودی کی مرزا پورمیں ریلی ، انڈیا اتحاد پر تنقید، ایک بار پھرسماجوادی اور کانگریس پریہ الزام لگایا کہ یہ لوگ پسماندہ طبقات کا ریزرویشن ختم کرکے مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں،اعلان کیا کہ یہ مودی کی گارنٹی ہےکہ ہم مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ہونے دیں گے۔

Prime Minister Modi during an election rally in Mirzapur. Photo: PTI
وزیرا عظم مودی مرزا پور میں انتخابی جلسے کے دوران۔ تصویر : پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو انڈیا اتحاد پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ریزرویشن ختم کر کے مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں لیکن ایس سی۔ ایس ٹی اور پچھڑوں کا ریزرویشن چھیننے والوں کے سامنے مودی کھڑا ہے۔ یہ مودی کی گارنٹی ہے کہ ہم مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ہونے دیں گے۔ 
 یہاں این ڈی اے کی اپنا دل امیدوار انوپریا پٹیل اور سون بھدر سے اسی پارٹی کی رنکی کول کی حمایت میں منعقد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ریزرویشن کے مسئلے پر انڈیا اتحاد کے اہم جماعتوں سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور کانگریس پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد دلتوں اور پچھڑوں کا ریزرویشن ختم کر کے مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں ۔ یہ مودی کی گارنٹی ہے کہ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ہونے دیں گے۔ ان لوگوں کے نشانے پر آئین بھی ہے لیکن ان کے سامنے مودی کھڑا ہے۔ 
 ایس پی نے ۲۰۱۲ء اور۲۰۱۴ء میں اپنے منشور میں باقاعدہ وعدہ کیا تھا کہ دلتوں اور پچھڑوں کو ملنے والے ریزرویشن کی طرح مسلمانوں کو دیا جائے گا۔ پولیس اور پی اے سی میں ۱۵؍ فیصدریزرویشن دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: ملاڈ: قتل کے بعد معمر خاتون کے ممبئی کی امیرترین بھکاری ہونے کا پتہ چلا

وزیر اعظم نے کہا کہ انڈیا اتحاد ۵؍سال میں ۵؍ وزرائے اعظم کی شرط پر الیکشن لڑرہی ہے۔ یہ ملک کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرسی بچانے میں ہی رہیں گے جبکہ ملک کو مضبوط وزیر اعظم چاہئے۔ آپ لوگ مکان بنانے کے لئے بھی بار بار مستری نہیں بدلتے یہ تو مضبوط ملک کی بات ہے۔ ملک نے اس بار پھر مودی سرکار بنانے کا من بنا لیا ہے اور عوامی حمایت مل رہی ہے۔ سماج وادی پارٹی کو ووٹ دے کر ووٹ برباد نہ کریں۔ جیسے ڈوب رہی کمپنی میں کوئی شیئر نہیں لیتا ہے ویسے ڈوب رہے اپوزیشن کو ووٹ دے کر برباد نہ کریں ۔ مودی نے کہا کہ کانگریس اور ایس پی فرقہ پرست، ذات پرست اور پریوار وادی ہیں ۔ اسی بنیاد پر فیصلہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں ایس پی کی میعاد کار میں مافیا سے عوام کانپتے تھے۔ اب مافیا کانپ رہے ہیں۔ مافیا کو قانون کا کوئی خوف نہیں رہتا تھا انہیں حکومت کا تحفظ حاصل رہتا تھا۔ زمین پیسہ کب چھن جائے گا پتہ نہیں رہتا تھا۔ اب مافیا گیری ختم ہوگئی ہے۔ ان کے یہاں پہنچنے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کا استقبال کیا۔ اس دوران نائب وزیر اعلی کیشو پرسا دموریہ اور وزیر دیا شنکر مشر دیالو کے ساتھ مرزاپور سون بھدر کے عوامی نمائندے موجود رہے۔ 
 وزیر اعظم نریندر مودی نے اسکے علاوہ اترپردیش کے ضلع دیوریا میں ریلی کی جس میں کہا کہ کچھ طاقتیں ہیں جن کو ہندوستان کی ترقی سے درد ہورہا ہے لیکن ۴؍ جون کو این ڈی اے کی بڑی جیت ہونے جارہی ہے۔ رودر پور میں بانس گاؤں اور دیوریا سے پارٹی امیدوار کملیش پاسوان اور ششانک منی ترپاٹھی کی حمایت میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مودی ملک کی ترقی کیلئے کمر بستہ ہے لیکن ترقی سے کچھ طاقتوں کو درد ہورہا ہے۔ انہوں نے شر انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور کانگریس کیلئے دعائیں مانگی جارہی ہیں اور سرحد سے’جہادی‘ انہیں حمایت `دے رہے ہیں۔ 
 انہوں نے کہا کہ ہم لوگ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن کی مخالفت کررہے ہیں تو انڈیا اتحاد ہمیں گالی دے رہا ہے۔ چھٹے مرحلے کی ووٹنگ بھی ختم ہوگئی ہے۔ چھٹے مرحلے میں انڈیا اتحاد کے چھکے چھوٹ گئے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ ۴؍ جون ہندوستان کا مستقبل طے کرنے جارہا ہے۔ امرت بھارت کا عزم، ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر، ۴؍ جون کو ملک ایک نئی اڑان کے لئے پنکھ پھیلائے گا۔ اس کیلئے ہندوستان کے عوام ۴؍ جون کا انتظارکررہے ہیں ۔ ۴؍جون کا انتظار کررہے لوگوں کو تین کروڑ غریبوں کو پکا مکان ملے گا۔ ۷۰؍ سال سے اوپر کے شہریوں کوپانچ لاکھ سے زیادہ کا مفت علاج ملے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK